• 26 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم مقصود احمد۔ جرمنی سے یہ اعلان کرواتے ہیں۔
خاکسار کے والد مکرم چوہدری محمود احمد ابن چوہدری محمد یعقوب مورخہ 7؍ اپریل 2022ء کو مختصر علالت کے بعد 86برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم خدا کے فضل سے موصی تھے۔

مرحوم اللہ کے فضل سے پیدائشی احمدی تھے۔ آپ حضرت چوہدری نظام الدینؓ مرحوم آف لنگیری صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے اور حضرت چوہدری کھیونؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے تھے۔ آپ اگرچہ ان پڑھ تھے مگر نظام جماعت اور خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت رکھتے تھے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند اور تہجد گزار تھے۔ آپ نہایت ملنسار اور مہمان نواز تھے۔ غربا اور یتیموں کے ہمدرد تھے۔ ہمیشہ ان کی مدد کے لیے کوشاں رہتے تھے۔ ان کے دادا حضرت چوہدری نظام الدینؓ کا بھی وصف تھا کہ ان کے گھر سے کبھی کوئی سوالی خالی ہاتھ واپس نہ جاتا تھا اور یہ وصف مرحوم میں بھی کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ چوہدری محمود احمد کا گھر ’’داتا کا گھر‘‘ کے نام سے گاؤں میں معروف تھا۔ مرکزی اور دیگر مہمانان جو جماعت میں آتے خوش دلی سے انکی مہمان نوازی اور خاطر تواضع کرتے۔ مرحوم خدا کے فضل سے خوش گفتار، مہمان نواز، خوش اخلاق اور خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ ہر ایک سے محبت و شفقت کا سلوک کرتے تھے۔ آپ کے غیر از جماعت دوست بھی آپکی بہت عزت و احترام کرتے تھے۔

مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ ناصرہ بیگم اور دو بیٹے مکرم داؤد احمد اور مکرم مقصود احمد۔ جرمنی اور 3 پوتے 2 پڑپوتے اور پڑپوتیاں یادگار چھوڑے ہیں جو سب کے سب جرمنی میں ہیں۔ آپ ہیومیو پیتھک ڈاکٹر مکرم بشیر احمد طاہر۔ یوکے کے بڑے بھائی تھے۔

قارئین الفضل سے مرحوم کے بلندی درجات اور مغفرت کے سلوک کے لیے دعا کی درخواست ہے۔ ساتھ ہی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور آپکی نیکیوں کو اپنانے اور جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ