• 27 اپریل, 2024

عشرہ تحریک جدید، ستمبر 2021 آئیوری کوسٹ

جماعتی روایات کے مطابق احباب جماعت میں نظام ِ تحریک جدید کی اہمیت کو بیدار رکھنے کے لئے عموماً سال میں دو مرتبہ عشرہ تحریک جدید منایا جاتا ہے۔ جس دوران افراد جماعت کو تحریک جدید کے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ جس میں انہیں جہاں اس تحریک کے لئے چندہ کی ادائیگی کی طرف شاملین کو توجہ دلائی جاتی ہے تو وہیں احباب جماعت کو تحریک جدید کے بقیہ مطالبات مثلاً سادہ زندگی گزارنا، وقف زندگی وغیرہ کی طرف بھی توجہ دلائی جاتی ہے۔ انھیں جماعتی روایات کو جاری رکھتے ہوئے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ (côte d’ivoire)، مغربی افریقہ کو بھی سالانہ پروگرام کے تحت دوسرا عشرہ تحریک جدید مورخہ 10 ستمبر بروز جمعہ تا 20 ستمبر 2021 منانے کی سعادت نصیب ہوئی۔

عشرہ کےآغاز سے قبل مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے تمام ریجنل مبلغین کو عشرہ کو کامیاب بنانے کے متعلق عمومی ہدایات دیں۔دوران عشرہ مختلف مقامات پرمبلغین و معلمین کرام نےاحباب جماعت میں اس تحریک کی اہمیت کو جگانے کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بیان فرمودہ خطبات بعنوان تحریک جدید کا مقامی زبان جولا (Djoula) میں ترجمہ کے ساتھ احباب جماعت کو سنوایا نیز اپنے خطبات جمعہ میں بھی تحریک جدید کے متعلق احباب جماعت کواسکے متعلق آگاہ کیا۔اس عشرہ کے دوران آئیوری کوسٹ کے سبھی ریجنل مبلغین کرام و لوکل معلمین کرام نے کل 165 جماعتوں میں خطبات و دروس کا اہتمام کیا۔ کئی مقامات پر ریجنل مبلغین کرام نے انفرادی طور پر بھی احباب جماعت سے ملاقات کر کے انھیں اس کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ جس میں احباب جماعت کو تحریک جدید کے ذریعے ہونے والی ترقیات نیز اس چندہ کے ذریعے ہونے والے جماعتی کاموں سے آگاہ کیا گیااور انہیں چندہ کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔چنانچہ ان جماعتوں میں کل 80 خطبات بعنوان تحریک جدید دیئے گئے جس کے شاملین کی تعداد 8000 کے قریب رہی جبکہ بعد از نماز فجر و مغرب 170دروس کے ذریعے 2100 افراد کو اس موضوع پر آگاہی دی گئی۔

ان خطبات، دروس و انفرادی ملاقاتوں کے ذریعے 165 جماعتوں کے کل 6000سے زائد افراد نے لبیک کہتے ہوئے عشرہ کے دوران اس بابرکت تحریک میں الحمد للہ تقریباً ساڑھے سات لاکھ فرانک سیفا کی رقم بطور چندہ ادا کی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام احباب جماعت کے مال و نفوس میں خاص برکت عطا کرے نیز پیارے آقا کی نصائح کے مطابق انھیں حقیقی معنوں میں انفاق فی سبیل اللہ کی روح کو سمجھتے ہوئے مالی قربانی کرنے کی توفیق عطا فرماتا جائے اورانھیں تحریک جدید کے بقیہ مطالبات پر بھی کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا کرتاجائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ