• 5 مئی, 2024

کینیا کے نیانزہ (Nyanza) ریجن کی جماعت ہولو (Holo) میں مسجد کے سنگ بنیاد کی مبارک تقریب

مکرم ومحترم فہیم احمد لکھن صاحب مبلغ سلسلہ نیانزہ ریجن، کینیا تحریر کرتے ہیں:
ہولو (HOLO) کسیان (Kisian) سے بونڈو (Bondo) جانے والی سڑک پر کسیان اور کمبیوا (Kombewa) کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا قصبہ ہے جو کسومو (Kisumu) ویسٹ ڈسٹرکٹ کا نیاہیڈکوارٹر ہونے کی وجہ سے دن بدن ترقی کر رہا ہے۔ سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ یہاں پرائیویٹ اداروں کے دفاتر اور رہائش گاہیں تعمیر ہو رہی ہیں اس علاقے میں احمدیت کا نفوذسال 2000ء کے شروع میں ہوا تھا اللہ تعالیٰ کے فضل سے کمبیوا میں جماعت کی مسجد اور معلم ہاؤس ہے اور چھوٹی بڑی تقریبا پانچ جماعتیں اس کے ساتھ منسلک ہیں۔ ہولو میں جماعت کی بنیاد 2006ء میں پڑی اور ابتداء میں یہاں کے احباب کمبیوا مسجد میں نماز جمعہ وغیرہ ادا کرتے تھے بعد میں یہاں کرایہ کے مکان میں نماز سنٹر اور معلم صاحب کی رہائش کے لیے انتظام کیا گیا اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے مسجد اور معلم ہاؤس کے لیےقصبہ کے بالکل وسط میں 60فٹ لمبا اور 40فٹ چوڑا ایک پلاٹ خریدا گیا ہے۔ یہ پلاٹ مکرم و محترم فہیم احمد لکھن صاحب مربی سلسلہ انچارج کسومو ریجن اور ان کی فیملی نے خریدا ہے، اور اب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے ان کا خاندان ہی اپنے والد محترم جناب چوہدری سعید احمد صاحب لکھن مرحوم ریٹائرڈ اسٹیشن ماسٹر پاکستان ریلوے کی یاد میں مسجد اور معلم ہاؤس تعمیر کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔ ذلک فضل اللّٰہ

مکرم و محترم جناب امیر و مشنری انچارج صاحب،کینیا مولانا طارق محمود ظفر صاحب نے مکرم فہیم احمد صاحب لکھن مربی سلسلہ کی درخواست پر 25دسمبر، 2021ء بروز ہفتہ یہاں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اس سے قبل یہاں ایک بکرا صدقہ کیا گیا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے بنیاد میں پہلی اینٹ نصب کی پھر۔ مکرم فہیم احمد صاحب لکھن مربی سلسلہ اور مکرم شریف محمود اندمولی معلم کمبیوا نے اینٹیں رکھیں بعدہ ایک بچی عزیزہ صبیحہ احمد لکھن بنت مکرم فہیم احمد لکھن صاحب واقفہ نو نے لکھن فیملی کی نمائندگی میں اور واقفہ نو کی حیثیت سے بھی اینٹ رکھی جس کے بعد مقامی احباب نے باری باری اینٹیں نصب کرنے کی سعادت حاصل کی جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرائی اور یہ مبارک تقریب ختم ہوئی۔ اس مسجد کی لمبائی 26فٹ اور چوڑائی 21فٹ ہوگی اور اس کے ساتھ مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ وضو وغیرہ کا انتظام کرنے کے علاؤہ معلم ہاؤس بھی تعمیر کیا جائے گا اور پانی و بجلی نیز ایم ٹی اے کی سہولت بھی مہیا ہو گی۔ ان شاءاللّٰہ

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کی تعمیر کو جماعت کی تقویت اور اہل علاقہ کی ہدایت کا موجب بناے آمین

(احمد عدنان ہاشمی۔نمائندہ الفضل آن لائن، کینیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ