• 5 مئی, 2024

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ Kenge کونگو کنشاسا

اللہ کے فضل و کرم سے امسال جماعت احمدیہ Kenge کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔فالحمد للّٰہ علیٰ ذلک۔

اس جماعت میں خدا کے فضل سے اسی موقع پر مسجد بیت الفتوح کا افتتاح بھی ہوا۔جلسہ کا سارا انتظام مسجد سے ملحقہ کشادہ پلاٹ میں کیا گیا۔ اس پلاٹ کی زمین نا ہموار اور ریتلی تھی۔ خدام نے دو ہفتہ کا وقار عمل کر کے اس جگہ کو ہموار اور پکا کیا۔

ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم عطا ء القیوم صاحب اپنی ٹیم کے ہمراہ Kikwit سے Kenge آٗئے اور جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔اس سلسلہ میں تمام ناظمین اور کارکنان کے ساتھ تفصیلی میٹنگ ہوئی۔

مؤرخہ 18جون کو مکرم و محترم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا مکرم انس محمد موسو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ہمراہ Kenge پہنچے۔

جلسہ سالانہ کا انعقاد مؤرخہ 19جون 2022ءکو ہوا۔دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔صبح پانچ بجے مکرم امیر صاحب کی اقتداء میں نماز فجر ادا کی گئی۔اس کے بعد لوکل معلمین کی طرف سے درس القرآن، درس حدیث اور درس ملفوظات پیش کیا گیا۔بعد ازاں احباب کی تواضع ناشتہ سے کی گئی۔

پروگرام جلسہ

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تقریب لوائے احمدیت سے ہوا جو مکرم امیر صاحب نے لہرایا۔ جس کے بعد دعا ہوئی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم Alfan Mabuma صاحب لوکل معلم نے کی۔ اس کے بعد مکرم عطاء القیوم صاحب ریجنل مبلغ نے منظوم کلام پیش کیا۔ پہلی تقریر مکرم Haroon Kongolo صاحب لوکل معلم نے کی جس کا عنوان تھا جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کی تربیت کے تقاضے کے عنوان پر ایک پر اثر خطاب فرمایا۔ خطاب کے اختتام پر مجلس سوال و جواب کا انعقاد بھی ہوا۔اس مجلس کے بعد پہلے سیشن کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔

دوسرا سیشن

دوسرے سیشن کا آغاز دو بجے دوپہر ہوا۔اس سیشن کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ مکرم امیر صاحب نے نئی تعمیر شدہ مسجد بیت الفتوح کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم عطاء القیوم صاحب ریجنل مبلغ نے کی۔اس کے بعد مکرم Haroon Kongolo صاحب لوکل معلم نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس سیشن کی پہلی تقریر مکرم عیسیٰ Museju صاحب لوکل معلم نے مسجد کی اہمیت کے موضوع پر کی۔ پھر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی جس میں آپ نے امام مہدی کے ظہور اور تعمیر مساجد کے حوالہ سے گفتگو کی۔ اختتامی خطاب کے بعد مکرم و محترم امیر صاحب نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد حاضرین جلسہ کی لذیذ طعام سے تواضع کی گئی۔

حاضری

جلسہ کی حاضری 869 تھی۔جن میں 528احمدی احباب تھے اور 325 غیر از جماعت احباب۔ 25 حکومتی عہدیداران نے بھی جلسہ کی کارروائی سے حظ اٹھایا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے Kenge جماعت کے علاوہ گرد و نواح کی 22دیگر جماعتوں کے احمدی و غیر احمدی احباب نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی توفیق پائی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذلک۔

میڈیا کوریج

جلسہ کی کوریج دو مقامی ریڈیو RTNK اور RKL اور ایک ٹی وی RTNC نے کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ منتظمین اور شاملین کے لیے اس جلسہ کو بابرکت بنائے اور جماعت احمدیہ کے لیے موجب ترقیات بنائے۔آمین۔

(رپورٹ:شاہد خان۔مبلغ سلسلہ کونگو کنشاسا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ