• 1 مئی, 2024

جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ نارتھ ایسٹ انگلینڈ

محترم عطاء المجیب راشدمبلغ انچارج برطانیہ و امام مسجد فضل لندن نے مورخہ 28 نومبر تا یکم دسمبر 2019 نارتھ ایسٹ ریجن کے چار روزہ دورہ میں مختلف جماعتوں میں منعقدہ جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں شمولیت کی۔ تعلیم و تربیت کے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان جلسوں میں خطابات اور نصائح فرمائیں۔آپ کے اس دورہ کے دوران منعقد ہونے والے اہم پروگراموں کی مختصر رُوداد پیش خدمت ہے۔

جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم بریڈ فورڈ

مورخہ 30 نومبر بروزہفتہ شام چھ بجے مسجد المہدی میں بریڈ فورڈ کی دونوں جماعتوں کا مشترکہ جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں کُل حاضری 350 سے زائدرہی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس جلسہ میں غیر از جماعت مسلم اور غیر مسلم مہمانوں کی تعداد 48 تھی۔ خاکسار نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اوربعض مغربی مستشرقین کی تحریرات کی روشنی میں پیغمبر اسلام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بے مثل شخصیت اور پاکیزہ کردار کو اُجاگر کیا۔جس کے بعد مکرم مولانا حافظ انیق الرحمن ریجنل مشنری شیفیلڈنے اپنی تقریر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی انکساری، عاجزی اور ہمدردی انسانیت کے پہلوؤں کو بیان کیا۔

بعد ازاں محترم امام صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام محمدؐ چار مرتبہ آیا ہے لیکن بالواسطہ طور پر 100 سے زائد مرتبہ آپؐ کو مخاطب کیا گیا ہے۔مختلف مصنفین نے آپؐ کی زندگی کے تمام واقعات کو متعدد کتابوں میں قلمبند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک غلط الزام یہ بھی لگایا جاتا ہے کہ آپؐ نے جنگوں میں خون خرابے کے ذریعہ اسلام کو پھیلایا ہے جبکہ قرآن کریم کی سورۃالبقرۃ کی آیت میں واضح ارشاد موجود ہے کہ’’دین میں کوئی جبر نہیں‘‘ تو پھر یہ کس طرح ممکن ہے کہ نعوذ باللہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے قتل و غارت گری کے ذریعہ اسلام کی ترویج فرمائی ۔محترم امام صاحب نے فرمایا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو صدیق اور امین کے لقب سے نوازا گیا ۔ آپؐ کی ذات گرامی اس قدر معتبر تھی کہ لوگ آپؐ کے پاس اپنے قیمتی سامان بطور امانت سونپ جاتے تھے اور لوگوں کا یہ سلوک اور اعتبار آپؐ کے دعویٰ نبوت کے بعد بھی جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی تو صرف تریسٹھ سال کی تھی لیکن آپؐ نے زندگی کے تمام مراحل سے گزرتے ہوئے معاشرے کی رہنمائی فرمائی۔ آپ ؐ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ایک رول ماڈل تھے۔

شام 7 بجکر 55 منٹ پر جلسہ کے اختتام سے قبل مکرم حمود انور نے حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیاجس کے بعد دعا سے یہ کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا۔نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد شرکاء جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔مہمانوں کو اسلام اور احمدیت سے متعلق مختلف لٹریچر کے علاوہ کتاب لائف آف محمد ؐاور پاتھ وے ٹُو پِیس بطور تحفتاً دی گئیں۔

سوال و جواب

مورخہ یکم دسمبر2019ء بروز اتواربعد نماز فجر صبح سواسات بجے مسجد بیت الحمد بریڈ فورڈ میں مجلس خدام الاحمدیہ نارتھ ایسٹ ریجن کے زیر اہتمام مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی جس میں خدام و اطفال کے علاوہ انصار اور لجنات سمیت کل حاضری 60رہی۔سوال و جواب کی اس مجلس میں محترم امام صاحب نے مختلف موضوعات پرکئے گئے بیس سے زائد سوالات کے تشفی بخش جواب دیئے۔ بعد ازاں مکرم ودود احمد داؤد نائب ریجنل قائد مجلس خدام الاحمدیہ نے اس پروگرام میں شرکت کے لئے محترم امام صاحب کا شکریہ ادا کیا۔سوال و جواب کی یہ دلچسپ مجلس دو گھنٹے جاری رہی جس کے بعد تمام شرکاء کی خدمت میں انگلش ناشتہ پیش کیا گیا۔

جلسہ سیرت النبیﷺ

مورخہ یکم دسمبر2019 بروز اتواربوقت بارہ بجے دوپہر مسجد بیت الحلیم میں جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقد کیا گیا۔محترم امام صاحب نے اپنے خطاب کے آغاز سے قبل حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل ؒ کی پڑھی جانے والی ایک نظم کے بارے میں احباب جماعت کو توجہ دلاتے ہوئے ااس کے معنی کو سمجھنے اور غور کرنے کی نصیحت کی۔

محترم امام صاحب نے فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام واقعہ غار ثور کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ یہ بھی اللہ تعالی کا غیرمعمولی تصرف اور حفاظت کا ذریعہ تھا کہ اس نازک صورتحال میں جب کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم غار کے اندرحضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ تھے اور مخالفین باہر باتیں کر رہے تھے۔ اس صورتحال سے طبعاً حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کے خیال سے بڑی ہی فکر مندی اور پریشانی کا اظہار کیا کہ یارسول اللہ !انہوں نے ذرا جھک کر دیکھ لیا تو ہم لوگ پکڑے جائیں گے۔ اس موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انتہائی توکل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ تعالی کی تائید و نصرت پر کامل یقین کے ساتھ بڑی تحدّی کے ساتھ یہ تاریخی الفاظ ادا فرمائے کہ

لَاتَحزَن اِنَّ اللّٰہَ مَعَنَا۔ غم نہ کر یقیناً اللہ ہمارے ساتھ ہے۔

(سورۃ التوبہ :40)

یہ ایک غیر معمولی حفاظت کے الفاظ تھے جو آپ ﷺ نے ادا فرمائے۔
محترم امام صاحب کے خطاب کے بعد مجلس سوال جواب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارہ میں شرکاء کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دیئے گئے۔آخر میں صدر جماعت مکرم مجیب الرحمن نے محترم امام صاحب کی آمد اور اس پروگرام میں شرکت کے لئے شکریہ ادا کیا۔ اس کامیاب پروگرام کا اختتام دعا سے ہواجس کے بعد نماز ظہر اور عصردا کی گئیں۔ اس پروگرام میں 65 کی تعداد میں ممبران جماعت نے شرکت کی۔ نمازوں کے بعد تمام احباب کی تواضع ظہرانے سے کی گئی۔الحمد للہ کہ محترم امام صاحب کا یہ دورہ بھرپور، یادگار اور انتہائی کامیاب رہا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ریجن کے تمام احباب و خواتین کوایسے پروگراموں سے ہمیشہ کماحقہ بھرپور استفادہ کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین

(مبارک احمد ہنجرا۔انگلینڈ)

پچھلا پڑھیں

نیکی کی جزا

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ