• 26 اپریل, 2024

سپیکر قومی اسمبلی تنزانیہ سے جماعتی وفد کی ملاقات

؎ہر طرف آواز دینا ہے ہمارا کام آج
جس کی فِطرت نیک ہے وہ آئے گا انجام کار

الحمدللّٰہ تعلقات عامہ کے تحت حکومتی سربراہان اور نمائندگان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ مہینوں میں جماعتی وفد کو متعدد وزراء کرام اور دیگر حکومتی شخصیات سے ملاقات کا موقع ملا۔ اسی سلسلہ میں سپیکر قومی اسمبلی تنزانیہ محترمہ ڈاکٹر ٹولیا آکسن (Tulia Ackson) صاحبہ سے ملاقات کا وقت مقرر کیا گیا۔

موٴرخہ 29؍نومبر 2022ء کو اراکین وفد مرکزی تجارتی شہر ’’دارِالسلام‘‘ میں واقع دفتر سپیکر قومی اسمبلی ملاقات کے لئے پہنچے۔ محترم طاہر محمود چوہدری صاحب (امیر و مشنری انچارج) کے ہمراہ جماعتی وفد میں مکرم عبدالرحمن محمد عامے صاحب (نائب امیر)، خاکسار عابد محمود بھٹی (نائب امیر و پرنسپل جامعہ)، مکرم ندیم احمد صاحب (ریجنل مبلغ دارِالسلام)، مکرم یحٰی Kambaulaya صاحب (سیکرٹری امور عامہ) اور مکرم عبداللہ Kombo صاحب (سیکرٹری امور خارجہ) شامل تھے۔

سپیکر قومی اسمبلی سے آخری بار 2016ء میں جماعتی وفد کی ملاقات ہوئی تھی، اس طرح یہ اس نوعیت کی دوسری ملاقات تھی۔

تقریباً پچاس منٹ کے دورانیہ کی اس ملاقات میں سب سے پہلے مکرم امیر صاحب نے اراکین وفد کا تعارف کروایا۔ بعد ازاں مکرم عبدالرحمن محمد عامے صاحب نے عالمگیر جماعت کا تعارف کروایا اور ملک بھر میں جاری جماعتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

مکرم امیر صاحب تنزانیہ نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا، آپ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: ’’اللہ کے فضل سے تنزانیہ میں مذہبی ہم آہنگی و رواداری مثالی اور قابل تحسین ہے اور حکومت کی یہ پالیسی کہ ’’گورنمنٹ کا کوئی مذہب نہیں‘‘ قابل ستائش ہے۔ ملک و قوم کی ترقی میں یہ امر بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔‘‘

اس پر محترمہ سپیکر صاحبہ نے اظہار تشکر کیا اور آئندہ بھی غیر جانبدار اور بلاتفریق تعاون کا عزم ظاہر کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ دیگر مذاہب کو بھی ہم آہنگی اور باہمی رواداری کی تعلیم عام کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے وفد کا شکریہ ادا کیا، مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب تنزانیہ نے محترمہ سپیکر قومی اسمبلی تنزانیہ کو قرآن کریم کا سواحیلی ترجمہ اور دیگر جماعتی کتب کا تحفہ پیش کیا۔

اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ تمام مساعی میں برکت ڈالے اور نیک ثمرات کا موجب بنائے، ۔آمین

(عابد محمود بھٹی۔ نمائندہ الفضل آن لائن تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

واقعہ افک (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی