• 20 اپریل, 2024

ایک احمدی خادم کا اعزاز

مکرمہ صدف علیم صدیقی ۔کینیڈا سے یہ اعلان بھیجواتی ہیں:
مکرم راشد احمد آف سسکاٹون جماعت۔ کینیڈاکو ملکہ الزبتھ دوم پلاٹینم جوبلی میڈل سے نوازا گیا ہے۔ الحمد للّٰہ! جماعت احمدیہ دنیا بھر میں بلا امتیاز رنگ و نسل خدمت انسانیت کے لیے جانی جاتی ہے اور یہی جماعت احمدیہ کا مقصود و مطلوب ہے۔حال ہی میں اس کی ایک مثال سسکا ٹون۔ کینیڈا کے ایک احمدی خادم کو ملنے والا ملکہ الزبتھ دوم پلاٹینم جوبلی میڈل کا اعزاز ہے۔ اس امر کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ جماعت احمدیہ سسکاٹون کے ایک احمدی خادم مکرم راشد احمد کو موٴرخہ 19؍جنوری 2023ء کو ملکہ الزبتھ پلاٹینم جوبلی میڈل سے نوازا گیا ۔ مکرم راشد احمد، مبارک احمد سامی صاحب کے بیٹے اور مکرم سردار مصباح الدین سابق امام مسجد فضل لندن کےپڑپوتے اور محمد سعد صاحب واقف زندگی کےنواسے ہیں ۔ جنہوں نے بطور مبلغ اور معلم اصلاح و ارشاد برصغیر پاک و ہند کے مختلف علاقوں میں خدمات کی توفیق پائی۔ ملکہ الزبتھ دوم پلاٹینم جوبلی میڈل اور سرٹیفکیٹ 19؍جنوری 2023ء کو گورنمنٹ ہاؤس میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ساسکیچیوان (Saskatchewan) کے لیفٹیننٹ گورنر جنرل عزت مآب رس میراستی صاحب (The Honourable Russ Mirasty) اور محمد فیاض صاحب ایم این اے،Regina-Pasqua نے مکرم راشد احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے پیش کیا۔ انہیں یہ اعزاز کینیڈا کے صوبے ساسکچیوان میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ مکرم راشد احمد ساسکیچیوان یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں اور خدمت انسانیت کے کاموں میں پیش پیش ہیں، نیز سسکاٹون کے نوجوانوں کی تعمیرو ترقی اور علاقہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں ۔ مکرم راشد احمد نے علاقہ کی مقامی اور مسلم کمیونٹیز کے درمیان باہمی تعلقات استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مکرم راشد احمد سسکاٹون کمیونٹی کے ایک فعال رکن ہیں اور انہیں سسکا ٹون کی the Diversity, and Inclusion Committee کا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ مکرم راشد احمد مختلف رضاکارانہ کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کے رکن بھی ہیں ۔جن میں ہیومینٹی فرسٹ، یونائیٹڈ وے سسکاٹون اور کرکٹ سسکاٹون شامل ہیں۔ مکرم راشد احمد نے 2017ء میں یونیورسٹی آف ساسکیچیوان سے The Vera Pezer Award for Student Enhancement and Volunteerism بھی اپنے نام کیا تھا۔ وہ جماعت احمدیہ کے بہت فعال رکن بھی ہیں اور اس وقت سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ جماعت میں سیکرٹری تبلیغ اور ساسکیچیوان کے مقامی لوگوں کے ساتھ رابطہ کے لیے کوآرڈینیٹر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ملکہ الزبتھ دوم پلاٹینم جوبلی میڈل ملکہ الزبتھ دوم کے تخت پر فائز ہونے کی 70 ویں سالگرہ کا جشن منانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ جس کا آغاز 6؍فروری 2022ء کو ہوا تھا۔ ملکہ نے اپنی وفات سے پہلے خود اس تمغے اور ربن کے ڈیزائن کو منظور کیا تھا۔ یہ تمغہ سسکیچیوان صوبے کی طرف سے کینیڈا کے لیے عزت مآب ملکہ الزبتھ دوم کی خدمات کے اعتراف میں عزت مآب ملکہ الزبتھ دوم کو اعزاز دینے کا ایک انفرادی طریقہ ہے۔ اس اعزاز کا حقدار کوئی بھی ہوسکتا ہے۔سکیچیوان کے ہر عمر کے شہری اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے تمام شہری جنہوں نے کینیڈا،ساسکیچیوان یا کسی خاص کمیونٹی کی بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا ہو۔

پچھلا پڑھیں

سیدنا مصلح موعودؓ

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی