• 20 اپریل, 2024

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کی سالانہ کھیلیں 2022ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کی سالانہ کھیلیں 24 تا 27 مارچ 2022ء نہایت عمدگی سے منعقد ہوئیں۔ گذشتہ دو سالوں سے Covid-19 کی وجہ سے بہت سے اجتماعی پروگرام اور مقابلہ جات منعقد نہیں کئے جارہے تھے تاہم اب وباء کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد یہ پروگرام منعقد کیا گیا اور طلباء نے بھرپور جوش و خروش سے ان تمام مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ 24 مارچ کو کھیلوں کا افتتاح مکرم فہد احمد سیّد صاحب (انچارج شعبہ کھیل اور منتظم اعلیٰ سالانہ کھیلیں) نے 4 بجے اسمبلی گراؤند میں نصائح اور دعا کے ساتھ کیا۔ 4 دنوں میں متعدد انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں 100میٹر ریس، 400 میٹر ریس،ٹیبل ٹینس سنگل، لمبی چھلانگ، ثابت قدمی، تھالی پھینکنا، کلائی پکڑنا، نشانہ غلیل، گولہ پھینکنا، پنجہ آزمائی، ٹرپل جمپ، سلو سائیکلنگ اور مشاہدہ معائنہ شامل تھے۔

اجتماعی مقابلوں کے لئے جامعہ کے طلباء کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ امانت، شفقت،عدالت اور قناعت۔ اجتماعی مقابلوں کی تفصیل یہ ہے: فٹبال،والی بال، رسّہ کشی، ٹیبل ٹینس ڈبل، میرو ڈبہ،باڑی، ریلے ریس اورتین ٹانگ دوڑ۔

ان سب مقابلوں کے علاوہ روک دوڑ بھی منعقد ہوئی جس میں طلباء کے درمیان مختلف رکاوٹیں عبور کر کے منزل مقصود تک پہنچنے کا مقابلہ ہوتا ہے۔اس دفعہ 21 قسم کی رکاوٹیں بنائی گئی تھیں اور 40 طلباء نے اس میں بھی ذوق و شوق سے حصہ لیا۔کھیلوں کے ایام میں اساتذہ اور طلباء کے مابین کرکٹ کا ایک میچ بھی ہوا نیز اساتذہ کے مابین میوزیکل چیئر کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ پروگرام کے مطابق آخری روز Taekwondo اور Physical Fitness کا دلچسپ پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ تمام ایام میں کھلاڑیوں کے لئے مناسب ریفریشمنٹ اور طبی امداد کا انتظام بھی موجودتھا۔

کھیلوں کے آخر پر تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت محترم مرزا خلیل احمد بیگ صاحب وائس پرنسپل نےکی انہوں نے 27 مارچ کو سوا بارہ بجے دوپہر رپورٹ پڑھے جانے کے بعد انعامات تقسیم کیے۔ بہترین کھلاڑی عزیزم کانوہلو فودی طالب علم درجہ خامسہ اور بہترین گروپ شفقت قرار پایا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس تقریب کو طلباء اور اساتذہ کے لئے باعث برکت بنائے۔ ان کی ہمت و قوت میں اضافہ کرے اور روحانیت کے ساتھ ساتھ جسمانی قویٰ کو بھی بڑھانے اور ترقی دینے اور انہیں دین کی خدمت کے لئے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(مرزا خلیل احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ