• 5 مئی, 2024

لائبیریا کے شہر گانٹا میں احمدیہ کلینک کا افتتاح

سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنےمتبعین سے یہ عہد لیا کہ ہر ایک عام خلق اللہ کی ہمدردی میں محض للہ مشغول رہے گا اور جہاں تک بس چل سکتا ہے اپنی خداداد طاقتوں اور نعمتوں سےبنی نوع کو فائدہ پہنچائے گا۔ اسی عہد بیعت کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر ایک احمدی اپنی ذاتی حثیت میں اور نظام جماعت کے ماتحت خدمت خلق بجالانے کی کاوشوں میں مصروف رہتا ہے۔ خدمت انسانیت کے لئے سیدنا حضرت خلیفة المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے 1970ء میں نصرت جہاں آگے بڑھو سکیم کا اجراء فرمایا جس کا مقصد افریقی ممالک میں پائی جانے والی تعلیمی و طبّی محرومیوں کا ازالہ کرنا تھا۔ آغاز سے اب تک سینکڑوں ڈاکٹرز اور اساتذہ خدمت انسانیت کے جذبہ سے سرشارہوکر اپنی زندگیاں وقف کرتے ہوئے مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری وساری ہے۔

محض خداتعالیٰ کے فضل سے حال ہی میں جماعت احمدیہ لائبیریا کو اسی بابرکت سکیم کے تحت ایک نئے کلینک کے افتتاح کی سعادت حاصل ہوئی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذلک۔

یہ کلینک آبادی کے لحاظ سے ملک کے دوسرے بڑے شہر گانٹا (نمبا کاؤنٹی) میں قائم ہوا ہے جو ملکی دار الحکومت منروویا سے قریباً 323 کلومیڑ کے فاصلہ پر شمال میں واقع ہے اور جنوب میں اس کی سرحد ہمسایہ ملک گنی سے جا ملتی ہے۔

مؤرخہ4 دسمبر 2021 کو اس کے افتتاح کی باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی۔ سہ پہر3 بجے مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر ومشنری انچارج لائیبریا کی زیر صدرات تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت استاذ مرتضیٰ پاساوے صاحب کو حاصل ہوئی۔ تلاوت قران کریم کے بعد Hon. Amos G.Suah میئرگانٹاشہر کو دعوت خطاب دی گئی جس میں انھوں نے تمام شاملین تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے جماعت احمدیہ کی لائیبریاکے لئے مختلف خدمات کو سراہا اور بالخصوص گانٹا شہر میں تعمیر ہونے والے سٹی ہال میں جماعت کی کنٹریبیوشن اور مختلف کمیونٹیز میں ہیومینٹی فرسٹ کے تعاون سے لگائے جانے والے واٹر پمپس پرشکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ انچارج نمبا کاؤنٹی نے مختصراً جماعت احمدیہ کا تعارف بھی پیش کیا۔

مکرم ڈاکٹر محمود احمد صاحب ڈاکٹر انچارج احمدیہ کلینک گانٹا نےنصرت جہاں سکیم کا تعارف کروانے کے بعد کلنیک میں میسرطبی سہولیات پر بریفنگ دیتےہوئے بتایا کہ یہ کلینک 24گھنٹے آپ کی خدمت کے لئے کھلا ہے۔ اس میں بنیادی ضرورت کے تمام لیب ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ الٹراساؤنڈ اورمیٹرنیٹی کی سہولت بھی موجود ہے۔ سب سے اہم اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ پہلی مرتبہ اس علاقہ کے لوگوں کے لئے امراض قلب کی تشخیص کے لئے EKG/ECG بھی کی جاسکےگی۔ احمدیہ کلینک گانٹا کل13 بیڈزپر مشتمل مردانہ، زنانہ وارڈ کے ساتھ پرائیویٹ روم کی سہولت سے بھی لیس ہے۔ الحمد للّٰہ

اس تعارف کے بعد چند دیگر معززشاملین تقریب کو بھی دعوت خطاب دی گئی جن میں سب سے پہلے ممبرآف پارلیمنٹ کے نمائندہ Mr. Shakie A.Brown سٹیج پر تشریف لائے۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی لائبیریا کے لئے تعلیمی و طبی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ آئندہ چند سالوں میں اس کلینک کو ایک بڑے ہاسپٹل میں تبدیل کرکے اس علاقہ کے لوگوں کو بطور تحفہ پیش کرے نیز ایک یونیورسٹی کابھی قیام عمل میں لا کر اس علاقہ کی تعلیمی و طبی محرومیوں کو دور کرے۔

کاونٹی ہیلتھ آفیسر کے نمائندہ Mr. Alphanso Nuah نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ جماعت احمدیہ نے ہمارے شہر میں جدید سہولیات کےساتھ کلینک کھولنےکافیصلہ کیا ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت تھی۔ جس پر میں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے آپ کا ممنون ہوں۔

سب سے آخر پرپوسٹ اور کمیونیکیشن کےمنسٹر Hon. Mr. Cooper W. Kruah نے حاضرین سے خطاب کیا۔ انھوں نے کلینک کے افتتاح پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت ہماری حکومت کی بنیادی ترجیحات میں سے ہیں۔اس علاقہ میں کلینک قائم کرنے پر ہم تہہ دل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کو ان کی تعلیمی و طبی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو حکومت کے پروگرام کوکامیاب بنانے میں ہماری ممد ومعاون ہے اور ان کا یہ اقدام لائبیریا میں ترقیات کا نیا باب کھول رہا ہے۔ مزید یہ کہ جب ہم جماعت احمدیہ کے ساتھ مل کرکام کرتے ہیں تو ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ یہ ایسا مذہب ہے جو اپنے پیروکاروں کونیک انسان اور وفادارشہری بن کر مذہب اور حکومت دونوں کے تقدس کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔

اس تقریب کے آخر پر مکرم نوید احمدعادل صاحب امیر ومشنری انچارج لائبیریا نے مختصراً خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ بلا تمیز رنگ ومذہب، امیر وغریب کی خدمت انسانیت پر یقین رکھتی ہے اور احمدیہ کلینکس پر آنے والے ہر شخص کو طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ قطع نظر اس کے کہ اس کے پاس اپنے علاج کے لئے رقم دستیاب ہے یا نہیں۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کے ساتھ اس پروقار تقریب کا اختتام شام پانچ بجے کیا۔

معاً بعد Hon. Minster Kruh نے فیتہ کاٹ کر کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پھر مکرم ڈاکٹر محمود احمد صاحب نے معزز مہمانوں کو کلینک کا دورہ کروایا۔ جس میں منسٹر آف پوسٹ اینڈ ٹیلی کیمونیکیش، مئیرآف گانٹا سٹی، نمائندہ ممبرآف پارلیمنٹ، نمائندہ کاؤنٹی ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،کاؤنٹی ہیلتھ انسپکٹر، کمیونٹی چیئرمین، نمائندہ امیگریشن کمانڈر، چیف امام گانٹا شامل تھے۔

اس تقریب میں تقریباً 100 افراد نے شمولیت اختیار کی۔ جن کی بعدازاں کھانے سے تواضع بھی کی گئی۔

اس تقریب کی فیس بک پربراہ راست سٹریمنگ بھی کی جاتی رہی۔5 ریڈیو چینلزنےکوریج کے ساتھ ساتھ خبروں میں بھی اس کا ذکر کیا۔ ملکی اخبار Hot Pepper میں بھی اس کی تصویرکے ساتھ خبر شائع کی گئی اور ایک محتاط اندازہ کے مطابق ان تمام ذرائع سے تقریباً ایک لاکھ افراد تک پیغام پہنچا۔

اس وقت اللہ تعالیٰ کے فضل سے نصرت جہاں سکیم کے تحت لائبیریا میں بشمول ڈینٹل کلینک کل پانچ کلینکس اور پانچ ہی سکول بڑی کامیابی سے جاری ہیں۔

اللہ تعالیٰ میدان عمل میں مصروف تمام اساتذہ اور ڈاکٹرز کی مساعی میں برکت ڈالے اور انہیں مقبول خدمت دین کی توفیق عطا کرتا چلاجائے۔ آمین۔

(رپورٹ: فرخ شبیرلودھی۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لائبیریا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ