• 8 مئی, 2024

چیریٹی واک زیر انتظام مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک ہر سال خدمت خلق کے مختلف پروگرامز منعقد کرتی ہے جن کو ڈینش سوسائٹی میں بڑی پذیرائی ملتی ہے اور جماعت کی نیک نامی کا باعث بنتی ہے۔ انہی پروگراموں میں سے ایک پروگرام لوکل فلاحی تنظیموں کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں مجلس سال بھر میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کرتی ہے جن میں فیملی فن ڈے، چیریٹی ڈنر اور چیریٹی واک شامل ہیں۔

اب تک مجلس Humanity first,Red Barnet Ungdom اور Save the child تنظیموں کے لئے فنڈز اکٹھا کر چکی ہے۔ سنہ 2018ء سے مجلس مسجد نصرت جہاں کونسل میں واقع چار اولڈ ہومز کےلئے فنڈز اکٹھا کرتی ہے اور اس کے لئے مختلف پروگرامز ترتیب دیئے جاتے ہیں۔ امسال مجلس نے 150000 (ڈیڑھ لاکھ) کرونز مختلف پروگرامز ترتیب دے کر اکٹھے کئے جن کی تفصیل درجہ ذیل ہے۔

فیملی فن ڈے

مورخہ 14مئی اور 23 جولائی 2022ء دو مختلف مقامات پر فیملی فن ڈئے کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں اور بڑوں کے لئے مختلف اسپورٹس ایکٹیویٹیز رکھی گئیں۔ اس موقع پر باربی کیو، کھانے اور ریفریشمنٹ بنوائی گئیں جن کو فروخت کیا گیا اور اس سے حاصل آمد کو ڈونیشن میں شامل کیا گیا۔

چیریٹی ڈنر

چار مختلف اولڈ ہومز میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ان سینٹرز کی انتظامیہ نے سارے انتظامات خود کئے اور جو لوگ ان سینٹرز میں مقیم ہیں ان کے دوستوں اور رشتے داروں نے اس میں شمولیت کی اسی طرح جماعت سے بھی احباب اس میں شامل ہوئے۔ ان ڈنرز میں خدام نے بڑی محنت سے خود مشن ہاوس میں کھانا تیار کیا اور ان سینٹرز میں کھانا پہنچایا اور سروکیا۔ کھانے سے قبل ایک تقریب منعقد کی جاتی جس میں احباب کو جماعت کا تعارف کروایا جاتا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اس پروگرام میں شامل احباب نے نہ صرف کھانے کی تعریف کی بلکہ جس مقصد کے لئے ممبران بے لوث خدمت کررہے ہیں اس جذبہ کو بھی سراہا۔ جن سینٹرز میں یہ چیریٹی ڈنر منعقد ہوئے ان کی تفصیل درجہ ذیل ہے۔

تاریخ مقام تعداد شاملین

5 مئی 2022ء Plejecentret Dybenkærshave 70
16 مئی 2022ء Plejecentret Strandmarkshave 85
9 جون 2022ء Plejecentret Krogstenshave 100
16 جون 2022ء Plejehjemmet Søvangsgården 40

واک

اس فنڈ ریزنگ کا سب سے بڑا ایونٹ چیریٹی واک ہے جسکے انعقاد کے لئے سال کے شروع میں ہی پلاننگ کمیٹی بنائی گئی جو لوکل کونسل اور دیگر پارٹنرز سے رابطہ کرکے سال میں کئی بار مسجد نصرت جہاں میں میٹنگز کا انعقاد کرتی رہی۔ اسی طرح لوکل میئر سے ان کے دفتر میں جاکر ملاقات کی۔اس ریس کے انعقاد میں لوکل میئر اور سابقہ مئیر کا خاص تعاون شامل رہا۔

لوگوں کو اس چیریٹی واک کے بارہ میں آگاہی دینے کیے لئے مختلف ذرائع استعمال کئے گئے جن میں پوسٹر،فولڈرز اور بینرز شامل ہیں۔ اطفال و خدام نے گھر گھر جاکر یہ فولڈرز تقسیم کئے اسی طرح Hvidovre جہاں مسجد نصرت جہاں واقع ہے کے گردو نواح میں مختلف شاہراوں پر بنیر نصب کئے گئے۔ اسی طرح لوکل کونسل کے سامنےکونسل کی اجازت سے ایک دن مارکی لگا کر لوگوں کو اس واک کے بارہ میں معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔ اس واک میں شامل ہونے کے لئے ویب سائٹ بنائی گئی ہے جس کا نام generationguld.dk ہے۔ اکثر احبا ب نے اپنی رجسٹریشن اسی ویب سائٹ کے ذریعہ سے کروائی۔ اس دفعہ پہلی بار کونسل کی انتظامیہ کی طرف سے ویدور کونسل میں واقع تمام اسکولز میں والدین کو ای میل بھجوائی گئی اور واک کے بارہ میں ہماری فراہم کردہ معلومات اور پوسٹر شیئر کیے۔

مورخہ 28 اگست بروز اتوار گیارہ بجے اس ریس کا آغاز دو مختلف جگہوں سے ہوا۔ 7 کلومیٹر بھاگنے والے احبا ب کے لئے روٹ اولڈ ہومزسے شروع ہوا جس میں لوکل میئر شامل ہوئے۔ اس ریس کا روٹ چار مختلف اولڈ ہومز سے ہوتا ہوا مسجد نصرت جہاں پر آکر اختتام پذیر ہوا۔ ان تمام اولڈ ہومزکی انتظامیہ نے خاص طور پر سینٹر کے باہر ریفریشمنٹ کا انتظام کیا ہوا تھا جہاں پر ان میں رہنے والے احباب نے باہر آکر تالیاں بجا کر اس ریس میں شاملین کو داد دیتے رہے۔

تین کلو میڑ کی ریس کا آغاز مسجد نصرت جہاں سے ہوا اور ڈیڑھ کلو میٹر دور ایک اولڈ ہوم کا چکر لگا کر واپس اختتام مسجد نصرت جہاں میں ہوا۔

اختتامی تقریت

ریس کے اختتام پر تقریت تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم و محترم محمد زکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک تھے۔تلاوت قرآن کریم کے بعد اس ریس کے مختلف پارٹنرز نے اسٹیج پر آکر اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا جن میں Suzette Reenmers لائن کلب، Flemming Skouboe بوڑھوں کی ایک تنظیم کے نمائندہ، Kim Knudsen نمائندہ اولڈ ہومز، Maria Duurhu لوکل کونسل کی ممبر، Marie Louise لوکل کونسل کی ممبراور آخر پر لوکل کونسل کے میئر Anders Andreasen صاحب نے خطاب کیا اور اس ریس میں شاملین کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ آج جو ڈونیشن لوکل اولڈ ہومز کے لئے اکٹھی کی گئی ہے اس سے ان کو اپنی اکٹی ویٹیز کرنے میں مدد ملے گی۔ آخر پر محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ ڈنمارک نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور لوکل میئر کو ڈیڑھ لاکھ کرونز کا چیک پیش کیا گیا۔ اسی طرح مختلف پارٹنرز کو تحائف پیش کئے گئے جنہوں نے سارا سال اس ریس کو کامیاب بنانے کے لئے کوشش کیں۔ اختتامی تقریب کے بعد تمام شاملین کے لئے کھانے کا انتظام تھا جس کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔

میڈیا کوریج

اس ریس کو مقامی اخبار نے اگلے ہی روز تفصیل کے ساتھ آن لائن شائع کیااسی طرح لوکل ریڈیو نے بھی اس ایونٹ کی کوریج کی۔ اسی طرح سال کے دوران پانچ دفعہ لوکل اخبار نے اس فنڈ ریزنگ کے مختلف ایونٹس کی خبریں دیں۔ اسی طرح سابقہ میئر (Mayor) نے بھی لوکل اخبار میں اس ریس کا ایمبسڈر بننے کی حیثیت سے ایک کالم لکھا اور لوگوں کو اس ریس کے بارہ میں معلومات فراہم کیں۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ یہ چیریٹی واک بڑی کامیاب رہی اور جماعت کی نیک نامی کا باعث بنی۔

(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ ڈنمارک)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 1)