• 20 اپریل, 2024

خداتعالیٰ کی تخلیق کا شاہکار

خداتعالیٰ کی تخلیق کا شاہکار
کہکشاؤں کا وسیع نظام

ہمارا نظام شمسی جس میں سورج سمیت زمین، چاند اور دوسرے سیارے موجود ہیں، یہ سب مل کر سور ج کے گرد اپنے اپنے مدار میں چکر لگارہے ہیں۔ جیسا کہ ہم سب کے علم میں یہ بات ہے کہ ہمارا یہ نظام شمسی ایک کہکشاں کے اند ر واقع ہے۔ اس کہکشاں کو Milky Way کہا جاتا ہے۔ نظام شمسی ہماری کہکشاں کے مرکز سے تقریباً 26،000 نوری سال پر واقع ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ہماری کہکشاں Milky Way تقریباً 2 لاکھ نوری سال کی دوری تک پھیلی ہوئی ہے۔اور یہ اتنی وسیع جگہ ہے کہ یہاں تک کہ اگر ہم روشنی کی رفتار سے سفر کریں تو ایک طرف سے دوسری طرف جانے میں 200،000 سال کا وقت لگے گا۔ نوری سال، لمبائی کی ایک اکائی ہے جو فلکیاتی فاصلوں کے اظہار کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ ایک نوری سال تقریباً 9.46 ٹریلین کلومیٹر کے برابر ہوتا ہے۔

کائنات میں کشش ثقل

نظام شمسی میں ایک نہ نظر آنی والی زبرست قوت جس کو کشش ثقل کہتے ہیں، موجود ہے۔ یہ کشش ثقل ہی تمام سیاروں کو سورج کے گرد گھومنے پر مجبور کرتی ہے۔ کائنات میں ہر طرف یہ قوت کار فرما ہے۔نہ صرف نظامِ شمسی بلکہ کائنات میں اور دیگر نظام بھی آپس میں اسی کشش ثقل کی وجہ سے قائم ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

اَللّٰہُ الَّذِیۡ رَفَعَ السَّمٰوٰتِ بِغَیۡرِ عَمَدٍ تَرَوۡنَہَا ثُمَّ اسۡتَوٰی عَلَی الۡعَرۡشِ وَسَخَّرَ الشَّمۡسَ وَالۡقَمَرَ ؕ کُلٌّ یَّجۡرِیۡ لِاَجَلٍ مُّسَمًّی ؕ یُدَبِّرُ الۡاَمۡرَ یُفَصِّلُ الۡاٰیٰتِ لَعَلَّکُمۡ بِلِقَآءِ رَبِّکُمۡ تُوۡقِنُوۡنَ ﴿۳﴾

(الرعد: 3)

ترجمہ: اللہ وہ ہے جس نے آسمانوں کو بغیر ایسے ستونوں کے بلند کیا جنہیں تم دیکھ سکو۔ پھر اس نے عرش پر قرار پکڑا اور سورج اور چاند کو خدمت پر مامور کیا۔ ہر چیز ایک معین مدت تک کے لئے حرکت میں ہے۔ وہ ہر معاملہ کو تدبیر سے کرتا ہے (اور) اپنے نشانات کو کھول کھول کر بیان کرتا ہے تاکہ تم اپنے رب سے ملاقات کا یقین کرو۔

(ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ)

حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ سورۃ الرعد کے تعارف میں فرماتے ہیں:
کائنات کے رازوں میں سے سب سے بنیادی بات جو یہاں پیش کی گئی ہے وہ کشش ثقل (Gravity) کی حقیقت ہے۔ فرمایا کہ زمین و آسمان از خود اتفاقاً اپنے مدار پر قائم نہیں بلکہ تمام اجرام فلکی کے درمیان ایک ایسی پنہاں قوت کام کر رہی ہے جسے تم آنکھوں سے دیکھ نہیں سکتے۔ اس قوت کے نتیجہ میں اپنے مدار پر قائم سارے اجرام فلکی گویا ستونوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔ علم فلکیات کے ماہرین کشش ثقل کی یہی تعبیر کرتے ہیں۔

(قرآن کریم اردو ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ صفحہ399)

کہکشاں اور اس کی مختلف اقسام

ایک کہکشاں ستاروں، گیس، دھول اور تاریک مادے کا ایک بہت بڑا نظام ہے جو کشش ثقل سے جڑا ہوا ہے۔کہکشاؤں کو ان کی ظاہری خدوخال یا شکل کے مطابق ماہرین فلکیات نے تین بڑی اقسام میں تقسیم کیا ہے یعنی Elliptical، Spiral اور Irregular میں تقسیم کیا ہے۔ یہ کہکشائیں مختلف سائز یا جسامت کی ہوتی ہیں۔

چھوٹی کہکشاں اپنی میزبان کہکشاں کے گرد گھومتی ہے

جیسے ہمارے اپنے نظام شمسی کے اندر موجود سیارے کشش ثقل کے ساتھ سورج کے پابند ہیں۔نہ وہ ایک دوسرے کو پکڑ سکتے ہیں اور نہ ایک دوسرے سے آگے نکل سکتے ہیں بلکہ اپنے اپنے مدار میں گھوم رہے ہیں۔ بلکل اسی طرح چھوٹی کہکشائیں ان کی میزبان کہکشاں کے پابند ہیں۔ ایک سیٹلائٹ کہکشاں Satellite Galaxy ایک چھوٹی سی ساتھی کہکشاں ہے جو اپنے سے زیادہ بڑے اور چمکدار میزبان کہکشاں کے گرد کشش ثقل کی وجہ سے مدار میں سفر کرتی ہے۔ زیادہ تر Satellite کہکشائیں Dwarf کہکشائیں کہلاتی ہیں۔ ہماری کہکشاں کے گرد تقریباًپچاس Satellite کہکشائیں چکر لگاتی ہیں، جن میں سے سب سے بڑی (LMC (Large Magellanic Cloud کے نام سے جانی جاتی ہے۔ اور دوسری Small Magellanic Cloud SMC ایک Dwarf کہکشاں ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے:

لَا الشَّمْسُ یَنْبَغِیْ لَھَآ اَنْ تُدْرِکَ الْقَمَرَ وَلَا الَّیْلُ سَابِقُ النَّھَارط وَکُلٌّ فِیْ فَلَکٍ یَّسْبَحُوْنَ

(یٰس: 41)

ترجمہ: سورج کی دسترس میں نہیں کہ چاند کو پکڑ سکے اور نہ ہی رات دن سے آگے بڑھ سکتی ہے اور سب کے سب (اپنے اپنے) مدار پر رواں دوا ں ہیں۔

(ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ)

حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ اس آیت کے نوٹ میں فرماتے ہیں:
اور ایک معنی جو آجکل ماہرین فلکیات نے معلوم کیا ہے وہ یہ ہے کہ سورج اپنے سارے اجرام کے ساتھ ایک سمت میں حرکت کر رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ساری کائنات مجموعی طور پر حرکت کر رہی ہے ورنہ ایک سیارے کا دوسرے سے ٹکر اؤ ہو جانا چاہئے تھا۔ باوجود اس کے کہ پوری کائنات متحرک ہے ان اجرام فلکی کے آپس کے فا صلے اتنے ہی رہتے ہیں۔ یہ ماہرین فلکیات کی تازہ ترین دریافتوں میں سے ہے جس سے ضمنا ًیہ ثابت ہوتا ہے کہ کوئی اور نامعلوم کائنات بھی ہے جس کی کشش کے ساتھ ہی یہ اس کی جانب متحرک ہے۔

(قرآن کریم اردو ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ صفحہ777)

اللہ تعالیٰ کی صفت اَلْقَیُّوْمُ

حضرت مصلح موعودؓ خالق کائنات کی صفت اَلْقَیُّوْمُ کے متعلق فرماتے ہیں:
اَلْقَیُّوْمُ کی صفت اجرام فلکی میں کشش ثقل کے وجود اور خورد بینی ذرات کے ایک دوسرے سے اتصال اور ایک دوسرے سے ادغام اور ایک دوسرے کے گرد گھومنے وغیرہ افعال پر لطیف رنگ میں اشارہ کرتی ہے۔

(تفسیر کبیر جلد2 صفحہ578)

کائنات میں کہکشاؤں کے گروپس ہیں

Milky Way کے علاوہ کائنا ت میں اور بھی کہکشائیں موجو د ہیں۔ کہکشاؤں کا مجموعہ جس میں تقریباً 50 آس پاس کی کہکشائیں شامل ہیں، کہکشاں کا ایک گروپ Galaxy Group کہلاتا ہے۔ ہماری کہکشاں Milky Way جس گرو پ کے اندر موجود ہے اس کو Local Group کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ 1 کروڑ نوری سال کے فاصلے پر محیط ہے مطلب اس کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک جانے میں 1 کروڑ نوری سال لگیں گے۔ لوکل گروپ میں تین بڑی کہکشائیں موجودہیں جن کے نام Milky Way, Andromeda اور Triangulum ہیں اور باقی اکثر چھوٹی کہکشائیں جن کو Dwarf Galaxies کہتے ہیں۔ Dwarf Galaxyایک چھوٹی کہکشاں ہوتی ہے جو کہ تقریبا ً 1000 سے کئی ارب ستاروں پر مشتمل ہے۔ جبکہ اس کے مقابلے میں ہماری کہکشاں Milky Way میں اندازاً 100 سے 400 ارب ستارے موجود ہیں۔ کہکشاؤں کو کشش ثقل کے سبب سےGroups ، Clusters اور Superclusters میں منظم ہو تا دیکھا جا سکتا ہے۔

کہکشاؤں کے مختلف گروپس مل کر
Clusters بناتے ہیں

کہکشاؤں کا جھرمٹ Cluster ایک ایسا ڈھانچہ ہے جو سینکڑوں سے ہزاروں کہکشاؤں پر مشتمل ہوتا ہے جو کشش ثقل سے جڑا ہوتا ہے۔کلسٹر کہکشاؤں کے بڑے خاندان ہیں جو کشش ثقل کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، جس میں کافی مادے ہوتے ہیں جو دور دراز کی کہکشاؤں کو اپنی طرف کھینچ سکتے ہیں۔ایک کلسٹر میں 100 سے 1000 تک یا زیادہ کہکشائیں، ایکس رے خارج کرنے والی گرم گیس اور بڑی مقدار میں matter dark ہوتے ہیں۔ گلیکسی کلسٹر صاف ستھری شکلوں میں نہیں ہوتے ہیں اس لیے یہ طے کرنا مشکل ہو سکتا ہے کہ وہ کہاں سے شروع ہوتے ہیں اور کہاں ختم ہوتے ہیں۔ نسبتا ًقریبی کائنات میں قابل ذکر کہکشاں کلسٹروں میں Virgo Cluster، Fornax Cluster، Hercules Cluster، اور Coma Cluster شامل ہیں۔ اسکے علاوہ اور بھی کئی کلسڑ ز کائنات میں موجود ہیں۔

Virgo Cluster ہماری کہکشاں کے قریب ترین ایک بڑا کلسٹر ہے۔یہ تقریبا ً 1300اور ممکنہ طور پر 2000 تک ممبر کہکشاؤں پر مشتمل ہے۔ یہ زمین سے اندازہ کے مطابق 6 کروڑ 52 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ کلسٹر تقریباً 1کروڑ 50 لاکھ نوری سال تک پھیلا ہوا ہے۔Fornax Cluster بھی ہماری کہکشاں کے قریب ترین کہکشاں کلسٹروں میں شامل ہے۔کہا جاتا ہے کہ اس میں تقریبا ً 60 بڑی کہکشائیں ہیں، اور اتنی ہی تعداد میں Dwarf کہکشائیں بھی ہیں۔ Hercules Cluster تقریباً 300 کہکشاؤں کا کلسٹر ہے اس میں زیادہ تر Spiral ساخت والی کہکشائیں موجو د ہیں۔ Coma Cluster تقریباً 10،000 تک کہکشاؤں پر مشتمل ہےاور تمام شکلوں اور سائز کی کہکشاؤں سے بھرا ہوا ہے۔

یہ کائنات ہر لمحہ وسعت پذیر ہے

وَالسَّمَآءَ بَنَیۡنٰہَا بِاَیۡٮدٍ وَّاِنَّا لَمُوۡسِعُوۡنَ

(الذریت: 48)

ترجمہ: اورہم نے آسمان کو ایک خاص قدرت سے بنایا اور یقیناً ہم وسعت دینے والے ہیں۔

(ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ)

حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ اس آیت کے متعلق فرماتے ہیں:
اس آیت کریمہ میں بِاَیْدٍ کا لفظ اس طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آسمان کو بناتے ہوئے اس میں بے شمار فوائد رکھ دیئے ہیں اور ساتھ ہی یہ ذکر بھی فرمادیا کہ اسے ہم وسیع تر کرتے چلے جائیں گے۔ اس کا یہ حصہ کہ ہم اسے مزید وسعتیں دیتے چلے جائیں گے ایک عظیم الشان اعجازی کلام ہے جو عرب کا ایک امی نبی اپنی طرف سے ہر گز بیان نہیں کرسکتا تھا۔ یہ امر سائنس دانوں نے جدید آلات کی مدد سے اب دریافت کیا ہے کہ یہ کائنات ہر لمحہ وسعت پذیر ہے۔ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں تو ہر انسان کو یہ ایک جامد اور ٹھہری ہوئی کائنات دکھائی دیتی تھی۔

(قرآن کریم اردو ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ صفحہ949)

کہکشاؤں کے Clusters مل کر Superclusters بناتے ہیں

بات یہا ں ہی ختم نہیں ہوتی بلکہ کائنات میں موجود کہکشاؤں کے Clusters مل کر Superclusters بناتے ہیں۔ یہ کائنات کے سب سے بڑے ڈھانچے ہیں۔کائنات میں سپر کلسٹروں کی تعداد1 کروڑ بتائی جاتی ہے۔ کہکشاؤں کے اتنے بڑے بڑے گروہوں کے بارے میں پڑھنے کے بعدہم اس کائنات کی وسعت کا اندازہ نہیں لگاسکتے کہ کہاں سے کہاں تک ہے۔ ہمار ی کہکشاں Milky Way جس سپرکلسٹر میں موجود ہے اسکا نام Virgo Supercluster ہےاور کم از کم 100 کہکشاں گروپ اور کلسٹر اس کے اندر واقع ہیں۔ اس کا سائز 11 کروڑ نوری سال ہے۔ Virgo Cluster بھی اسی میں شامل ہے۔

Virgo Supercluster،Supercluster Pavo-Indus، Southern Supercluster ،Hydra Supercluster اور Centaurus Supercluster سب مل کر ایک اور بڑا سپر کلسٹر بناتے ہیں اور اس کو Laniakea Supercluster کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ کلسڑ تقریباً 100،000 کہکشاؤں پر محیط ہے اور اس کا سائز 52 کروڑ نوری سال ہے۔ یہ سپر کلسٹر کائنات میں صرف ایک نقطہ کہ طرح نظر آتا ہے کیونکہ اس طرح کے کئی اور بڑے مجموعے بھی موجود ہیں جو کہ خلا میں ایک جال کی طرح پھیلے ہوئے نظر آتے ہیں۔

کائنات کے کنارے پر واقع کہکشائیں بھی انسان پر کچھ نہ کچھ اثر ضرور ڈال رہی ہیں

حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ سورۃ لقمان کے تعارف میں فرماتے ہیں:
الله تعالیٰ کی نعمتوں کی تو کوئی انتہا ہی نہیں جس نے زمین اور آسمان اور اس میں مخفی تمام طاقتوں کو انسان کی نشوونما کیلئے مسخر کردیا حتی کہ کائنات کے کنارے پر واقع گلیکسیز (Galaxies) بھی انسان میں مخفی طاقتوں پر کچھ نہ کچھ اثر ضرور ڈال رہی ہیں۔

(قرآن کریم اردو ترجمہ از حضرت خلیفة المسیح الرابع ؒ صفحہ710)

کائنات کے وسعت اور تخلیق میں انسانوں کیلئے بھاری نشان ہے

حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں: اِنَّ فِیْ ذٰلِکْ لَاٰیَۃً لِّلْمُؤْمِنِیْنَ کہہ کر بتایا کہ آسمانوں اور زمین کی تخلیق میں بڑا بھاری نشان تو ہے مگر اس سے فائده صرف مومن اٹھاتے ہیں دوسرے لوگ اتنا بڑا نشان دیکھنے کے باوجود کوئی فائدہ نہیں اٹھاتے حالانکہ انسان اگر سوچے ہماری یہ زمین عا لم شمسی کے مقابلہ میں بالکل ایسی ہی ہے جیسے ایک بڑے باغ میں کوئی مالٹا رکھا ہوا ہو۔ مثلاً شالا مار باغ میں کوئی مالٹایا بیرپڑا ہو تو اس بیریا مالٹے کی جو حیثیت شا لامار کے مقابلہ میں ہے اس زمین کی عالم شمسی کے سامنے اتنی حیثیت بھی نہیں۔ پھر عالم شمسی یعنی سورج کے ساتھ جو سیارے وغیرہ ہیں ان کی حیثیت قطب ستارے کے نظام کے مقابلہ میں اتنی بھی نہیں جتنی ایک بیر کی حیثیت باغ کے مقابلہ میں۔ یا ایک مکھی کی حیثیت شہر کے مقابلہ میں ہو تی ہے۔ پھر قطب ستارے کے ساتھ جو دنیا ہے اس کی حیثیت معلومہ دنیا کے مقابلہ میں اتنی بھی نہیں جتنی ایک مکھی کی شہر کے مقابلہ میں۔ اگر انسان اس کا اندازه لگانا شروع کردے کہ عا لم خلق کے مقابلہ میں مکھی کی کیا حیثیت ہے اور پھر سو چے کہ عالم خلق کے مقابلہ میں انسان جو ایک خورد بینی ذرے کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ وہ اس کے مقابلہ میں ایک خوردبینی ذرے کے اربوں حصہ تو کیا اس کے اربویں حصہ کے اربویں حصہ کی حیثیت رکھتا ہے اس انسان کو پیدا کرنے کا خیال خداتعالیٰ کو کیوں آیا۔ تو یقیناً اسے اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنے کا خیال آسکتا ہے اور وہ سمجھ سکتا ہے کہ اس کی حیثیت کتنی کمزور ہے اور اس کا غرور کتنا احمقانہ ہے۔

(سورة العنکبو ت تفسیر کبیر جلد7 صفحہ637-638)

کائنات میں اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمتوں کے جو راز ہیں ان کا کو ئی احاطہ نہیں کر سکتا اگر تمام سمندر روشنائی اور تمام درخت قلم بن جائیں تو سمندر خشک اور قلم ختم ہو جائیں گے لیکن خالق کائنات کے اسرار بیان کرنے باقی رہے جائیں گے۔

(سید عمار احمد)

پچھلا پڑھیں

جلسہ یوم مسیح موعودؑ جماعت احمدیہ یونان

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مئی 2022