• 21 مئی, 2024

نیشنل اجتماع مجلس انصاراللہ سینیگال2021

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضرت خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں جماعت احمدیہ کی ذیلی تنظیمیں اپنے آپ کو جماعت کا فعال حصہ بنانے کے لئے مسلسل اپنی تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں منعقد کرتی رہتی ہیں۔ اور اسطرح جماعت کا ہر عضو علمی و عملی لحاظ سے مستعد رہتا ہے۔ اس سلسلہ میں مجلس انصاراللہ سینیگال کو مورخہ30،29 اکتوبر 2021ء کو ریجن تانباکنڈا میں اپنا نیشنل اجتماع منعقدکرنے کی توفیق ملی۔

چنانچہ مقررہ تواریخ سے ایک ماہ قبل ہی ریجنل سطح پر ریجنل زعیم انصاراللہ مکرم سالف والی صاحب اور لوکل معلم مکرم بدرا سار صاحب کی سرکردگی میں ایک کمیٹی قائم کی۔ اور ان کی میٹنگ کر کے کامیاب انتظامات کے لئےمتعلقہ امور تفویض کئے۔اس طرح ایک ماہ میں دو مرتبہ میٹنگ کر کے متعلقہ انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔

مورخہ 28اکتوبر بروز جمعرات کو ہی مجلس انصاراللہ کے ممبران دیگر ریجنز مثلا Dakar (465km) اور Zinginchour (435) , اور Theis (380Km) اور Kolda (233km) سے آنا شروع ہو گئے تھے۔

مورخہ 29 اکتوبر 2021 کو مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر صاحب سینیگال نے خطبہ جمعہ کے ذریعہ ریجن میں تعمیر ہونے والی نئی مسجد کا افتتاح کیا۔

بعد ازاں تلاوت قرآن کریم،عہد انصار اللہ اور قصیدہ کے بعد مکرم مالک گئی صاحب صدر انصار اللہ سینیگال نےافتتاحی تقریر کے ذریعہ اجتماع کا آغاز کیا۔جس میں انہوں نے نیشنل اجتماع انصار اللہ یوکے2014ءسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب سے عہد انصاراللہ اور اس کی ذمہ داریاں کے متعلق اقتباسات بیان کئے۔ اس کے بعد انصار کے مابین 8 ورزشی مقابلہ جات کروائےگئے۔ جن میں رسہ کشی،ثابت قدمی، 100 میٹر دوڑ، فٹ بال اور دیگر مقابلہ جات شامل ہیں۔

رات کو بعد از مغرب و عشاء انصار کے مابین علمی مقابلہ جات کروائےگئے۔ جن میں تلاوت،حفظ قرآن، دینی معلومات وغیرہ شامل ہیں۔اگلے دن بروز ہفتہ رہ جانے والےورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اور اس کے بعد ایک طویل مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔

بعد ازاں مکرم مالک گئی صاحب صدر مجلس انصار اللہ سینیگال نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کئے۔اختتامی تقریب کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں پر تکلف کھانا پیش کیا گیا۔ جس کے بعد تمام انصار اپنے گھروں کی طرف روانہ ہو گئے۔

شعبہ رجسٹریشن کے مطابق انصار کی تعداد 231 رہی اور دیگر معاونین خدام کو ملا کر کل تعداد 270 سے زائد رہی۔ الحمدللہ علی ذلک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو انصار کی تربیتی و تعلیمی صلاحیتوں کو بڑھانے کا موجب بنائے۔ آمین

(رپورٹ : حافظ مصور احمد مزمل ۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن سینیگال)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

صداقت کا پرچم اُٹھائے ہوئے ہیں