• 10 مئی, 2024

مالی میں جماعت احمدیہ کے سترہ (17) ریڈیواسٹیشنز کا قیام

ہمارے پیار ے امام سیدنا حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاپنے خطا ب بر موقع جلسہ سالانہ قادیان موٴرخہ 28دسمبر 2015ء میں مالی کے احمدیہ ریڈیوز کے متعلق فرمایا کہ
’’مالی افریقہ کا ایک دور دراز ملک ہے۔ آج سے ایک سو دس سال پہلے توخیر سوسال پہلے بھی نہیں، بلکہ نوے سال پہلے بھی نہیں ہندوستان میں رہنے والا شاید ہی کوئی احمدی اس ملک کو جانتا ہو گا ، لیکن اللہ تعالیٰ نے جب اراداہ کیا کہ یہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام پہنچانا ہے تو سامان بھی فرما دیئے اور 2012ء میں وہاں ریڈیو اسٹیشنوں کا آغاز ہوااور تبلیغ شروع ہوئی۔ اسلام کی حقیقی تعلیم بتائی جانے لگی ۔ لوگوں نے اس کو سننا شروع کر دیا ۔لیکن بعض لوگ باوجود سعید فطرت ہونے کے اس بات سے جھجکتے تھے کہ جماعت میں شامل ہوں۔لیکن اللہ تعالیٰ کیونکہ ان کی نیک فطرت کی وجہ سے چاہتا تھا کہ راہنمائی فرمائے اس لئے راہنمائی بھی فرمائی اور فرماتا ہے۔ ۔۔۔۔۔‘‘

(الفضل انٹر نیشنل 19فروری2016ء تا 25فروری 2016ء، صفحہ نمبر15)

اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ اس نے انسان کو اپنے فضل سے بے پناہ صلاحیتیں دی ہیں جن کو بروئے کار لاکر انسان جدید ایجادات کرنے کی توفیق پاتا ہے جس سے انسانی زندگی کے کاموںمیں آسانی پیدا ہوگئی ہے۔ جہاں دنیا ان میں سے اکثر ایجادات کو اپنے عارضی آرام اور تفریح کے لئے ان کا غلط ا ستعمال کرنے میں لگی ہے وہاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ انہی ایجادات کو استعمال کرکے دنیا کو اللہ تعالیٰ سے ملانے اور دونوں جہانوں کی راحت و سکون پہنچانے کی کوشش میں مشغول ہے۔

یہ اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ اس نے جماعت احمدیہ مالی کو بھی یہ توفیق دی ہے کہ ان ایجادات سے فائدہ اٹھا کر لوگوں کو اصل خدا اور اسلام کی تعلیم بتائے اور سیدھی راہ دکھائے ۔ اسلام کی نشر اشاعت کا ایک بہت اہم ذریعہ افریقی ممالک میں ریڈیو ہے کیونکہ یہاں ریڈیو بہت شوق سے سنا جاتا ہے۔ جہاں مالی میں بہت سے دنیاوی ریڈیو اسٹیشن قائم ہیں وہیں اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ مالی کو یہ توفیق دی ہے کہ یہ افریقہ کے اس غریب اور دور دراز ملک میں 17خالصۃ ً دینی ریڈیو اسٹیشنز انسٹال کر سکے۔ یہ تمام ریڈیو اسٹیشنز اسلام احمدیت کی تبلیغ اور خدمت میں لگے ہوئے ہیں اور ان کے ذریعہ سے جماعت احمدیہ کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچ رہا ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق 8 سے 10 ملین افراد روزانہ ان ریڈیو زکو سن سکتے ہیں اور اپنی زبانوں سے اس بات کی گواہی دے سکتے ہیں کہ جو وعدہ حضرت مسیح موعود ؑ سے اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا کہ

’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘

بڑ ی شان سے پورا چکا ہے ۔یہ ریڈیو اسٹیشن ملک کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں لگائے گئے ہیں اور احمدیت کی تبلیغ و احباب جماعت کی تربیت میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان تما م ریڈیواسٹیشنز کا ملک میں بہت اچھا اثر پڑ رہا ہے ۔ احباب جماعت اور غیر ازجماعت احباب میں جماعتی ریڈیوز یکساں مقبول ہیں۔

مالی کے اکثر علاقوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ملک کا بہت بڑا حصہ ریڈیو سنتا ہے اور ملک کی اکثریت چونکہ مسلمان ہے اور اسلام سے محبت رکھنے کی وجہ سے اسے بہت پسند کرتی ہے ۔ اکثر غیر از جماعت احباب ریڈیو اسٹیشنز آکر بتاتے ہیں کہ ایسا ریڈیو انھوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار سنا ہے ۔ وہ بہت دیر سے منتظر تھے کہ کوئی ریڈیو اسٹیشن اسلام کی خدمت کے لئے ایسا ہو مگر انہیں نہیں ملتا تھا اب شکر ہے کہ یہ ریڈیو شروع ہو اہے ۔ اسی طرح ریڈیو کی وجہ سے اسلام احمدیت کا حسین پیغام غیر مسلموں تک بھی پہنچ رہا ہے۔ لوگ ٹیلی فون کر کے،قریب اور بعض اوقات دور گاؤں سے بھی ریڈیو اسٹیشن تشریف لا کر بتاتے ہیں کہ اسلام کی حقیقت انہیں پہلی بار پتا چلی ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعتی ریڈیو کا معیار بھی بہت اعلیٰ ہے اور تمام ریڈیواسٹیشن کی رینج بھی بہت دور تک ہے ۔مالی کے سرحدی علاقوں اور بعض اوقات ہمسایہ ممالک سے بھی فون آتے ہیں کہ آپ کے ریڈیو اسٹیشن پر بہت اچھےپروگرام نشر ہوتے ہیں اور بہت اچھا اسلام آپ پیش کر رہے ہیں۔ ہم یہ ریڈیو پروگرام سن کر احمد یت میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ اسی طرح جماعتی ریڈیوز میں سے 3ریڈیوز انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کی وجہ سے دنیا کہ کسی بھی خطے میں سنے جا سکتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے سنے جاتے ہیں۔

یہ ریڈیو ز اللہ تعالیٰ کا ایک خاص فضل اور نعمت ہیں جو جماعت احمدیہ مالی کو حاصل ہے۔ان ریڈیوزکا سب سے بڑا فائدہ پیارے آقاسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی وہ مبارک آواز ہے جو ان ریڈیواسٹیشنز سے براہ راست لوگوں تک پہنچتی ہے۔ پیارے آقا کی یہ آواز لوگوں کی تسکین اور راہنمائی کا باعث بنتی ہے۔ حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ کے تما م خطبات و تقاریر کو براہ راست لوکل زبان بمبارا میں ترجمہ کر کے مالی کے تمام ریڈیوز کے ذریعہ سے لوگوں تک پہنچا یا جا تا ہے ۔یہ ریڈیوز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے براہ راست اور ریکارڈ شدہ خطبات و تقاریر کے علاوہ تلاوت قرآن کریم ،قرآنی تفاسیر،دروس احادیث، لائیو تبلیغی و تربیتی پروگرامز، مجالس سوال و جواب ،احمدیہ سالانہ جلسے اور جماعتی لڑیچر سے متعلق آگاہی دینے کا باعث بنتے ہیں۔

جماعتی ریڈیو اسٹیشنز میں سے 14 بجلی سے اور 3سولرانر جی سے چلنے والے لگا ئے گئے ہیں۔ بجلی کے ذریعہ سے چلنے والے تمام ریڈیو اسٹیشنز اللہ کے فضل سے روزانہ تقریباً 18گھنٹے اورہر ماہ 500سے زائد گھنٹے تبلیغ و تربیت کے پروگرام نشر کرتے ہیں اسی طرح سولر انرجی سے چلنے والے ریڈیو تقریباً ہر ماہ 350سے زائد گھنٹے تبلیغ و تر بیت کا کام سرانجام دیتے ہیں۔جماعت احمدیہ مالی کے سترہ 17ریڈیو اسٹیشنز کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے۔

اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہےکہ وہ ان عطاکردہ وسائل کا بہترین استعمال کرنے کی ہمیں توفیق دے اور اللہ تعالیٰ احمدیہ ریڈیو اسٹیشنز مالی کو لاکھوں لوگوں کی راہنمائی اور ہدایت کا ذریعہ بنائے ۔ آمین

(مرسلہ: احمد بلال مغل مبلغ سلسلہ مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اکتوبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 اکتوبر 2020