• 17 مئی, 2024

’’حیات محمدؐ دیاں سچیاں گلاں‘‘

تقریبِ رونمائی کتاب
’’حیات محمدؐ دیاں سچیاں گلاں‘‘

مورخہ 12 جولائی 2022 کو پنجابی شاعر مکرم حیات محمد صاحب مرحوم آف کلسیاں ضلع شیخوپورہ کی کتاب ’’حیات محمد دیاں سچیاں گلاں‘‘ کی تقریبِ رونمائی ہمبرگ میں منعقد ہوئی۔ پچاس سال قبل اِن کی پہلی کتاب بھی اسی نام سے طبع ہوئی تھی جس کا پیش لفظ محترم مولانا دوست محمد صاحب شاہدؔ مورخ احمدیت نے تحریر فرمایا اورکتاب کا نام مکرم صوبیدار ملک شرافت احمدصاحب مرحوم کارکن وقف جدید نے تجویز کیا تھا۔

موجودہ ایڈیشن میں ان کا مکمل کلام ان کے چھوٹے بیٹے مکرم محمد امین خاں صاحب آف ہمبرگ نے مرکز سے باضابطہ اجازت لے کر پرنٹ کیا ہے۔ کتاب کی تقریب ِ رونمائی میں علاوہ دیگر مہمانان کرام کے مربی سلسلہ ہمبرگ مکرم مولانا لئیق احمد صاحب منیرؔ، لوکل امیر ہمبرگ مکرم شاہد محمود صاحب بھی شامل ہوئے اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔ آپ کی شاعری کا حقیقی موضوع تبلیغ احمدیت ہے۔ کلام کے آغاز میں حمد و نعت کے بعد ’’سی حرفی ’’الف‘‘ سے لیکر ’’ی‘‘ تک تحریر کی گئی ہے۔ اس کے بعد اس میں انہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے اور خلفاء سے محبت، اختلافی مسائل کے علاوہ مخالفین احمدیت کو مخاطب کرکے نظمیں لکھیں ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے آپ کو 1963 میں استخارہ کے بعد ایک رویا کے نتیجہ میں احمدیت قبول کرنے کی سعادت عطا فرمائی۔ آپ 1990 میں اپنے بچوں کے پاس جرمنی آگئے اور 1995 میں قریباً نوّے سال کی عمر میں ہمبرگ میں وفات پائی اور ربوہ میں تدفین ہوئی۔ آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کو رُوبرو نظمیں سنانے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے لنڈن میں سوال وجواب کی ایک محفل میں تعلق باللہ کے ضمن میں آپ کا تعارف بیان کرکے آپ کی رویا اور کشوف کا ذکر ِ خیر فرمایا۔ بعد از تقریب مہمانان کرام کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

(محمد کولمبس خاں۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطاب مستورات جلسۂ سالانہ برطانیہ مؤرخہ 6؍اگست 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ