• 5 مئی, 2024

نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کو 31 دسمبر تا 2 جنوری اپنا 14واں اجتماع دارالحکومت واگہ ڈوگو میں جماعت احمدیہ کی زمین بستان مہدی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔برکینا فاسو میں کچھ عرصہ سے جہادی تنظیموں کی کاروائیوں کی وجہ سے حالات کافی خراب ہیں کچھ ریجنز میں جہادی تنظیموں کا زور بہت ہوتا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے جماعت احمدیہ کے پروگرام منعقد کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن پھر بھی ان نامساعد حالات میں جماعت اپنی طاقت کے مطابق تبلیغی اور تربیتی پروگرام جاری کیے ہوئے ہے۔

اجتماع سے پہلے نیشنل عاملہ لجنہ کی چار میٹنگز کی گئیں جس میں پروگرام ترتیب دیئے گئے نیز وِدراگو فوزیہ صاحبہ صدر لجنہ برکینا فاسو نے مختلف ریجنز کے دورے کر کے خواتین کو اجتماع کے لیے تیار کیا۔اس سال اجتماع کا عنوان ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ رکھا گیا تھا۔

31 دسمبر 2021

پہلے دن آغاز نماز تہجد سے کیا گیا فجر کی نماز کے بعد درس دیا گیا۔ بعد ازاں ناشتہ پیش کیا گیا۔

شوریٰ

اجتماع کے پہلے دن صبح 8 بجے لجنہ کی چوتھی شوریٰ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔چنانچہ شوریٰ میں دو تجاویز زیر بحث آئیں ان کے عناوین مندرجہ ذیل ہیں۔

(1)وہ کونسی حکمت عملی اپنائی جائے جس سے لجنہ اور ناصرات اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔

(2)سوشل میڈیا کے بد اثرات سے اپنی نئی نسل کو کیسے بچایا جاسکتا ہے۔

دوپہر کھانا پیش کیا گیا اور ایک بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ فرینچ زبان میں سنایا گیا۔ دوپہر دو بجے نماز جمعہ او رعصر ادا کی گئیں۔

افتتاحی تقریب

اجتماع کا آغاز 31 دسمبر بروز جمعۃ المبارک شام 4بجے ہوا۔افتتاحی تقریب میں تلاوت قرآن کریم،نظم کے بعد مادام ودراگو فوزیہ صدر لجنہ برکینا فاسو نے شاملین اجتماع کو خوش آمدید کہا۔بعد ازاں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے نصائح فرمائیں۔

افتتاحی تقریب کے بعدعلمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔ناصرات اور لجنہ کے الگ الگ مقابلہ جات کروائے گئے۔ لجنہ کے مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، نظم، تقریر، دعائیں، اور دینی معلومات کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ناصرات کے علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، یسرنا القرآن، نماز، تقریر اور دینی معلومات کے مقابلہ جات شامل تھے۔

نماز مغرب و عشأ کے بعد احمدی طالبات کی تنظیم FEEMAB کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ بعد ازاں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ اور ملک کی بڑی تین زبانوں (مورے، فلفلدے، اور جولا) میں اجتماع کے مرکزی عنوان ’’محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں‘‘ پر تقاریر کی گئیں۔

یکم جنوری 2022

اجتماع کے دوسرے دن ہفتہ کاآغاز نماز تہجد سے کیا گیا نماز فجر کے بعددرس کا انتظام کیا گیا تھا۔بعدازاں ورزشی مقابلہ جات شروع کروائے گئے۔ چنانچہ ناصرات اور لجنہ کے الگ الگ مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ لجنہ کے مقابلہ جات میں 60 اور 80 میٹر دوڑ، میوزیکل چیئر،منہ میں چمچ پر لیموں رکھ کر چلنے کا مقابلہ، اور رسہ کشی کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ناصرات کے ورزشی مقابلہ جات میں 60میٹر دوڑ، بوری ریس، مینڈک ریس اور ریلے ریس کے مقابلہ جات شامل تھے۔

11:30 بجے صبح ایک تبلیغی نشست کا انعقاد کیا گیا تھا۔ 1:15 پر نماز ظہر و عصر پڑھی گئیں اور دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ شام کو بقایا ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ نماز مغر ب و عشأ کے بعد ڈنر پیش کیاگیا اور لجنہ کو ایک علمی ڈاکو مینٹری دکھائی گئی۔

2جنوری 2022

اتوار کے دن کا آغاز بھی جماعتی روایات کے مطابق تہجد سے کیا گیا۔ تہجد کے بعد فجر کی نماز ادا کی گئی۔

اختتامی تقریب

اختتامی تقریب کا آغاز صبح 5:30 پر کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم،نظم کے بعد لجنہ امأ اللہ برکینا فاسو کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ بعد ازاں صدر صاحبہ لجنہ نے پوزیشن لینے والی ناصرات و لجنہ میں انعامات تقسیم کیے نیز لجنہ کو نصائح کیں اور اس اجتماع کا اختتام دعا کے ساتھ کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ اجتماع شاملین کو علم و عرفان میں بڑھانے کا موجب بنے۔ آمین

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ