• 29 اپریل, 2024

سانحہ ارتحال

مکرم لئیق احمد مشتاق۔ مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ تحریر کرتے ہیں:
محترمہ کلثوم علی جان صاحبہ اہلیہ محترم جبار علی جان مرحوم سابق صدرجماعت احمدیہ سُرینام مختصر علالت کے بعد موٴرخہ 18؍دسمبر کو بعمر 71سال دار فانی سے کوچ کر گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

موصوفہ نے اپنے خاوند کے ہمراہ مئی 1979ء میں محترم محمد صدیق ننگلی شاہد مبلغ سلسلہ مرحوم و مغفور کی تبلیغ کے نتیجے میں حصار احمدیت میں داخل ہونے کی توفیق پائی، اور تادم آخر اخلاص و وفاء کے ساتھ عہد بیعت پر قائم رہیں۔ محترم جبار علی جان صاحب کو دسمبر 2002ء میں نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا، وفات کے وقت مرحوم بطور صدر جماعت سُرینام خدمت کی توفیق پا رہے تھے۔ ان کی اہلیہ نے بیوگی کا عرصہ بہت عزت و وقار کے ساتھ گزارا۔ نہایت خاموش طبع، انتہائی صابرہ شاکرہ اور بے ضرر وجود تھیں۔ اپنی بہو کے ساتھ ان کے تعلقات قابل رشک تھے۔ بیٹیوؤں اور دامادوں کے ساتھ بھی پیار محبت اور عزت و احترام کا رشتہ تادم مرگ قائم رہا۔ جماعتی پروگراموں میں بڑی باقاعدگی کے ساتھ شامل ہوتیں، اور ہمیشہ بے لوث خدمت میں پیش پیش رہتیں۔ مبلغین کا بہت احترام کرنے والی خاتون تھیں۔ اپنا چندہ بڑی فکر کے ساتھ بروقت ادا کرتی رہیں۔ گھریلو امور کی انجام دہی کے ساتھ مختلف سبزیاں کاشت کرنا اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہمیشہ ان کا مشغلہ رہا۔

موٴرخہ 26؍نومبر 2022ء کو ان کاپیٹ پھولا، اور ٹانگوں پر سوجن نمودار ہوئی تو انہیں ہسپتال داخل کروایا گیا۔ مختلف ٹیسٹ کرنے کے بعد ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ ان کی کمراور پیٹ میں کینسر بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اور ان کی بیماری کی کیفیت دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے آپریشن یا کیموتھراپی سے بھی معذرت کی اور فیملی کو یہ مشورہ دیا کہ انہیں قریب موجود ’’بوڑھے افراد‘‘ کے مرکز میں داخل کروادیں، مگر ان کے بچوں نے اس تجویز کو ردّ کر دیا اور والدہ کو گھر لے آئے۔ مگر تین دن بعد ان کی حالت بگڑ گئی اور 12دسمبر کی صبح وہ کومہ میں چلی گئیں اور باقی ایام اسی حالت میں گزرے۔ جب تک حواس قائم رہے انتہائی مطمئن اور پر سکون رہیں۔

موٴرخہ 19؍دسمبر کو خاکسار نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی، افراد جماعت کے علاوہ بیسیوں غیر از جماعت بھی نماز جنازہ میں شامل ہوئے۔ بعد ازاں قریبی سرکاری قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے۔ کمزریوں خامیوں اور عیبوں سے پردہ پوشی فرمائے۔ اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی