• 19 اپریل, 2024

ہمارے پیروں کے نیچے مٹی زندگی سے بھری پڑی ہے

ہمارے پیروں کے نیچے مٹی زندگی سے بھری پڑی ہے
مٹی کی حیاتیاتی تنوع

انسانی زندگی کی بنیاد

جب ہم اپنے روزمرہ کے معمولات زندگی کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہم میں سے اکثر لوگ اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں کہ ہمارے پیروں کے نیچے موجود مٹی میں حشرالارض اور خوردبینی جاندار اجسام کی ایک بہت ہی متنوع کمیونٹی ہے جو ہماری مٹی کو بناتی ہے۔ یہ عالمی حیاتیاتی تنوع (Biodiversity) کا ایک بڑا ذخیرہ ہیں، یہ زراعت اور خوراک، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو منظم کرتی ہیں اور پودوں، جانوروں اور انسانی صحت کو فروغ دیتی ہیں۔ ان کے بغیر ہماری دنیا ویسی نہیں ہوگی جیسی ہمیں ہری بھری نظر آتی ہے۔

بہت سے لوگوں کو یہ احساس نہیں ہے کہ مٹی زندگی سے بھری ہوئی ہے۔ لاکھوں انواع و اقسام کے خوردبینی جاندار، زندگی کا ایک پیچیدہ اور متنوع مرکب بناتے ہیں جو کہ اب تک کے مشاہدہ اور معلومات کے مطابق کرہ ارض پر کہیں بھی Biomass کے سب سے بڑے ارتکاز کی نمائندگی کرتا ہے۔ان جانداراجسام میں ہر وہ چیز شامل ہے جو ننگی آنکھ سے براہ راست نظر آتی ہیں اور وہ جانداراجسام بھی جو نظرنہیں آتے۔ آپ کو جان کر بہت حیرت ہوگی کہ مٹی میں جاندار اجسام کی زیادہ انواع اقسام پائی جاتی ہیں بانسبت اس کے جو مٹی کے اوپر موجود ہیں۔ ایک مٹھی بھر مٹی میں لاکھوں جانداراجسام موجود ہوسکتے ہیں۔مٹی میں مختلف قسم کے جانداراجسام جیسے ریڑھ کی ہڈی والے (vertebrates)، ریڑھ کی ہڈی کے بغیر (invertebrates)، وائرس، بیکٹیریا، فنگس اور لائیچنز موجود ہوتے ہیں جو Ecosystem کے بہت سے افعال اور خدمات فراہم کرتے ہیں جوزمین پر ہر ایک اور ہر چیز کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔

مٹی کے اندر موجود جاندار جو افعال سر انجام دیتے ہیں ان میں سب سے اہم گلنے سڑنے (Decomposition) کا عمل ہے۔ مٹی میں موجود لاکھوں انواع و اقسام کے جاندار اجسام جانوروں کے فضلہ، گرے ہوئے پتوں اور مردہ پودوں اور مردہ جانوروں کو توڑنےاور گلنے سڑنے کا کام سرانجام دیتے ہیں۔ اس عمل کے دوران بننے والی کاربن اور غذائی اجزاء کو ماحول میں پودوں اور جانوروں کے استعمال کے لئے مہیا کرتے ہیں۔ اسے Nutrient Cycling کہا جاتا ہے۔ مٹی کے اندر موجود جاندار اجسام جو Decomposition کا عمل سرانجام دیتے ہیں وہ Nutrient Cycling کا صرف ایک حصہ ہے اس کے علاوہ بھی وہ دیگر کام سرانجام دیتے ہیں۔

مٹی میں موجود خوردبینی جاندار اجسام ایسے ایجنٹ ہیں جو مٹی میں فلٹرنگ کا کام بھی سرانجام دیتے ہیں جوپانی سے algae پیدا کرنے والے غذائی اجزاء کو نکال دیتے ہیں۔ کچھ خوردبینی جاندار ماحول سے نائٹروجن بھی حاصل کرتے ہیں۔ یہ عمل آزادانہ طور پر یا پارٹنرشپ ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً پھلی دار پودے مٹی کے کچھ بیکٹیریا کو اپنی جڑوں میں رہنے دیتے ہیں تاکہ اس نائٹروجن سے فائدہ اٹھایا جا سکے جو بیکٹیریا ہوا سے حاصل کرتے ہیں۔ مٹی کے اندر پائے جانے والے مختلف قسم کے جانداراجسام دیگر جانداروں کی طرح بہت زیادہ اہم ہیں۔ ان کا فضلہ مٹی کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ مٹی میں موجود لاکھوں انواع و اقسام کے جاندار اجسام کا فضلہ چپکنے والے گوند کی طرح کام کر تا ہے اور مٹی کے ذرات کو ایک ساتھ چپکنے میں مدد کرتا ہے، جس سے مٹی کی ساخت بنتی ہے۔ مٹی کے ذرات کو ایک ساتھ چپکنے کے علاوہ، مٹی میں پائے جانےوالے کچھ جاندار اجسام میں لمبے لمبے داھگے کی طرح کے فائبر ہوتے ہیں جو مٹی کے ذرات کے گرد لپیٹ کر انہیں ایک ساتھ جڑے رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

بڑے اور چھوٹے لاکھوں جاندار ہیں جو مٹی کے اندر رہتے ہیں اور بہت سے اہم افعال سرانجام دیتے ہیں۔ مٹی کو خرابی اور نامیاتی مادے کے نقصان سے بچا کر صحت مند مٹی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ یہ مٹی کے جانداروں کے لیے خوراک اور محفوظ پناہ گاہ کے طور پر یقینی بناتا ہے، تاکہ زیر زمین تنوع بلند رہے اور مٹی کے مائکروجنزم ہمیں Ecosystem کی خدمات فراہم کر سکیں۔

حوالہ جات

https://www.soils.org/files/sssa/iys/july-soils-overview.pdf

https://www.fao.org/global-soil-partnership/resources/highlights/detail/en/c/1309274/

(سید عمار احمد۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

اے خدا! سارے زمانے کو ہدایت دے دے

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی