• 20 اپریل, 2024

کارکنان ایم ٹی اے گھانا کے رہائشی منصوبہ کا سنگِ بنیاد

خد اکے فضل سے ایم ٹی اے افریقہ دن دگنی اور رات چگنی ترقی کر رہا ہے۔ اس کے تحت وہاب آدم سٹوڈیو میں بننے والے پروگرام ایم ٹی اے افریقہ کے علاوہ دوسرے چینلز پر بھی دکھائے جا رہے ہیں، اس طرح تبلیغ اور تربیت کا سلسلہ وسیع سے وسیع تر ہو تا جا رہا ہے۔

اس ساری مساعی میں ایم ٹی اے کے کارکنان بڑی محنت سے کام کر رہے ہیں۔ بعض کارکنان کی رہائش کے لئے آس پاس کے علاقہ میں کرائے کے مکان لئے گئے ہیں جو ضرورت کےلئے ناکافی ہیں۔

موجودہ حالات میں ایم ٹی اے کے کارکنان کےلئےرہائش گاہ کی تعمیر ناگزیر ہوگئی تھی۔ انہیں دن رات کام کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ انکی رہائش سٹوڈیو کے قریب ہو جس سے کام میں سہولت ہو۔

اللہ تعالیٰ ہمارے حضور پرنورایدہ اللہ بنصرہ العزیزکو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ہر آن اپنی نصرت سے نوازے۔ آمین آپ نے از راہ شفقت کارکنان کی سہولت کے لئے ایک نئے رہائشی منصوبے کی منظوری دی۔

مؤرخہ 31 مئی 2021ء کو مکرم و محترم مولانا محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ گھانا نے بستانِ احمد، اکرا گھانا میں کارکنان ایم ٹی اے کے لئے نئے رہائشی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت ایک اینٹ سنگِ بنیاد کے لئے بھجوائی۔ آپ کی طرف سے مکرم امیر صاحب نے یہ اینٹ عمارت کی بنیا د میں نصب کی۔پھر مکرم فائز احمد صاحب آرکیٹیکچرل اسسٹنٹ، مکرم عمر سفیر صاحب ایم ٹی اے افریقہ کے ڈائریکٹر، حافظ مولوی اسماعیل ایڈوسئی صاحب کو آرڈینیٹر ایم ٹی اے گھانا اور دیگر احباب نے بنیاد میں ایک ایک اینٹ رکھی۔

یہ عمارت تین منزلہ ہوگی۔ہر منزل پر تین فلیٹس یعنی کل نو فلیٹس ہوں گے۔ ان میں سے چھ فلیٹ تین کمروں والے اور تین فلیٹ دوکمروں والے ہوں گے۔ ان شاء اللہ۔

یہ عمارت بستان احمد میںزیرتعمیر ہے جہاں جماعت احمدیہ گھانا کا جلسہ سالانہ ہوا کرتا تھا۔ وہاب آدم سٹوڈیو اس مجوزہ عمارت سے قریبا ً 150میٹر کے فاصلہ پر ہے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے بھیجی گئی اینٹ کے نصب کرنے کے وقت حاضرین نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ کا ورد جاری رکھا جو آپ نے کعبہ کی بنیاد رکھتے ہوئے پڑھی تھی۔

مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نےاظہارِ تشکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم کتنے خوش نصیب ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی طرف سے ہمیں اینٹ موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے احباب جماعت سے کہا کہ ہمیں اپنے پیارے حضور کو دعاؤں میں یادرکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کو دعاؤں میں یاد رکھیں جنہوں نے کسی بھی رنگ میں اس کار خیر میںشمولیت کی ہے۔اس موقع پر انہوں نے مولانا عبد الوہاب بن آدم صاحب مرحوم،ڈائریکٹر صاحب ایم ٹی اے افریقہ اور موجودہ اور گزشتہ ایم ٹی اے کے کوآرڈینیٹرز کاذکرِ خیر کیا۔اس تقریب کا اختتام مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا کے ساتھ کروایا۔

اللہ تعالی اس نئے منصوبے میں برکت عطا فرمائے اور اسے ایم ٹی اے کی نئی ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ : فہیم احمد خادم ۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن۔ گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جولائی 2021