• 27 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

٭ مکرم سید شمشاد احمد ناصر ، مبلغ سلسلہ امریکہ لکھتے ہیں کہ ہماری بچی عزیزہ شاہدہ سلطانہ (جو کہ میری بیگم کی چھوٹی بہن تھیں) گزشتہ ہفتہ 31 جولائی 2021ء شام کو اپنے اللہ کو پیاری ہو گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

عزیزہ شاہدہ کی وفات کا سب کو بہت صدمہ ہے مگر اللہ تعالیٰ کی قضاء پر سب راضی ہیں۔ اللہ تعالیٰ عزیزہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

عزیزہ بچپن ہی سے نیک، صالحہ اور دینی امور میں بہت پابند اور فکر سے عمل کرنے والی تھیں۔

پیدائش 8 دسمبر 1972ء کو ہوئی اور وفات 31 جولائی 2021ء۔ اس مختصر سی زندگی میں اپنے سارے مفوضہ امور بہت تندہی کے ساتھ بجا لاتی رہیں۔

شادی کے بعد خاوند اور سسرال والوں کا بہت خیال رکھا۔ بچوں کو قرآن شریف پڑھایا۔ احمدی بچوں کو بھی اور غیراحمدی بچوں کو بھی اور قرآن مجید پڑھانے کے لئے کوئی وقت مقرر نہیں تھا جب بھی کوئی بچہ قرآن شریف پڑھنے آتا توفوری اسی وقت پڑھانا شروع کر دیتیں۔

عزیزہ شاہدہ اور اُن کے میاں چوہدری محمد اکرم شفیق صاحب اور بچے 2015ء میں امریکہ ملواکی میں آکر رہائش پذیر ہوئے۔ گزشتہ 6 ماہ سے گال بلیڈر کے کینسر میں مبتلا تھیں۔

آپ کی بیٹی عزیزہ ملیحہ نے بتایا کہ بیماری میں امی نے نہ ہی حوصلہ ہارا اور نہ ہی بے صبری دکھائی۔ بہت ہی صبر اور ہمت کے ساتھ بیماری کا مقابلہ کیا اور ہمیشہ ہی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی رہیں اور بچوں کو بھی دعا کی طرف اور تعلق باللہ کی طرف توجہ دلاتی رہیں۔

مرحومہ نے 1995ء میں وصیت کی تھی۔ پسماندگان میں 2 بیٹے عزیزم بلال احمد اور عزیزم عمر احمد اور ایک بیٹی عزیزہ ملیحہ اور خاوند مکرم چوہدری محمد اکرم شفیق صاحب ہیں۔

عزیزہ شاہدہ کے ایک بھائی مکرم فضل الرحمان ناصر صاحب جامعہ احمدیہ یوکے میں پڑھاتے ہیں اور آپ کے ایک بہنوئی مکرم حافظ انور احمد صاحب ربوہ میں مربی ہیں اور آپ کی سب سے بڑی بہن مکرمہ صفیہ سلطانہ صاحبہ خاکسار کے گھر ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ عزیزہ کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اگست 2021