• 6 مئی, 2024

محترم چوہدری لطیف احمد جھمٹ واقف زندگی وفات پا گئے

مکرم ایم۔ ایم۔ طاہر یہ افسوس ناک اطلاع دیتے ہیں۔
احباب جماعت کو افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ محترم چوہدری لطیف احمد جھمٹ واقف زندگی سابق وکیل المال الثالث مورخہ 3 اگست 2022ء بروز بدھ 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مورخہ 4 اگست بروز جمعرات دن دس بجے احاطہ صدر انجمن احمدیہ میں محترم مولانا مبشر احمد کاہلوں صاحب نے آپ کی نماز جنازہ پرھائی اور بہشتی مقبرہ دارالفضل کے قطعہ نمبر 12 میں تدفین کے بعد محترم مولانا صاحب نےہی دعا کروائی۔

محترم چوہدری لطیف احمد جھمٹ صاحب 27 جنوری 1943ء کو محترم چوہدری غلام مرتضیٰ صاحب باریٹ لاء سابق وکیل القانون کے ہاں پیدا ہوئے۔ 1966ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم ایس سی ریاضی کیا اور تعلیم الاسلام کالج ربوہ میں لیکچرار مقرر ہوئے۔ 1968ء میں آپ سیرالیون تشریف لے گئے۔ جہاں جماعتی سکولز میں بطور استاد اور پرنسپل 1994ء تک یعنی 26 سال خدمت کی توفیق پائی۔ آپ نے 1971ء میں باقاعدہ زندگی وقف کی۔ افریقہ میں آپ کی خدمات کے اعتراف میں 2018ء میں آپ کو حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’عبدالرحیم نیر ایوارڈ‘‘ سے نوازا۔ 1994ء میں افریقہ واپسی پر آپ نے تحریک جدید میں 5 سال نائب وکیل المال ثانی پھر سات سال نائب وکیل المال ثالث خدمت کی توفیق پائی۔ جنوری 2007ء تا جون 2020ء وکیل المال ثالث اور 20 جون 2020 تا 20 ستمبر 2021ء وکیل صنعت و تجارت رہے۔ اسی دوران آپ نے سیکرٹری کمیٹی آبادی کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ بطور مرکزی نمائندہ سیرالیون کے دورہ کا اعزاز بھی ملا۔مجلس انصاراللہ پاکستان میں آپ 1997ء سے 2014ء تک قائد تربیت نومبائعین، قائد وقف جدید اور قائد تحریک جدید رہے۔ آپ باسکٹ بال کے مایہ ناز کھلاڑی تھے اور مجلس صحت مرکزیہ میں آپ باسکٹ بال کے نگران رہے۔ انصاراللہ پاکستان کی سپورٹس ریلی پر بھی آپ شعبہ مقابلہ جات میں بھر پور خدمت کی توفیق پاتے رہے۔

آپ جماعت کے ایک معروف خدمت گار گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔آپ کے دادا حضرت میاں محمد دین صاحب واصل باقی نویس 313 صحابہ کی فہرست میں تیسرے نمبر پر شامل ہیں۔ آپ کے تایا حضرت صوفی غلام محمد صاحب ناظر بیت المال خرچ اور ایڈیشنل ناظر اعلیٰ تھے۔ جبکہ آپ کے والد چوہدری غلام مرتضیٰ صاحب وکیل القانون تحریک جدید رہے۔ محترم چوہدری مبارک مصلح الدین احمد صاحب سابق وکیل التعلیم آپ کے تایا زاد تھے۔

آپ نے پسماندگان میں بیوہ رشیدہ بیگم صاحبہ کے علاوہ ایک بیٹی مکرمہ امة النصیر صائمہ اہلیہ سرفراز احمد چٹھہ صاحب صدر محلہ دارالصدر شمالی انوار اور ایک بیٹا احمد رضا صاحب مقیم آسٹریلیا چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ