• 9 مئی, 2024

تعلیم الاسلام کالج اولڈ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن۔ یوکے

تعلیم الاسلام کالج اولڈ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن۔ یوکے
کا سالانہ اجلاس و عشائیہ

تعلیم الاسلام کالج اولڈ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن۔ یوکے کا سالانہ اجلاس و عشائیہ مورخہ 26مارچ 2022ء بروز جمعرات، طاہر ہال بیت الفتوح۔ یوکے میں بعد نماز مغرب منعقد ہوا۔

مکرم عبد المنان اظہر چئیرمین عشائیہ کمیٹی، اور مکرم ظہیر احمد جتوئی سیکریٹری تقریبات نے اس پروگرام کی کامیابی کے لئے بہت محنت کی۔ مکرم رانا عرفان شہزاد سیکریٹری اسپورٹس نے دلچسپ کھیلیوں کا انعقاد کیا۔

نظامت کے فرائض محترم رانا عبد الرزاق خان نے ادا کئے۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جو کہ مکرم سید نصیر احمد نے کی۔ اسکے بعد خاکسار وسیم احمد چوہدری نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا۔

بعد ازاں ایسوسی ایشن کے صدر محترم مبارک صدیقی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور دعا کی درخواست کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات اور توقعات کے مطابق مقبول خدمت دین اور خدمت خلق کی توفیق عطا فرمائے۔

محترم مبارک صدیقی نے کہا کہ ہر چند ہماری ایسوسی ایشن کی تعداد بہت مختصر سی ہے لیکن اللہ تعالی کے فضل سے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی شفقت سے ایسوسی ایشن کے ممبران بہت فعال ہیں اور سب کو خدمت خلق کی بھی توفیق مل رہی ہے۔

اسکے بعد جنرل سیکریٹری صاحب نے سال بھر کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ دوران سال بیس ہزار پاونڈ کی رقم مستحق طلبا کی مدد کے لئے بجھوائی گئی۔

سیکریٹری فنانس مکرم عبد المنان اظہر نے حاضرین کو بتایا کہ ایسوسی ایشن کی طرف سے بنایا گیا مسرور احمدیہ کالج برکینا فاسو پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح ہماری ایسوسی ایشن کی طرف سے بنایا گیا ساو ٹومے پرائمری اسکول بھی شروع ہو چکا ہے۔ جہاں دو سو پچاس بچے تعلیم پا رہے ہیں۔

اس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ محترم عطاء المجیب راشد صاحب نے انعامات تقسیم کئے۔

اس کے بعد تقریب کے صدر و مہمان خصوصی مکرم عطاء المجیب راشد امام مسجد فضل لندن نے مختصر خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی مساعی کو بے حد سراہا کہ چھوٹی سی تعداد کے باوجود ممبران نے ایک اسکول اور ایک کالج بنا لیا ہے۔ آپ نے ممبران کو دعاؤں سے اور قیمتی نصائح سے بھی نوازا کہ کس طرح اس ایسوسی ایشن کو مزید فعال بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد مکرم امام صاحب نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں ڈنر پیش کیا گیا جو کہ محترم مرزا عبد الرشید سیکریٹری ضیافت اور آپکی ٹیم نے نہایت محنت اور خلوص سے تیار کیا تھا۔

یاد رہے کہ باقاعدہ اجلاس سے قبل نمائشی کرکٹ، باسکٹ بال اور بیت بازی کے مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔ کرکٹ میں خاکسار وسیم چوہدری اور باسکٹ بال میں مکرم فرید احمد ڈوگر اور مرزا عبد الباسط نے بطور بہترین کھلاڑی انعامات حاصل کئے۔ بیت بازی کے مقابلے میں مکرم مرزا عبد الباسط اور مکرم آصف علی پرویز کی ٹیمیں برابر رہیں۔ یاد رہے کہ کورونا کی وجہ سے حفاظتی تدابیر کا بہت خیال رکھا گیا تھا۔ ہال میں داخلے سے قبل ٹمپریچر چیک کیا جا رہا تھا۔ مہمان مناسب فاصلے پر بیٹھے تھے اور اسٹیج سے بار بار اعلان ہوتا رہا کہ ہاتھ ملانے کی بجائے فاصلے سے ہی السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ کہہ دیا جائے۔ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اس سال گروپ فوٹو بھی نہیں لیا گیا۔ تقریب میں شاملین کی تعداد ایک سو بیس کے قریب تھی۔

(رپورٹ :وسیم احمد چوہدری۔ نمائندہ ایسوسی ایشن۔ یوکے)

پچھلا پڑھیں

رمضان المبارک کادوسرا عشرہ مغفرت اور اس میں بخشش طلب کرنے کی قرآنی دعائیں

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ