• 11 دسمبر, 2024

پریری ریجن میں لجنہ اماءللہ کی صد سالہ جوبلی

پریری ریجن میں لجنہ اماءللہ کی صد سالہ جوبلی
اور جشن تشکر کی تقریبات کی مختصر روداد

ہم شان سے منائیں صد سالہ یہ تشکر
لجنہ کو ہو مبارک صد سالہ یہ تشکر
سب کچھ عطا ہے تیری اے قادرو توانا
کرتی ہیں دین پر ہم سب پیش عاجزانہ

رب رحمان و منّان کا یہ محض فضل و احسان ہے کہ بانیٴ تنظیم لجنہ اماءللہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے یہ تنظیم قائم فرما کر عورتوں، ناصرات اور بچوں کی علمی ترقی اور دینی تربیت کے سامان پیدا فرمادیے۔ لجنہ کو لجنہ کی تنظیم کے اغراض و مقاصد بتا کر ان میں دینی دوڑ میں مسابقت کی روح پیدا کر دی۔ آج الحمدللّٰہ سوسال گزرنے کے بعد اس کرّۂ ارض کے شمال و جنوب اور مشرق و مغرب میں پھیلی ہوئی ممبرات لجنہ خدا کی حمد کے ترانے گاتے ہوئے ایک صدی کو الوداع اور خلیفۃ المسیح سے تجدید عہد کرتے اور وفائے عہد کے ساتھ دوسری صدی میں داخل ہو رہی ہے۔ پریری ریجن کی پانچوں مجالس میں یہ تقریبات خداتعالیٰ کی حمد و ثنا کرتے اور خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے منائی گئیں۔ ان تقریبات کے پروگرامز کو ایسے نہج پر تیار کیا گیا تھا کہ یہ دنیوی جشن لجنہ اماءللہ کی تنظیم کے اغراض و مقاصداور نوں سے بالکل منفرد مگر شروع سے لے کر آخر تک سامعات کی دلچسپی کو قائم رکھے ہوئے تھے۔ اب انتہائی اختصار کے ساتھ پانچوں مجالس میں منعقد ہونے والی تقریبات کی رپورٹ قارئین الفضل کے لئے پیش کرتی ہوں:

ریجائنا: لجنہ اماءللہ ریجائنا کو 23؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار یوم تشکر کی تقریب منانے کی توفیق ملی۔مسجد محمود میں لجنہ کے ہال میں یہ تقریب منعقد ہوئی۔ لجنہ ممبرز نے اپنے اپنے ذوق کے مطابق برقی قمقموں کی مدد سے ہال کی آرائش و زیبائش کی تھی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہواجس کی سعادت آمنہ عمران صاحبہ نے پائی۔ تلاوت کے بعد زہرہ ملک صاحبہ نے اپنی دلنشیں آواز میں ایک نظم پیش کی۔ لوکل صدر لجنہ اماءللہ مدیحہ مصور صاحبہ نے ریجائنا میں لجنہ کا قیام اور اس کی مختصر تاریخ بتانے کے بعد لجنہ کی تنظیم کے مقاصد اور لجنہ کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام حاضرات کو لجنہ اماءللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں لجنہ کے جشن تشکر کے حوالے سے صدف علیم صدیقی صاحبہ نے اپنا منظوم کلام پیش کیا۔

ریجائنا کی لجنہ ممبرز نے اس موقع پر حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط بھی لکھے جس میں پیارے آقا سےوعدہ کیا گیا کہ لجنہ اماء اللہ ریجائنا حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گی، خلافت کی اطاعت گزار بن کر رہیں گی اور اس سلسلے میں حضورانور سے خطوط میں دعا کی درخواست بھی کی گئی۔ اس اجلاس میں 33 لجنہ ممبرات کے علاوہ 12 ناصرات اور 7 بچے بھی شامل ہوئے۔ اختتامی دعا کے بعد تما م بہنوں اور بچوں کی تواضع بریانی اور میٹھے سے کی گئی۔

سسکاٹون نارتھ: لجنہ نے بھی لجنہ اماءللہ کینیڈا کی ہدایت کی روشنی میں یوم تشکر کا اہتمام 19؍نومبر 2022ء ہفتے کے روز مسجدبیت الرحمت کے جم میں کیا۔ جم کو نہایت دیدہ زیب رنگوں کی جھنڈیوں کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ پوڈیم کے پاس مختلف رنگوں کے 100غبارے رکھے گئے تھے۔ لجنہ کے ہال سے متصل لابی میں ایک میز پر لیٹرپیڈز رکھے گئے تھے جہاں تمام لجنہ، ناصرات اور بچوں نے حضور انو ر کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط لکھے۔ اسی طرح لجنہ کی تنظیم کی ابتدائی چودہ ممبرات کے نام، حضور انور کی خدمت اقدس میں خط لکھنے یا فیکس کرنے کی تفصیلات خوشنما کارڈ ز کی صورت میں دستیاب تھیں (یہ کارڈ پرس یا والٹ میں رکھیں اور جب جہاں ضرورت پڑے پیارے آقا کی خدمت میں خط لکھیں)۔ اس میز پر بہت ہی خوبصورت بُک مارکس بھی تھے جن پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی لجنہ کی جوبلی منانے کے سلسلے میں رہنمائی جو آپ نے جرمنی کی نیشنل عاملہ ممبرات کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں کی تھی انگریزی ترجمے کے ساتھ ’’لجنہ گولز‘‘ کے عنوان کے ساتھ درج تھی۔ اس پروگرام کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں ریجنل صدر پریری بشریٰ نذیر آفتاب نےلجنہ کا عہد دہرایا۔ ازاں بعد لوکل صدر لجنہ امة القیوم شفیق صاحبہ کا لکھا ہو ترانہ لجنہ کےگروپ نے ترنم سے پڑھا۔

اس کے بعد لجنہ کی درج ذیل بزرگ بہنوں نسیم اختر صاحبہ، سلیمہ رفیق صاحبہ اور امة المتین صاحبہ نے لجنہ کی تنطیم کےتحت ہونے والے پروگرامز کے فوائد و برکات اور ان میں شمولیت سے اِ ن کی اور ان کی نسلوں کی دینی علوم میں ترقی اور تربیت پر ایمان افروز واقعات سنائے۔اس تقریب کے آخر پر مقامی صدر صاحبہ اور ریجنل صدر نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے لجنہ کی تنظیم کے لئے بیان فرمودہ سترہ نکات میں سے چند نکات اردو اور انگلش میں لجنہ کے سامنے پیش کئے اور لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کی ابتدائی چودہ ممبرات کی قربانیوں کویاد رکھتے ہوئے اس تنظیم کی ممبر ہونے کی حیثیت سے اپنی اپنی ذمہ داریوں کوکما حقہ پورا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔پروگرام کے آخر پر ضیافت کی ٹیم نے تمام شاملات کی تواضع مرغ قورمہ اور گرماگرم نان سے کی۔ میٹھے میں کیک، اسی طرح سردی کی شدت کا مداوا ممبرات کی خدمت میں کشمیری چائے پورے لوازمات کے ساتھ پیش کر کے کیا گیا۔ اس پرگرام سے 108 لجنہ ممبرات، 27 ناصرات الاحمدیہ اور 13 بچے مستفیض ہوئے۔

مجلس سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ: اس نوزائیدہ مجلس نے 26؍نومبر 2022ء کو جشن تشکر پوری آن بان اور شان کے ساتھ مسجد بیت الرحمت کے جم میں منعقد کیا۔ جم کی آرائش اور سجاوٹ کا کام جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیا گیا۔ لجنہ کے نماز ہال سے متصل لابی کو جھنڈیوں سے خوب سجایا گیا تھا۔ جم میں کرسیاں نہایت سلیقہ سے بچھائی گئی تھیں اور ساتھ میں اسی کلر سکیم کے گلدستےجو نظروں کو بھلے معلوم ہورہے تھے رکھے گئے۔ جماعت کی لائبریری میں نائیلہ انور صاحبہ (سیکرٹری اشاعت) اور شانزے مبارک صاحبہ (سیکرٹری تبلیغ) نے بک سٹال اور نمائش کا انعقاد کیا تھا۔ درجنوں زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم، احادیث کی کتب، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفائے عظام کی کتب بھی بک سٹال پر دستیاب تھیں۔ لجنہ کی ابتدائی چودہ ممبرات کے نام ان کے مختصر تعارف کے ساتھ، اسی طرح بانی تنظیم لجنہ اماءاللہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے اس تنظیم کے لئے سترہ اغراض و مقاصد انگریزی اور اردو میں اسٹینڈنگ پوسٹر پر آویزاں کئے گئےتھے۔ ان سوسالوں میں لجنہ اماء للہ کی طرف سے شائع ہونے والی کتب میں سے ایک سو سے زیادہ کتب کی فہرست بھی بک سٹال کا حصہ تھی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ صدر صاحبہ طاہرہ جمشید صاحبہ نے ابتدائی چودہ ممبرات لجنہ، ان سو سالوں میں لجنہ کی تنظیم کے تحت ہونے والی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام ممبرات کو لجنہ اماءللہ کی تنظیم کے اغراض و مقاصد سے بھی روشناس کرایا۔ اسی طرح سسکاٹون کی ایک پرانی ممبر اور سابقہ صدر لجنہ امة المتین صاحبہ نے ’’سسکاٹون میں لجنہ کا قیام اور قربانیاں‘‘ پر شاملات پروگرام کو تفصیل سے بتایا۔ ایک مقامی ممبر نے اپنی شہید احمدی بہن کا واقعہٴ شہادت اور سیرت کے ایمان افروزواقعات لجنہ کے ساتھ شیئر کئے۔ ریجنل صدر پریری ریجن نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی لجنہ اماءللہ کی سوسالہ جوبلی کو منانے سے متعلق زریں ہدایات اور حضرت مریم صدیقہ نوراللہ مرقدھا المعروف چھوٹی آپا کے ساتھ بیتے لمحات، خصوصاً وہ سال جب حضرت چھوٹی آپا جان صاحبِ فراش تھیں مگر اپنی بیماری کے باوجود لفظی ترجمہ کےساتھ انہیں قرآن کریم پڑھایا۔ لوکل سیکرٹری وقف جدید عالیہ رؤف صاحبہ نے لجنہ کی جوبلی کے حوالے سے اپنی دو نظمیں پیش کیں۔صالحہ صبا صاحبہ نے ربوہ میں لجنہ کے آفس میں رضاکارانہ کام کے دوران جماعتی کاموں کی برکات اور اس کے نتیجے میں ان پر خدائی فضلوں کی برسات، پر دلوں کو گرما دینے والے واقعات سب سامعات سے شیئر کئے۔ شام کے پانچ بجے دعا کے ساتھ اس پر وقار تقریب کا اختتام ہوا۔ ضیافت کی ٹیم نے حاضرات کو کھانے میں چکن کڑاہی، روغنی نان، سلاد اور رائتہ کے ساتھ پیش کئے۔ میٹھے میں کیک اور سردی سے بچاؤ کا سامان لذیذ مشروب کشمیری چائے سےکیا گیا۔ اس پروگرام سے 75 لجنہ، 8 ناصرات اور 15 بچے مستفیض ہوئے۔

مجلس بیت الرحمت سسکاٹون: 3؍دسمبر 2022ء بروز شنبہ نماز ظہر باجماعت ادا کرنے کے بعد لجنہ اماءللہ بیت الرحمت کو یوم تشکر کی تقریب مسجد دارالرحمت کے مستورات کے ہال میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس ہال کی ہیڈ ٹیبل اور پوڈیم کے ساتھ والی دیوار کو نیلگوں برقی قمقموں کے ساتھ نہایت نفاست اور سلیقہ شعاری کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے پاک کلام میں سے سورة ابراہیم کی آیات 6-9 کی تلاوت اور اردو ترجمہ سے پروگرام کا آغاز ہو ا۔حدیث مبارکہ کے بعد لجنہ کا عہد دہرایا گیا۔حضرت مسیح پاک علیہ السلام کے پُرمعارف منظوم کلام ’’حمد و ثنا اسی کو جو ذات جاودانی‘‘ سے چند اشعار زرلش مرزا صاحبہ نے ترنم سے پڑھ کر سنائے۔ راضیہ چوہدری صاحبہ نے حضرت سیّدہ امة الحئی بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا کا خط جو انہوں نے اپنے والد بزرگوار حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد قرآن کریم کے دروس شروع کرنے کے بارے میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی خدمت لکھا تھا پڑھ کر سنایا۔ سعیدہ خانم صاحبہ ریجنل نائب صدرنے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ اور حضرت چھوٹی آپا جان کے بارے میں ایمان افروز اور دلچسپ واقعات سنائے اور ساتھ ہی ابو ظبی میں لجنہ اماءللہ کی تنظیم کے قیام کی تفصیل بھی بتائی۔ بعدازاں ’’لجنہ اماءللہ کی تنظیم کے مقاصد اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ پر صدر صاحبہ لجنہ لبنیٰ کظیم صاحبہ نے تقریر کرتے ہوئے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کو اپنے فرائض اور امور کی طرف توجہ دلائی۔ ریجنل صدر بشریٰ نذیر آفتاب نے لجنہ اماءللہ کی تنظیم کی برکات، حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے طبقہ نسواں پر احسانات اورسسکاٹون لجنہ کی مسجد بیت الرحمت سسکاٹون کی تعمیر پر بےمثال مالی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے آخر پر دعا کے معاً بعد تمام بہنوں کی ضیافت بٹر چکن، اُبلے ہوئے چاول، چکن روسٹ اور روغنی نان کے ساتھ کی گئی جس کا اہتمام لجنہ کے نماز ہال سے ملحقہ لابی میں کیا گیا تھا جسے لجنہ کے لوگو والی جھنڈیوں کے ساتھ سجایا گیاتھا۔ اشاعت کے بک سٹال پر تمام ممبرات کے لئے حضور انور کی خدمت اقدس میں خط لکھنے کی سہولت بھی تھی اورجوبلی کے حوالے سے خوبصورت بُک مارک بھی میسر تھے۔ شعبہ صنعت و دستکاری کی نمائش بھی قابل دید تھی۔ 96 لجنہ، 12 ناصرات اور 15 بچے یوم تشکر کی اس تقریب میں شریک ہوئے۔

ونی پیگ: محض خداتعالیٰ کے خاص فضل و کر م سے لجنہ اماء اللہ ونی پیگ (صوبہ مینی ٹوبہ) کو 31؍دسمبر 2022ء کو یوم تشکر کا انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم اور حدیث مبارکہ کے بعد ڈاکٹر نورین ناصر صاحبہ صدر لجنہ اماءللہ ونی پیگ نے لجنہ کا عہد دہرایا اور تمام حاضرات کو ونی پیگ میں لجنہ کی تنظیم کے قیام، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جلسہ سالانہ قادیان2022ء کے موقع پر لجنہ کے سو سال پورے ہونے پر ہدایات اور پیغام کی روشنی میں لجنہ کوان کی ذمہ داریوں کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔ منصورہ صدف باری صاحبہ نے اپنی نظم جو صد سالہ جوبلی کے حوالے سے لکھی گئی تھی ترنم سے پڑھی۔ 2023ء کا سالانہ کیلنڈر، چائے کے مگ، گفٹ بیگز اور فریج میگنٹ جو لجنہ کے لوگو کے ساتھ بنائے گئے، نہ صرف لجنہ میں تقسیم کئے گئے بلکہ غیر از جماعت افراد جو رابطہ میں تھے ان کو بھی تحفةً دیے گئے۔ پروگرام کے آخر پراختتامی دعا کے بعد بہنوں کی تواضع بریانی اور زردہ چاولوں کے ساتھ کی گئی۔ اس تقریب سے 58 لجنہ، 19 ناصرات اور 14 بچوں نے استفادہ کیا۔

(بشریٰ نذیر آفتاب۔کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

فقہی کارنر

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی