• 25 اپریل, 2024

برکینا فاسو،ریجن بوبو جلاسو میں کتب کی نمائش

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سلسلہ عالیہ احمدیہ کی پہلی شاخ تالیف و تصنیف کے سلسلہ کو قرار دیا ہے۔ جبکہ دوسری شاخ اشتہارات جاری کرنے کا سلسلہ ہے۔ جو بحکم الٰہی اتمام حجت کی غرض سے جاری ہے۔

(فتح اسلام، روحانی خزائن جلد3 صفحہ12 تا 13)

آج بفضلہ تعالیٰ دنیا بھر میں جماعت احمدیہ لا تعداد کتب اور اشہتارات شائع کر رہی ہے۔ ان کتب اور اشتہارات کی تقسیم بھی ساتھ ساتھ جاری ہے جو روزانہ سعید روحوں کو راہ حق دکھلاتی اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے جھنڈے تلے جمع کرتی جاتی ہے۔

برکینا فاسو کے مختلف ریجن میں دوران سال پمفلٹس کی تقسیم اورکتب کی ایسی نمائشوں کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔ اسی سلسلہ میں 27 ؍جون 2021ء کو بوبو جولاسو شہر کی مجلس انصار اللہ نے ایک قریبی شہر BAMA (باما) میں جماعتی کتب کی نمائش کا پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔ یہ نمائش بر لب سٹرک ہفتہ وار مارکیٹ میں لگائی گئی۔ ا س مارکیٹ میں ارد گرد کے دیہات کے لوگ خرید و فروخت کے لئے آتے ہیں۔ مجلس انصار اللہ کے آٹھ ممبران نے ا س پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے محنت کی۔ یہ ممبران اسٹال پر کھڑے رہے اور نمائش وزٹ کرنے کے لئے آنے والے لوگوں میں پمفلٹس تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ جماعت کا تعارف کرواتے رہے۔

دوران نمائش ایک معزز شخص جو مذہباً عیسائی ہیں تشریف لائے۔ انہوں نے جب مختلف موضوعات پر جماعتی کتب دیکھیں تو ان سے بہت متاثر ہوئے۔ حضرت خلیفہ الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب

World Crisis and Pathway to peace

کے مندرجات دیکھ کر بہت حیران ہوئے۔فوری طور پر اس کتاب کی قیمت پوچھی۔ اسٹال پر ا س کتاب کی قیمت 1500 تھی مگر انہوں نےدس ہزار فرانک سیفا ادا کئے اور کہا کہ جو عظیم الشان کام آپ کر رہے ہیں میری طرف سے اس کام کے لئے تھوڑا سا حصہ ڈال لیں اور یہ زائد رقم رکھ لیں۔ انہوں نے کہا مجھے علم ہے کہ جماعت احمدیہ غیرمعمولی خدمات دنیا بھر میں سر انجام دے رہی ہے۔

اس نمائش کو چار صد کے قریب مسلمان اور غیر مسلموں نے وزٹ کیا۔ علاقے بھر میں جماعت کا تعارف ہوا۔اس موقع پر 800 پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔

اللہ تعالیٰ اس نمائش کے نیک اثرات ظاہر فرمائے۔

(رپورٹ : حسن جنگانی۔ ریجنل مبلغ بوبو جلاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اگست 2021