• 26 اپریل, 2024

This Week with Huzoor (21؍اکتوبر 2022ء)

This Week with Huzoor
21؍اکتوبر 2022ء
مربیان کرام اور ممبران عاملہ کو بعض قیمتی ہدایات

امریکہ اور قریبی ممالک میں خدمت کرنے والے مربیان سلسلہ کی حضور انور ایدہ اللہ کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں حضور انور نے انہیں نماز کی اہمیت کے بارے میں نصائح فرمائیں۔

حضور انور ایدہ اللہ نے فرمایا: ’’جب آپ اپنے سنٹر میں ہیں تو پانچ وقت نمازوں کیلئے اپنا سنٹر کھولیں یا مسجدہے تو مسجدکھولیں اور ان کو پتاہو کہ مربی صاحب available ہیں۔ پھر اپنی عبادتوں کے جو دوسرے معیار ہیں وہ بلند کریں۔دعاؤں کی طرف، تہجد کی طرف، نوافل کی طرف، قرآن کریم کی تفسیر پڑھنے کی طرف، حضرت مسیح موعود ؑ کی کتب اور لٹریچر پڑھنے کی طرف توجہ دیں۔‘‘

حضور انور نے مربیان کو عزم اور صبر و تحمل پیدا کرنے کی بھی تاکید فرمائی۔

حضور انور ایدہ اللہ نے فرمایا: ’’بار بار نصیحت کا حکم ہے۔ قرآن کریم نے بھی ہمیں یہی تعلیم دی ہےاور نصیحت کیلئے کہا ہے۔ ذکّر کا ہی حکم ہے کہ تمہار اکام کہنا ہے کہتے چلے جانا ہے، تھکنا نہیں۔ جہاں تھکے وہاں کام خراب ہو گیا۔ مجھے چاہے سال لگے۔ 2سال لگے، 3 سال کے بعد یا چار سال کے بعد اگر میری ٹرانسفر ہوتی ہے تو جتنا عرصہ میں یہاں (جہاں تقرری ہو) رہوں میں نے اپنی پوری کوشش کر لینی ہے۔ خاص طور پر نوجوانوں کواپنے ساتھ ملائیں۔ اگر نوجوان active ہو جائیں اور ان کو برائیوں سے بچا لیں گے تو پھر بوڑھوں کو بھی تھوڑا سا احساس پیدا ہو گا کہ ہاں مربیان کام کر رہے ہیں۔

ممبران نیشنل عاملہ سے گفتگو

مربیان کے ساتھ میٹنگ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ نے نیشنل مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ کی۔

حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے فرمایا: تمام نئے عہدیداران جو حال ہی میں مقرر کیے گئے ہیں۔ ایک عہد ہے۔ نیشنل مجلس عاملہ نے عہد دوہرایا جس کا کچھ حصہ یوں تھا۔ ’’میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر یقین کرتے ہوئے یہ عہد کرتا ہوں کہ نظامِ جماعت کی طرف سے جو کام میرے سپرد ہوا ہےاس کو پوری محنت اور دیانتداری کے ساتھ سر انجام دینے کی کو شش کروں گا۔میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ وفاکروں گا اور نظامِ خلافت کا ہمیشہ وفا دار رہوں گا۔میں نظامِ خلافت کے استحکام اور حفاظت کے لئے آخری دم تک جدو جہد کرتارہوں گااور اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے اور اس کی برکات سے مستفیض ہونے کی تلقین کرتا رہوں گا۔‘‘

حضور انور ایداللہ نے فرمایا کہ ’’ہر جماعت میں ہر عاملہ ممبر اس کو دوہرائے گا۔ عہد کا تصور دراصل حضرت خلیفہ المسیح الثانی ؓ کا تصور تھا۔آپ نے فرمایا تھا کہ انجمن کے ممبران اور دیگر عہدیداران کے لئے عہد ہونا چاہئے۔ گو آپ کے دور میں تو اس کی تعمیل نہیں ہو سکی تا ہم حضرت خلیفۃ المسیح الثالث ؒ نے اپنے عہد خلافت میں اس کے الفاظ منظور فرمائے تو آپ کے دور میں اس کے اکثر حصہ کی عبارت مرتب ہوئی۔پھر بھی اس کو جماعتوں میں لاگو کرنے کے لئے نہیں بھجوایا گیاتاہم اب معمولی اضافہ کے ساتھ میں نے اس کو جماعتوں میں بھجوایا ہے۔میرے خیال میں یہ فائدہ مند ثابت ہو گا۔ لوگوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہو گا۔‘‘

ایک عاملہ ممبر نے عرض کی کہ حضور اس میں وہ تمام مسائل حل ہو گئے ہیں جن کا ہمیں سامنا ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ نے فرمایا: ’’کم از کم انہیں اپنے عہدہ کی اہمیت کا تو احساس ہوگا۔‘‘

اسی دن ظہر و عصر کی نمازوں کے بعد حضور انور نے 14 نکاحوں کا اعلان فرمایا۔

حضور کی واپسی سے ایک دن قبل بروز اتوار، حضور انور ایدہ اللہ نے مختلف شعبہ جات کے کارکنان کو اپنے ساتھ تصاویر بنوانے کی اجازت مرحمت فرمائی۔ بعد ازاں حضور انور نے ’’جوپا ٹاؤن‘‘ میری لینڈ میں انصاراللہ کے نئے تعمیر شدہ گھروں کا معائنہ فرمایا۔جو کہ تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع تھے۔ اس نئے محلے میں 52 گھر موجود ہیں جبکہ ان میں سے 48 احمدی گھرانے ہیں۔ حضور انور کی تشریف آوری کے بعد حضور انور نے کمیونٹی سنٹر کا معائنہ فرمایا جہاں تقریباً 300 احمدی احباب نماز ادا کر سکتے ہیں۔بعد ازاں حضور انور نے صحن میں پودا بھی لگایا۔

شام کے وقت جب حضور انور ایدہ اللہ واپس بیت الرحمٰن تشریف لائے تو حضور انور نے اس جگہ پر دعا کروائی۔جہاں مستقبل میں لجنہ ہال کو مسجد کے احاطہ کے اندر تعمیر کیا جائیگا۔بعد ازاں لجنہ اماء اللہ کی مجلس عاملہ کو حضور انور سے ملاقات کرنے کی توفیق ملی جس میں حضور انور نے تمام اراکینِ عاملہ سے بات کی۔ امریکہ میں قیام کے آخری روز یعنی سوموارکو حضور انور نے نماز ظہر و عصر سے قبل مجلس انصاراللہ اور مجلس خدا م الاحمدیہ کے مابین تیر اندازی اور نشانہ بازی کے مقابلہ جات میں بنفس نفیس شامل ہوئے۔ 17؍اکتوبر کو احمدی احباب نے اپنے پیارے امام کو الوداع کیا۔

جونہی حضور انور ایدہ اللہ نے دعا کروائی اور امریکہ کے احمدیوں کو الوداع کیا۔یہ تاریخ ساز دورہ برکتیں سمیٹتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچا۔

اگلے روز بروز منگل کے دن جونہی حضور انور کی ہیتھرو ائیر پورٹ، یو کے میں آمد ہوئی تو یوکے کے احمدی احباب نے حضور انور کی واپسی پر حضور کا والہانہ استقبال کیا۔

(ٹرانسکرپشن و کمپوزنگ۔ ابو اثمار اٹھوال)

پچھلا پڑھیں

ایڈیٹر کے نام خطوط

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی