• 19 اپریل, 2024

لگزمبرگ میں فلائر تقسیم کی مہم

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لگزمبرگ کو گزشتہ 5 ماہ سے ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت و خواہش کی روشنی میں لگزمبرگ کے طول و عرض میں پنفلٹ کے ذریعہ سے حضرت مسیح موعود ؑ کا پرامن پیار بھرا پیغام پھیلانے کی توفیق مل رہی ہے۔ 2019ء میں پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لگزمبرگ میں جماعتی کاموں کی ذمہ داری جماعت جرمنی کے سپرد کی تھی۔ جس کے بعد شعبہ تبلیغ جرمنی کے ساتھ مل کر خاکسار لگزمبرگ میں تبلیغی و تربیتی پروگرام منعقد کر رہا ہے۔ اپریل 2021ء میں مکرم حافظ فرید احمدخالد نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ نے شعبہ تبلیغ جرمنی کی طرف سے ڈھائی لاکھ فلائر بطور تحفہ جماعت لگزمبرگ کو عنایت فرمائے اور ساتھ ہی جرمنی سے انکی تقسیم میں مدد کے لئے ٹیمیں بھیجنے کا بھی وعدہ فرمایا۔

چنانچہ 5 ستمبر 2021ء کو ہمیں جماعت ’’نَوئے وِیڈ‘‘ سے پہلے تبلیغی وفد کو خوش آمدید کہنے کا موقع ملا۔ یہ وفد 4 احباب پر مشتمل تھا ۔ اس وفد کے ساتھ لگزمبرگ کی نہایت مختصر جماعت سے بھی ہم 4 افراد انکے ہمراہ ہو لئے ۔ اس طرح یہ 8 افراد کا وفد 2300 فلائر تقسیم کر کےلگزمبرگ میں فلائر تقسیم کا پہلا منظم وفد بننے کی سعادت پا گیا۔ جس میں درج ذیل احباب شامل تھے۔

خاکسار محمد ظفراللہ سلام مبلغ سلسلہ، مکرم عثمان احمد باجوہ ٹیم لیڈر، عزیزم فصیح احمد سلام، مکرم منصور احمد چٹھہ، مکرم ناصر احمد، مکرم عمران احمد، مکرم مظفر احمد اور مکرم مشہود بٹ صاحب۔

11 بج کر 30 منٹ کے قریب ان 8 افراد کی ٹیم نے دعا کے بعد چار چار افراد کی دو ٹیموں میں منقسم ہو کر دو گاڑیوں پر سوار لگزمبرگ میں جماعت احمدیہ کے قائم شدہ نماز سینٹر کے شہر ’’اَیش سِیُور آلسَیت‘‘ Esch sur Alzette کے قریب ترین ۴ بڑے شہروں کا رخ کیا ۔ پہلے مرحلہ میں دو شہروں کی گلی گلی اور گھر گھر حضرت مسیح موعودؑ کی پیاری جماعت کا پیغام پہنچانے کے بعد پروگرام کے مطابق دوبارہ نماز سینٹر میں جمع ہو گئے۔ جہاں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں کھانا وغیرہ پیش کیا گیا۔ اسی اثناء میں ہماری ٹانگوں نے کچھ آرام بھی کر لیا تھا اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم دوبارہ تازہ دم ہوچکے تھے۔ چنانچہ پلان میں موجود 2 دیگر شہروں کی طرف اسی طرح چار چار افراد کے وفد کی صورت میں فلائر تقسیم کے لئے نکل کھڑے ہوئے۔ رات آٹھ بجے کے قریب دن بھر پیدل چل چل کر احباب کی بھوک پھر زوروں پر تھی اور ہمیں مہمان نوازی کے فرائض بھی انجام دینا تھے چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا کہ کسی ریسٹورنٹ میں اکٹھے ہو اجائے۔ رات کا کھانا کھانے کے بعد تقریبا ًسوا نو بجے کے قریب جرمنی سے آئے مہمانوں نے ہم سے واپسی کی اجازت طلب کی۔ تمام احباب نے فلائر تقسیم کے ذریعہ سے خدمت دین کو نہایت سراہا اور ہر ماہ دو بار فلائر تقسیم کے لئے لگزمبرگ آنے کی یقین دہانی کرانے کے بعد ہم سے رخصت ہوئے۔

اللہ تعالیٰ ان تمام احباب کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ اور ہمیں پیارے آقا خلیفۃ المسیح کی راہنمائی میں حضرت مسیح موعود ؑ کی اس پیاری جماعت کی ہر لحاظ سے خدمت کا اعزاز حاصل کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ : محمد ظفر اللہ سلام۔ مبلغ سلسلہ)

پچھلا پڑھیں

رپورٹ معائنہ جلسہ سالانہ جرمنی 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ