• 27 اپریل, 2024

سیرالیون کے مکینی ریجن میں مسجد بیت الہادی کا افتتاح اور تقریبات آمین

افتتاح مسجد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مکینی ریجن کی جماعت روبیشے (Rogbesseh) میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 2015میں ہوا تھا۔ اس مسجد کی تعمیر کا تمام خرچ مکرم ڈاکٹر ناصر احمد آف جرمنی، ان کی بیٹیوں،بیٹوں ،بہن اور نواسوں نے مرحومہ مکرمہ بشرٰی تبسم کی طرف سے ادا کیا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اس مسجد کا نام مسجد بیت الہادی عطا فرمایا ہے۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 9اکتوبر2019کو مکرم طاہر احمد بھٹی ریجنل مبلغ مکینی نے رکھا تھا اور اس مسجد کی تعمیر کے کام کی مکمل نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔ مسجد کا کل مسقف ایریا 36×41فٹ ہے اور اس میں 200افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجد کی تعمیر میں علاقہ کے لوگوں نے بہت سے وقار عمل کئے اور اس طرح تعمیر میں خرچ میں کافی بچت ہوئی۔ فجزاہم اللّٰہ احسن الجزاء۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن 11 بجے مکرم مولانا سعیدالرحمن کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ امیرصاحب نے حاضرین سے خطاب فرمایا ۔ آپ نے اپنے خطاب میں نماز باجماعت کی اہمیت، آمد امام مہدی علیہ السلام اور بدرسومات سے بچنے کی طرف توجہ دلائی۔جس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں15غیر از جماعت امام، علاقہ کے کونسلر، چیفڈم سپیکر، سیکشن چیف، علاقہ کے عیسائی پادری، صحافی ، 120 غیر ازجماعت احباب سمیت کل 350 سے زائد افراد شریک ہوئے۔

دعا ہے کے یہ مسجد ہمیشہ نمازیوں سے آباد رہے۔ آمین

تقاریب آمین

قرآن سب سے اچھا، قرآن سب سے پیارا

جیسا کہ پہلی رپورٹس میں بتایا جا چکا ہے کہ سال نو کے آغاز میں ملک بھر میں تقاریب آمین منعقد کی جاتی ہیں اور قرآن کریم ناظرہ مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے قرآن کریم ناظرہ کا زبانی امتحان لے کر ان میں اسناد تقسیم کی جاتی ہیں۔

گزشتہ دنوں مکینی ریجن کی 3 جماعتوں میں تقاریب آمین کا انعقاد کیا گیا جن میں 64طلباء و طالبات میں قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کرنے پر سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔ ان بابرکت تقریبات میں ایک ممبر آف پارلیمنٹ، 24غیر از جماعت آئمہ سمیت650 سے زائد افراد شامل ہوئے۔

(عبدالہادی قریشی۔سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 مارچ 2020