• 25 اپریل, 2024

مالی کے تیرھویں جلسہ سالانہ کا انعقاد

اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بے شمار احسانات میں سے ایک احسان جلسہ سالانہ کے نظام کا اجراء ہے۔ جلسہ سالانہ کے ذریعہ سے جہاں احباب کے روحانی، اخلاقی اور علمی معیا ر بلند ہوتے ہیں وہیں ان جلسہ جات کے ذریعہ سے احباب جماعت میں محبت، اخوت اور بھائی چارہ فروغ پاتا ہے۔ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام بیان فرماتے ہیں کہ
’’۔۔۔ اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خداتعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔‘‘

(اشتہار 7دسمبر 1892ء۔ مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ340تا 341)

جلسہ سالانہ کا پودا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے 1891ء میں اپنے ہاتھ سے لگایا تھا آج اللہ کے فضل سے ایک تناور اور مضبوط درخت بن گیا ہے جس کی شاخیں دنیا کے ہر ملک جہاں نظام جماعت قائم ہے پھیل چکی ہیں اور مختلف ممالک میں پھلے ہوئے احمدی اس درخت کی سایہ دار برکات اور پھلوں کی مانند فیوض سے مستفیض ہو رہے ہیں۔

گزشتہ دو سال سے کرونا کی وبا کی پابندیوں کے باعث مالی میں جلسہ سالانہ کا انعقاد نہ ہوسکا۔ امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت کے بعد جماعت احمدیہ مالی کو حکومتی پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھ کرمؤرخہ 25تا 27مارچ 2022ء کو ’’حدیقۃ المہدی‘‘ کولیکورو میں اپنے تیرھویں جلسہ سالانہ کے کامیاب اور بابرکت انعقاد کی توفیق ملی۔امسال جلسہ سالانہ کا موضوع ’’اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ‘‘ تھا۔

تیاری جلسہ سالانہ

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی منظوری کے بعد جماعت احمدیہ مالی کی طرف سے سرکاری سطح پر حکومت سے اجازت حاصل کی گئی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مکرم محمد داؤد صاحب کی بطور افسر جلسہ سالانہ مالی 2022ء کے لئے منظوری عطا فرمائی۔ جلسہ کے جملہ کاموں کو 28 مختلف نظامتوں اور ضمنی نظامتوں میں تقسیم کیا گیا اور مختلف میٹنگز کے بعد ہر شعبہ کا کام اس کے سپرد کیا گیا۔ میٹنگز کے آخر پر مکرم ظفر احمدبٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی کی طرف سے ناظمین کو تمام ضروری ہدایات دی گئیں اور انہیں دعا کیساتھ کام کے آغاز کرنے کا کہا گیا۔ لجنہ کے حوالے سے انتظامات کے لئے صدر لجنہ نیشنل مالی نے خواتین عہدیداران پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دی۔

مختلف وقار عمل کرکے حدیقہ المہدی جلسہ گاہ کو جلسہ کے لئے تیا ر کیا گیا۔ان وقار عمل میں جلسہ گاہ کی صفائی کے علاوہ مردانہ و زنانہ جلسہ گاہیں بنائی گئیں، عارضی رہائش گاہیں تعمیر کی گئیں، جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش مختلف قسم کے بینرز اور جھنڈیوں سے کی گئی، عارضی لنگر خانہ تیار کیا گیا اور مختلف شعبہ جات مثلاً بازار، ہیومینیٹی فرسٹ، جماعتی کتب کی نمائش کے حوالے سے عارضی ٹینٹ لگائے گئے۔

اللہ تعالیٰ کےفضل سے جماعت احمدیہ مالی کو 2017ء میں دارلحکومت بماکو سے تقریبا ً 50کلومیٹر کے فاصلے پر اللہ تعالیٰ نے ساڑھے بارہ ہیکٹر زمین بطور جلسہ گاہ کے خریدنے کی توفیق عطا کی تھی۔ جلسہ گاہ میں علاوہ مختلف تعمیرات کے مردانہ جلسہ گا ہ کا 40میٹر چوڑا اور 24میٹر لمبا مستقل شیڈ تعمیر کیا جا چکا ہے۔

جلسہ سے میں شرکت کے لئے دعوت نامے چھپوا کر حکومتی، نجی، مذہبی اور سماجی شخصیات تک بھجوائے گئے۔ جلسہ سالانہ میں زیا دہ سے زیادہ شمولیت کے لئے جلسہ سالانہ کی کثرت کے ساتھ سوشل میڈیا، جماعتی ریڈیوز اور لیف لیٹس کے ذریعہ تشہیر کی گئی۔

جلسہ سالانہ مالی کا آغاز اور پہلا دن

جلسہ سالانہ مالی سے ایک روز قبل مالی کے مختلف ریجنز سے احباب جماعت کے وفود کی آمد کا سلسلہ حدیقۃ المہدی جلسہ گاہ میں جاری ہو گیا۔ جلسہ سالانہ مالی میں شمولیت کے لئے مالی کے ہمسایہ ملک نائیجر سے مکرم صدرمجلس انصار اللہ نائیجر کی سربراہی میں چار رکنی وفد ایک طویل سفر کر کے پہنچا۔

مؤرخہ 25مارچ بروز جمعۃالمبارک جلسہ سالانہ مالی کے پہلے دن کا آغاز اللہ تعالیٰ کے فضل نماز تہجد باجماعت کیساتھ ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد درس قرآن کریم ہوا۔ جلسہ سالانہ کے باقاعدہ آغاز سے قبل حسب روایت مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے افسر جلسہ سالانہ اور دیگر مہمانان خصوصی کے ہمراہ جلسہ گاہ کا معائنہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات کو حسب ضرورت ہدایات دیں۔ جمعہ کی نمازسےقبل اللہ تعالیٰ کے فضل سے مالی کے اکثر ریجنز سے وفود پہنچ چکے تھے اور حدیقۃ المہدی جمعہ کی نماز سے قبل امام مہدی علیہ السلام کے جانثاران پر مشتمل ایک چھوٹے شہر کا منظر پیش کر رہا رتھا۔

جمعہ کا خطبہ مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے پڑھایا جس کے بعد نماز جمعہ اور عصر ادا کی۔ اپنے خطبہ میں انہوں نے جلسہ سالانہ کی اہمیت کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ہدایات کی روشنی میں بیا ن کیا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین جلسہ سالانہ مالی نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو بمبارا زبان میں ترجمہ کیساتھ سنا۔

شام 4بج کر 15منٹ پر نعرہائے تکبیر اور لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ کی گونج میں لوائے احمدیت لہرا کر مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی کے جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مالی کا جھنڈا مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے لہرایا۔ پرچم کشائی اور دعا کے فوراً بعد جلسہ سالانہ مالی کے افتتاحی سیشن کاآغاز ہوا۔

اس سیشن کی صدرارت مکرم امیر صاحب مالی نے فرمائی۔ حسب روایت تلاوت قرآن کریم کیساتھ آغاز ہوا۔ قصیدہ کے بعد مکرم محمد داؤد صاحب نے جلسہ سالانہ کے مہمانا ن جس میں اعلیٰ حکومتی اور نجی شخصیات بھی شامل تھیں کو خوش آمدید کہا اور ان کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مکرم مولانا ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے افتتاحی خطاب فرمایا۔ اپنے خطاب میں آپ نے جلسہ سالانہ کے موضوع ’’اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ‘‘ پر قرآن کریم، حدیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ افتتاحی خطاب کے بعد معزز مہمانان کرام اور حکومتی شخصیات نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا اور جلسہ کے انتظامات کی تعریف کی۔ دعا کے بعد افتتاحی سیشن کا اختتام ہوا اور انماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ رات کے کھانے کے بعد جماعت احمدیہ مالی پر سال بھر ہونے والے اللہ تعالیٰ کے افضال کو شاملین جلسہ کوویڈیو پرجیکشن کے ذریعہ دکھا یا گیا جسے احباب جماعت نے بہت پسند کیا۔

جلسہ سالانہ مالی کا دوسرا دن

مؤرخہ 26مارچ 2022ء بروز ہفتہ جلسہ سالانہ مالی کے دوسرے دن کا آغاز اللہ تعالیٰ کے فضل سے نماز تہجد باجماعت کیساتھ ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد حاضرین جلسہ سالانہ نے درس قرآن کریم سناجس کو مکرم محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری نے پیش کیا۔

دوسرے دن کے پہلے سیشن کا آغاز 9 بجے تلاوت قرآن کریم کیساتھ ہوا۔ اس سیشن کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نائیجر نے فرمائی۔ قصیدہ کے بعد علمائے کرام جن میں مکرم عبدالوھاب صاحب دامبلے لوکل مشنری نے ’’وصیت ایک روحانی نظام‘‘، مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے ’’نماز اصلاح نفس کا ذریعہ‘‘، مکرم مستنصر حسین صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’شہدائے احمدیت‘‘ اور مکرم محمد لامین کوناتے صاحب معلم سلسلہ نے ’’شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عناوین پر تقاریر کیں۔ ان تقاریر کے بعد معزز مہمانان کرام نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔ سیشن کے اختتام کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کی گئی۔

دوسرے دن کے دوسرے سیشن کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم کیساتھ ہوا۔ اس سیشن کی صدارت مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے کی۔ نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم احمد کوکینا صاحب لوکل مشنری نے ’’سماجی تقاریب کو منانے کا اسلامی طریق‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرم سعید تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے ’’خلافت، عبادت الٰہیہ کو قائم کرنے کا ذریعہ‘‘ کے عنوان پر کی۔ مہمانان کے تأثرات کے بعد اس سیشن کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب اور عشاء ادا کی گئیں۔ رات کے کھانے کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کی گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بخیر و خوبی دوسرے دن کا اختتام ہوا۔

جلسہ سالانہ مالی کا تیسرا دن

مؤرخہ 27مارچ 2022ء بروز اتوار جلسہ سالانہ مالی کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد باجماعت کیساتھ ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد درس قرآن کریم مکرم سایو تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے پیش کیا۔

جلسہ سالانہ مالی کے آخری سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم کیساتھ صبح وقت مقررہ پر 9بجے ہوا۔ اس سیشن کی صدرارت مکرم مولانا ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے فرمائی۔ نظم کے بعد دو تقاریر جن میں مکرم ادریس کولیبالی صاحب لوکل مشنری نے ’’وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے‘‘ اور مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ذات پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات‘‘ کے عناوین پر کیں۔ ان تقاریر کے بعد مختلف نومبائعین نے تائیدی نشانات جنھیں دیکھ کر انہیں بیعت کرنے کی توفیق ملی، بیان کئے۔ ان ایمان افروز واقعات کے بیان کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں پانے والے طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔اس کے بعد لجنہ اماء اللہ کے گروپ نے قصیدے پیش کئے۔

جلسہ سالانہ مالی کا اختتامی خطاب مکرم مولانا ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے فرمایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حاضرین جلسہ سالانہ کو عبادت کے معیار بلند کرنے، خلافت احمدیہ سے مضبوط تعلق پیدا کرنے،نظام جماعت کی اطاعت اور رمضان المبارک کے مہینے کے حوالے سے قرآن کریم، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں نصائح کیں۔اختتام سے قبل مکرم امیر صاحب نے تمام معزز مہمانان کرام، کارکنان جلسہ سالانہ اور تمام حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جلسہ سالانہ مالی کو ہر لحاظ سے کامیاب کیا۔پر سوز اختتامی دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے بے شمار رحمتوں و فضلوں کو سمیٹتا ہوا جلسہ سالانہ مالی اپنے اختتام کو پہنچا۔

دوپہر کے کھانے کے بعد مختلف علاقوں سے آئے ہوئے احباب جماعت کے وفود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حاضرین جلسہ سالانہ کے لئے کی گئی دعاؤں سے اپنی جھولیوں کو بھرتے ہوئے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔

جلسہ سالانہ کی حاضری

جلسہ سالانہ مالی 2022ء میں مالی کے 29 ریجنز کے 327مختلف مقامات کے 5496مرد و خواتین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ممالک نائیجر کے وفد کے علاوہ بورکینا فاسو اور آئیوری کوسٹ کے احباب جماعت نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ اسی طرح 360سے زائدغیر از جماعت احباب شامل ہوئے جن میں اکثر امام، چیف آف ویلج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہو رہے تھے۔

بیعتیں

جلسہ سالانہ میں بہت بڑی تعداد میں غیر از جماعت افراد شامل ہوئے اور جلسہ سالانہ کے روحانی ماحول کا ان پر گہرا اثر ہواجس پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے دوران 124افراد کو احمدیت میں داخل ہونے کی توفیق ملی۔

پریس اینڈ میڈیا

جلسہ سالانہ مالی کے آغاز سے قبل ملک کے مختلف ٹیلیویژن، ریڈیواسٹیشنز، اخبارات، رسائل اورآن لائن اخبارات کے نمائندوں کو دعوت دی گئی۔ جس پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملکی میڈیا و پریس کے نمائندے بڑی تعداد میں جلسہ میں شامل ہوئے۔جلسہ سالانہ کے اختتام پر ملک کے نیشنل ٹیلیویژ ن سمیت 5 ٹیلیویژن نے جلسہ سالانہ مالی کے حوالے سے رپورٹ نشرکی۔جماعت احمدیہ کے 15ریڈیو اسٹیشنز پر جلسہ کی تینوں دن کی تمام کاروائی نشر کی گئی جسے احمدی احباب اور غیر ازجماعت احباب نے مالی کے مختلف شہروں میں گھر بیٹھے سنا اور بہت پسند کیا۔اس کے علاوہ 3 اخبارات اور 3 آن لائن اخبارات نے جلسہ سالانہ مالی کے حوالے سے رپورٹ شائع کی۔ ایک محتاظ اندازے کے مطابق پریس اور میڈیا کے ذریعہ سے تقریباً 10ملین افراد تک جماعت احمدیہ اور جلسہ سالانہ کامثبت تعارف پہنچا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ

آخر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جن مقاصد کے لئے پیارے امام علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کا آغاز کیا تھا اللہ کرے کہ ان مقاصد کو کما حقہ ہم حاصل کرنے والے بنیں۔ آمین

(رپورٹ: احمد بلال مغل۔مبلغ سلسلہ مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ