• 19 اپریل, 2024

سیرالیون لُنگے ریجن میں مسجد کا افتتاح اور تقریبِ آمین

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مؤرخہ 9؍جون 2021ء بروز جمعرات، لُنگے ریجن میں ایک نئی تعمیر شدہ مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

یہ مسجد لُنگے ریجن کی کاماسونڈو Kamasondu چیفڈم کی جماعت Bundulai بنڈولائی میں تعمیر ہوئی ہے۔ اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ چار سال قبل ہمارے ایک مقامی معلم مکرم ابوبکر فؤاد صاحب کے ذریعے ہوا۔ مسجدکا سنگِ بنیاد مؤرخہ 14؍ نومبر کو مکرم میر وسیم الرشید صاحب مبلغ سلسلہ لنگے ریجن نے ایک سادہ تقریب میں رکھا جبکہ اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم سفیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ پورٹ لوکو ریجن کو حاصل ہوئی۔ علاقہ کے لوگوں نے مسجد کی تعمیر میں وقارِ عمل کے ذریعے حصہ لیا۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ تَعَالیٰ اَحْسَنَ الْجَزَآءِ۔

مسجد کا کل احاطہ 3 ؍ ٹاؤن لاٹ ہے اور مسقف احاطہ 30 ×40 فٹ ہے اور اس میں تقریبا ً 300 نمازیوں کی گنجائش ہے ۔ مسجد کے ساتھ نمازیوں کے وضو کرنے اور علاقہ کے لوگوں کو پینے کا صاف پانے مہیا کرنے کے لئے ایک ہینڈ پمپ بھی لگایا گیا ہے۔

افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دن گیارہ بجے مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر جماعت سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر مکرم محمد مؤرث کمارا صاحب مبلغ سلسلہ نے آمد مسیح و مہدیؑ کے عنوان پر ایک تقریر کی۔ مکرم امیرصاحب نے حاضرین کے سوالات کے جواب دئے۔ الحمدللہ یہ پروگرام تبلیغ کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوا۔

مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم سُنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ کل چار بچوں کو قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس بابرکت پروگرام میں 12 جماعتوں کے نمائندوں، متعدد غیر ازجماعت امام اور احباب سمیت اڑھائی صد سے زائد افراد نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین۔

(عبدالہادی قریشی۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 جولائی 2021