• 28 اپریل, 2024

جلسہ جات’’یوم مصلح موعود ؓ ‘‘ تنزانیہ

جماعت احمدیہ کی تاریخ میں 20 فروری کا دن خاص اہمیت کا حامل ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس روز اللہ تعالیٰ سے خبر پا کر مصلح موعود کی آمد کی پیشگوئی اپنی صداقت کے ثبوت میں پیش کی۔ اور آج اس دور میں تمام احمدی مسلمان اکنافِ عالم میں اس پیشگوئی کے حرف بہ حرف پورا ہونے پہ گواہ ہیں۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا 52 سالہ دور خلافت، آپ رضی اللہ عنہ کی اسلام کی خدمت اور عوام الناس کی اصلاح کے لئے آپ کی کاوشیں اس پیشگوئی کی تکمیل کا ثبوت ہیں۔

احمدیہ مسلم جماعت تنزانیہ پیشگوئی مصلح موعود کی تکمیل کی خوشی میں ہر سال ماہ فروری میں پورے ملک میں اجلاسات کا انعقاد کرتی ہے۔ امسال بھی محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے توفیق ملی۔ ملکی، علاقائی اور مقامی جماعتوں کی سطح پر 200 کے قریب مقامات میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پیشگوئی مصلح موعود کے حوالہ سے تقاریر و خطابات سے 300 سے زائد جماعتوں کے 8408 افراد جماعت مستفید ہوئے اور 1462 غیر از جماعت افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ۔ اسی دن کی مناسبت سے ایک ریجن میں خدام نے خون کا عطیہ دیا۔ بعض دیگر ریجنز میں یوم مصلح موعود کے حوالہ سے فٹ بال کے میچز کروائے گئے، جس سے نوجوان نسل میں حضرت فضل عمر رضی اللہ عنہ کا تعارف ہوا۔

تمام جلسہ جات کا آغاز جماعتی روایات کے مطابق تلاوت و نظم سے ہوا۔ مقررین نے اجلاسات میں پیشگوئی مصلح موعود ؓ کی تاریخ و پس منظر، اہمیت، ظہور، تکمیل، اس کے حوالہ سے ہماری ذمہ داریاں اور دور خلافت ثانیہ کے حالات و واقعات کے عناوین پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی سیرت اور پیشگوئی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی گئی۔ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ اور استحکام خلافت، آپ کے کارنامے، تحریکات، جماعت کے تنظیمی ڈھانچہ کی تشکیل اور کشمیر کے مسلمانوں کے لئے آپ کی مساعی کے موضوع پر بھی خطابات ہوئے۔ اسی طرح ریڈیو احمدیہ مٹوارا نے سارا دن اسی مناسبت سے متعدد پروگرامزنشر کئے۔ ملکی الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ بھی اجلاسات کی کارگزاری اور جماعت کا تعارف طولو عرض میں ہوا۔

(ڈاکٹر فضل الرحمان بشیر ۔تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 مارچ 2020