• 18 اپریل, 2024

دیں کے پھیلانے کے دن

مہدیٔ آخر زماں کا ہوچکا ہے اب ظہور
ہیں بہت جلد آنے والے دیں کے پھیلانے کے دن
اک جہاں مانے گا اس دن ملتِ خیر الرسلؐ
اب تو تھوڑے رہ گئے اس دیں کے جھٹلانے کے دن
چھوڑ دو سب عیش، یارو! اور فکرِ دیں کرو
آج کل ہرگز نہیں ہیں پاؤں پھیلانے کے دن
کچھ صلاحیّت جو رکھتے ہو تو حق کو مان لو
یاد رکھو دوستو! یہ پھر نہیں آنے کے دن
کبر و نخوت سے خدارا باز آؤ تم کہ اب
جلد آنے والے ہیں وہ آگ بھڑکانے کے دن
نام لکھوا کر مسلمانوں میں تُو خوش ہے عزیز!
پر میں سچ کہتا ہوں، ہیں یہ خونِ دل کھانے کے دن
جلد کر توبہ کہ پچھتانا بھی پھر ہوگا فضول
ہاتھ سے جاتے رہیں گے جبکہ پچھتانے کے دن
اک قیامت کا سماں ہوگا کہ جب آئیں گے وہ
مال کی ویرانی کے اور جان کے کھانے کے دن
گو کہ اُس دن پھیل جائے گی تباہی چار سو
جب کہ پھر آئیں گے یارو! زلزلہ آنے کے دن
پھر بھی مژدہ ہے اُنہیں جو دین کے غمخوار ہیں
کیونکہ وہ دن ہیں یقینا ًدیں کے پھیلانے کے دن
یَا مَسِیْحَ الْخَلْقِ عَدْوَانَا پکار اٹھیں گے لوگ
خود ہی منوائے گا سب سے یار منوانے کے دن
ہے دعا محموؔد کی تجھ سے مرے پیارے خدا!
ہو محافظ تُو ہمارا خونِ دل کھانے کے دن

(کلام محمود)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات