• 17 جولائی, 2025

تہجد کے متعلق ایمان افروز روایت

حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم اے تحریر کرتے ہیں
ڈاکٹر میر محمد اسمٰعیل صاحبؓ نے ان سے بیان کیا کہ پِیر منظور محمد صاحب ان سے بیان کرتے تھے کہ ’’ایک دن جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام احمدیہ چوک میں کھڑے تھے تو مولوی برہان الدین صاحب جہلمی مرحوم نے عرض کیا کہ حضرت کچھ ایسا ہو کہ اندر کُھل جائے۔ اس پر آپؑ نے فرمایا کہ ایک بزرگ تھے۔ بادشاہ نے ان کو بلوا بھیجا کہ مَیں تم کو اپنا وزیر بنانا چاہتا ہوں۔ اس بزرگ نے یہ قطعہ بادشاہ کو لکھ کر بھیج دیا۔

؎ چوں چتر چنبری رُخِ بختم سیاہ باد
آید اگر بدل ہوسِ تختِ چنبرم
زاں دَم کہ یافتم خبراز ملکِ نیم شب
صد ملکِ نیمروز بیک جو نمی خرم

اس بادشاہ کے چتر کا رنگ سیاہ تھا۔ اور اس کے ملک کا نام ملک نیمروز تھا اور بادشاہ کا لقب چنبر تھا۔ خاکسار عرض کرتا ہے کہ ان فارسی اشعار کا ترجمہ یہ ہے کہ اگر مَیں چنبر بادشاہ کے تخت کی ہوس کروں تو میرے بخت کا منہ بھی چنبر کے چتر کی طرح سیاہ ہو جائے۔ جس وقت سے مجھے ملک نیم شب (یعنی عبادت و تہجدگزاری) پر آگاہی ہوئی ہے۔ اس وقت سے میرا یہ حال ہے کہ مَیں ایک سو ملک نیمروز کو ایک جَو کے دانہ میں بھی خریدنے پر آمادہ نہیں ہو سکتا۔ نیز خاکسار عرض کرتا ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مراد یہ تھی کہ آپ ملک نیم شب کی طرف توجہ دیں ۔اس سے آپ کا اندر خود بخود کُھل جائے گا۔‘‘

(سیرت المہدی مؤلف حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم اے حصہ سوم روایت نمبر796)

(مرسلہ: عدنان اشرف ورک)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعتہ المبارک فرمودہ مؤرخہ 7؍جنوری 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ