• 5 مئی, 2024

سیرالیون کے واٹرلو Waterloo ریجن میں مسجد کا افتتاح و تقریبِ آمین

سیرالیون کے واٹرلو Waterloo
ریجن میں مسجد کا افتتاح و تقریبِ آمین

مکرم افتخار احمد گوندل صاحب ریجنل مبلغ واٹر لو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مورخہ 8 ؍ جنوری کو واٹر لو ریجن کی جماعت مارومبا ٹاؤن Maromba Townمیں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ مسجد کے افتتاح کے ساتھ ایک تقریبِ آمین بھی منعقد ہوئی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ کچھ عرصہ قبل ہی ہوا تھا اور ان کی تربیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس علاقہ میں مسجد کےقیام کی ضرورت محسوس ہوئی۔ چنانچہ مرکز سے منظوری کے بعد 13؍جنوری 2020 کو خاکسار نے امیرو مشنری انچارج سیرالیون کی نمائندگی میں اس مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔ اس موقع پر اس علاقہ کے اکثر احمدی احباب اور غیر ازجماعت ائمہ بھی سنگِ بنیاد کی اس سادہ تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ اس موقع پر ایک بکرا ذبح کرکے اس کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا گیا۔

اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 30*45 ؍ فٹ ہے اور اس میں قریبا 250 ؍ افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مورخہ 8؍جنوری 2022ء کو افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مکرم محترم مولانا سعیدالرحمن صاحب امیرومشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت مکرم یونس کروما صاحب کو حاصل ہوئی۔ اس کے بعد دو بچیوں عزیزہ سعیدہ فوفانہ اور عزیزہ میمونہ کروما نے حدیث اور اس کا ترجمہ پیش کیا۔ عزیزہ ماریہ کمارا اور عزیزہ آمنہ کمارا نے قصیدہ یاعین فیضِ اللّٰہ والعرفان ترجمہ کے ساتھ پیش کیا۔

اس کے بعد مکمبا ٹاؤن کے ہیڈ میں مکرم سعیدو بنگورا صاحب نے مکرم امیر صاحب اور جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ جماعت احمدیہ نے ہمیں خدا کا گھر خوبصورت مسجد کی شکل میں بنا کردیا ہے جس سے گاؤں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔ چرچ ممبر مسٹر سیموئیل نے بھی اس گاؤں میں مسجد کی تعمیر کو سراہا اور جماعت کو ویلکم کہا۔

13؍ دیہاتوں سے غیر ازجماعت ائمہ کرام اور دیگر اہم چیفس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مکرم نزیر احمد علی کمانڈا بونگے جو کہ سیرالیون کی نیشنل فائر فورس کے چیف فائر آفیسر ہیں اور واٹر لو جماعت کے صدر اور نیشنل ایگزیکیٹو ممبر بھی ہیں انہوں نے اس زمانے میں حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد کے ساتھ ساری دنیا میں اسلام کے احیائے نو اور مساجد کی بکثرت تعمیر کے سلسلہ میں جماعت احمدیہ کی مساعی اور کواشوں کے بارے میں بتایا۔

مکرم امیر صاحب نے آنحضرت ﷺ کی پیشگوئیوں کے مطابق ظہور امام مہدی و مسیح موعود ؑ کے متعلق تفصیل سے بیان فرمایا۔ اور بتایا کے جماعت احمدیہ خدا کے فضل سے مخالفتوں کے باوجود بڑی شان سے ہر میدان میں آگے بڑھتی چلی جارہی ہے۔ اور ہر شعبہ میں خدمتِ انسانیت میں پیش پیش ہے۔ نیز اسلام کے مختلف فرقوں میں راہ پا جانے والی متفرق غیر اسلامی بدعتوں کا بھی اللہ کے فضل سے آہستہ آہستہ خاتمہ ہو رہا ہے۔

مکرم امیر صاحب نے خطاب کے بعد باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا وردعا کروائی جس کے بعد آپ نے اس مسجد میں نمازظہر باجماعت پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کے لئے ظہرانہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔نمائندہ الفضل آن لائن سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 فروری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ