• 26 اپریل, 2024

ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل، خلافت احمدیہ کے فیضان اور ایم ٹی اے کی برکت سے دنیا کے کسی بھی کونے میں جماعت احمدیہ کا کوئی بھی پروگرام ہو جس میں حضرت خلیفة المسیح ایدہ اللہ بنفس بفیس شامل ہو رہے ہوں یا موجودہ مواصلاتی ذرائع سے شرکت فرما رہے ہوں دنیا کے ہر گوشے میں بسنے والے کروڑوں احمدی مردوزن اس میں شامل ہو کر اس کی برکات سے مستفیض ہوتے اور اپنے ایمانوں کو تازہ کرتے ہیں۔ یوں تو جماعت کے ہر اس پروگرام کی افادیت و اہمیت مسلم ہے جس میں کسی بھی طور پر خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ شرکت فرما رہے ہوں مگر جلسہ سالانہ یوکے کو اپنی انٹرنیشنل و مرکزی حیثیت کی وجہ سے ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ جونہی جلسہ سالانہ یو کے دن قریب آتے ہیں تو پوری دنیا کی احمدی جماعتوں میں اس جلسہ سے مستفید ہونے کی تیاریاں شروع کر دی جاتی ہیں۔ امسال یہ جلسہ اگرچہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر صرف یو کے کے احباب کی شر کت تک محدود کر دیا گیا تھا مگر ایم ٹی اے کی وساطت سے جلسہ ہذاکےروحانی و علمی فیوض و برکات سے پوری جماعت احمدیہ عالمگیر متمتع ہوئی اور جلسہ کی روح رواں اپنے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی زیارت اور ارشادات عالیہ سے روحانی و ذہنی تسکین حاصل کی۔ الحمد للہ جماعت احمدیہ کینیا بھی اس روحانی مائدہ سے سیر ہونے والے خوش نصیبوں میں سے ہے جنہوں نے جلسہ سالانہ یو کے تینوں دن ایم ٹی اے کے ذریعہ اس کے پروگراموں میں شرکت کی اور اپنے پیارے امام کی زیارت کرنے کے علاوہ آپ کے ارشادات و فرمودات سنے اور جلسہ کے روح پرور نظاروں سے تسکین جان حاصل کی۔ الحمد للّٰہ ثم الحمد للّٰہ

جلسہ سالانہ یوکے کے انعقاد سے کئی روز پہلے مکرم امیر صاحب کینیا نے تمام مبلغین، اورمعلمین نیز احباب جماعت کو جلسہ ہذا کا پروگرام بھجوا دیا تھا جسے پرنٹ کر کے اور واٹس ایپ اور دیگر دوسری سوشل ویب سائٹس کے ذریعے تمام افراد جماعت تک پہنچایا گیا اور ایم ٹی اے کے ذریعہ اجتماعی و انفرادی طور پر جلسہ کے کاروائی دکھانے کا بندوبست کیا گیا جس کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا کے طول و عرض میں ہزاروں احمدیوں نے جلسہ ہذا کو دیکھنے کی سعادت حاصل کی۔ اور اپنے عزیز و اقرب اور رشتہ داروں کو بھی مدعو کر کے اپنی اس خوشی میں شامل کیا۔ اکثر جگہوں پر اجتماعی لنگر کا بندوبست بھی کیا گیا۔

مکرم محمد احمد عدنان ہاشمی صاحب انچارج نیروبی ریجن کی اطلاع کے مطابق ان کے ریجن کی پانچوں جماعتوں میں نماز سنٹرز میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ یو کے کے پروگرام دیکھنے کے علاوہ درجنوں احمدیوں نے اپنے اپنے گھروں میں بھی ان پروگراموں کو دیکھا اور اپنے دوستوں، عزیزواقارب اور زیر تبلیغ احباب کو بھی مدعو کیا اور سنٹرز میں لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اسی طرح نکوروریجن سے مکرم ناصر محمود مبلغ سلسلہ نے اپنے ریجن کی چھ جماعتوں میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ یو کے کے پروگرام دکھائے جانے کی اطلاع دی جہاں 200 سے زائد احباب نے شرکت کی۔ کسومو ریجن کے انچارج مکرم فہیم احمد لکھن صاحب نے ریجن ہذا کی پانچ جماعتوں میں اجتماعی طور پر جلسہ یو کے پروگرام دکھانے کے علاوہ متعدد گھروں میں بھی جلسہ کے پروگرام دیکھنے کی رپورٹ دی ہے جس میں احباب جماعت نے بھرپور شرکت کی اور لنگر کا بھی بندوبست کیا۔ ایلڈوریٹ ریجن میں بھی اجتماعی اور انفرادی طور پر جلسہ ہذا کی کاروائی دکھائی گئی۔ مکرم ملک بشارت احمد صاحب مبلغ سلسلہ ویسٹرں ریجن نے بھی سات مختلف مقامات پر اجتماعی اور متعدد گھروں میں انفرادی طور پر جلسہ کے پروگرام دیکھے جانے اور لنگر کے اہتمام کی اطلاع دی ہے۔ اور یہ بھی لکھا ہے کہ ان پروگراموں کا نو مبایعین اور غیر از جماعت مہمانوں پر بہت اچھا اثر پڑا ہے اور انہوں نے بہت اچھے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب مبلغ سلسلہ ٹاویٹا نے اپنے ریجن کی تینوں جماعتوں میں تینوں دن احباب جماعت کے نماز سنٹرز میں آکر جلسہ کی کارروائی دیکھنے اور لنگر کے اہتمام کا ذکر کیا ہے۔ مکرم شیخ یوسف رشید اباٹ صاحب انچارج مبلغ کوسٹ بی ریجن نے اپنے ریجن میں اجتماعی اور انفرادی طور پر جلسہ ہذا کے پروگرام دکھانے اور لنگر کا بندوبست کرنے کی رپورٹ دی ہے۔ کوسٹ بی ریجن سے مکرم چوہدری بشارت احمد طاہر صاحب نے بھی اپنے ریجن کی جماعتوں میں جلسہ سالانہ لندن کے پروگرام اجتماعی اور انفرادی طور پر دکھاے جانے کا اہتمام کیا۔ الحمد للّٰہ علی ذلک اس طرح باقی ریجنز میں بھی جلسہ کی برکات سے مستفیض ہونے کے پروگرام مرتب کیے گئے۔

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ مبلغ سلسلہ ایلڈوریٹ ریجن، کینیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ