• 26 اپریل, 2024

سیرالیون، بو ریجن میں تین مساجد کا بابرکت افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو بو ریجن میں جون کے مہینے میں تین نئی مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ علٰی ذٰلک

ان مساجد اور پروگراموں کی مختصر رپورٹ قارئین کے لئے پیشِ خدمت ہے۔

احمدیہ مسجد پوجے ہوں جماعت

مؤرخہ 16؍ جون کو تقریب کا باقاعدہ افتتاح مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں دن گیارہ بجے تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا ۔ عزیزم عدیل احمد طاہر نے تلاوت کی۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

اس پروگرام میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے چار بچوں کی آمین بھی ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے ان بچوں سے قرآن سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف کروایا اور مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان کیں۔ آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس مسجد کا سنگِ بنیاد مولوی عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے26 ؍ جون 2021ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ42×54 فٹ ہے اور اس میں 250 ؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کے ساتھ مشن ہاؤس کا بھی کچھ حصہ تعمیر کیا گیا ہےا ور اس میں سولرسسٹم اور ایم ٹی اے کا انتظام بھی موجود ہے تا احبابِ جماعت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات سے مستفیض ہو سکیں۔

نمازیوں کی سہولت کے لئے ٹائلٹ اور غسل خانہ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

اس بابرکت تقریب میں ایک ممبر پارلیمنٹ، بٹالین کمانڈر، ایک سابقہ صوبائی سیکرٹری، ایک سابقہ منسٹر، دو پیراماؤنٹ چیفس، تین چیفڈم امام، ٹاؤن امام، سیکشن امام، ڈسٹرکٹ چیف امام متعدد غیرازجماعت احباب سمیت 340؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

احمدیہ مسجد مانڈو جماعت

مؤرخہ17؍ جون کو تقریب کا باقاعدہ افتتاح مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں دن گیارہ بجے تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا ۔ جس کے بعد مولوی یوسف عبداللطیف بائیاں صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔

اس کے بعد اطفال اور ناصرات نے کورس میں نماز سادہ، وعدہ، قرآن و حدیث کی دعائیں زبانی پڑھ کر سنائیں۔

اس مسجد کا سنگِ بنیاد مولوی عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے13؍مارچ 2018ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ35×40 فٹ ہے اور اس میں 200؍نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس مسجد کے ساتھ ایک مشن ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہےا ور احبابِ جماعت کے لئے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ سننے کے لئے سولر سسٹم اور ایم ٹی اے بھی انسٹال کیا گیا ہے۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف پیش کیا اور مسیحِ موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد اور آپ کا مقام و مرتبہ بیان کیا۔

چیف امام بو ، پیراماؤنٹ چیف کے نمائندہ اور ایک سابق کونسلر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی کوششوں کو سراہا اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں چیف امام بو ڈسٹرکٹ، پیراماؤنٹ چیف کے نمائندہ، سابق کونسلر، چیفڈم امام، 10 لوکل اماموں، سکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ اور غیرازجماعت احباب سمیت 280 ؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

احمدیہ مسجد جاما کووا، کووا چیفڈم، میامبا چیفڈم

مؤرخہ 28؍ جون کو تقریب کا باقاعدہ افتتاح مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں دن گیارہ بجے تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا ۔ مولوی اسماعیل کونٹے صاحب نے تلاوت کی اور مولوی یوسف عبداللطیف با ئیاں نے مینڈے ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں جماعت کا تعارف پیش کیا اور مساجد کی تعمیر کی غرض و غایت بیان کی۔ جس کے بعد بعض مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس مسجد کا سنگِ بنیاد مولوی عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو نے 11؍ نومبر 2020 ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا۔ اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 35×45 ہے اور اس میں 200 نمازیوں کی گنجائش ہے۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت مسجد کا نام مسجد بیت العزیز عنایت فرمایا ہے۔

اس بابرکت تقریب میں ایک پادری، چیفڈم چیف امام، ایک چیف، ایک ریجنٹ چیف، متعدد غیر ازجماعت اماموں اور دوستوں سمیت کل 470 افراد نے شرکت کی۔

مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اگست 2021