• 26 اپریل, 2024

برکینا فاسو کے ’’ریجن کایا‘‘ میں آمین کی بابرکت تقریب کا انعقاد

خدمت قرآن اور عشق قرآن مجید جماعت احمدیہ کا طرہ امتیاز ہے ۔ دنیا کے کناروں تک دن رات احمدی احباب ، معلمین ، مربیان کرام اور دیگر عہدیداران قرآن مجید سیکھنے اور سکھانے میں مصروف ہیں ۔ دنیا بھر میں قرآن مجید سکھانے کی ہزاروں کلاسز روزانہ منعقد ہو تی ہیں ۔

افریقہ کے دور دراز علاقوں میں بھی نور قرآن سے منور ہوتے سینے ہر روز اپنے ارد گرد ماحول کو روشن کرنے کا باعث ہیں ۔ ہر عمر کے افراد جماعت احمدیہ کی مساجد میں آکر قرآن مجید سیکھنے میں کوشاں نظر آتے ہیں ۔

قرآن مجید کا دور مکمل کرنے پر آمین کی دعائیہ تقریب منعقد کرنا جماعت احمدیہ کی خوبصورت روایات میں سے ایک ہے ۔ الحمد اللہ ایسی تقریبات اب دنیا کے ہر کونے میں منعقد ہوتی ہیں ۔ برکینا فاسو میں بھی اس دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ مؤرخہ 27 فروری 2021 بروز ہفتہ جماعت احمدیہ کایاKaya کے ریجنل ہیڈ کواٹرز کی ‘‘مسجد ھدٰی’’ میں ایسی ہی ایک بابرکت تقریب کا انعقاد ہوا۔ ا س مسجد کا افتتاح سیدنا حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۳۱/مارچ ۲۰۰۴ کو فرمایا تھا ۔ اس تقریب میں وہ خوش نصیب احباب شامل تھے جنہوں نے دوران سال قرآن کریم کی تکمیل کی سعادت حاصل کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ چیمہ علی صاحب معلم سلسلہ نے کی۔تقریب میں شمولیت کے لئے مکرم و محترم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو بطور خاص نیشنل ہیڈ کواٹرز سے تشریف لائے تھے ۔ چنانچہ آپ نے قرآن مجید کا دور مکمل کرنے والے احباب سے قرآن کریم سنااور اسناد تقسیم فرمائیں۔

اس تقریب میں قرآن مجید ناظرہ کا دورہ مکمل کرنے والے سولہ احباب و خواتین نے شرکت کی تو فیق پائی۔ جن میں 2 اطفال ،4 خدام 6 لجنہ اور 4 انصار شامل تھے۔

مکرم امیر صاحب نے احباب جماعت کو قرآن مجید سیکھنے اس کا علم حاصل کرنے اور ا س پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔تقریب کا اختتام دعا سے ہوا ۔ بعد ازاں تقریب میں موجود تمام حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس حقیر سی کاوش کو قبول فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: چوہدری نعیم احمد باجوہ ، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 اپریل 2021