• 25 اپریل, 2024

یوم تبلیغ،ابنگرو ریجن آئیوری کوسٹ

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ ابنگرو شہر (Abengourou) کو مؤرخہ 28؍ جنوری 2023ء بروز ہفتہ کو ریجنل احمدیہ مشن ہاؤس میں یوم تبلیغ منانے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کے انعقاد کے لئے تیاریوں کا سلسلہ پروگرام سے دو ہفتے قبل ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ چنانچہ اس دن کے حوالہ سے باقاعدہ ایک پروگرام بنا کر چھپوایا گیا اور مہمانانِ گرامی کو اس پروگرام میں شمولیت کے لئے باقاعدہ خط کی شکل میں دعوت نامہ بمع پروگرام بھجوائے گئے۔

مؤرخہ 28؍ جنوری بروز ہفتہ صبح ساڑھے نو بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم عبداللہ صاحب (Niemba Abdoulaye) صاحب کو حاصل ہوئی بعد ازاں اس کا ترجمہ فرانسیسی زبان میں پیش کیا گیا۔ اس کے بعد پروگرام کے مطابق مقررین نے تقاریر کیں۔پہلی تقریر مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’دجال کی بابت جماعت احمدیہ کا موقف‘‘ کی۔جس کے بعد مکرم یوسف دمبیا صاحب نے تقریر بعنوان ’’مسلمان کی کیا تعریف ہے؟‘‘ کی۔بعد ازاں ’’آخر الزمان کی چند نشانیاں‘‘ کے عنوان سے مکرم صدیق جیالو صاحب معلم سلسلہ نے سیر حاصل بحث کی۔اس پرو گرام کی اختتامی تقریر خاکسار (صادق احمد لطیف ریجنل مبلغ سلسلہ) نے بعنوان ’’جماعت احمدیہ کا اجمالی تعارف‘‘ کی۔ہر ایک تقریر کے بعد حاضرین کو تقریر کے عنوان کے تحت سوالات کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا رہا اور ساتھ ہی ساتھ ان سوالات کے جوابات بھی دیئے جاتے رہے۔

تبلیغ ڈے کے حوالہ سے اس تبلیغی کانفرنس کے علاوہ قرآن مجید کی نمائش اور بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیا۔ قرآن مجید کی نمائش میں جماعت احمدیہ کی جانب سےکئے گئے قرآن کریم کےتراجم میں سے دس مختلف زبانوں کے مترجم نسخے رکھے گئے۔ کانفرنس میں شامل مہمانان کرام کو جماعت احمدیہ مسلمہ کی قرآن کریم اور اس کے تراجم کے حوالہ سے خدمات کے متعلق آگاہ کیا گیا۔بک سٹال میں بیس کے قریب فرانسیسی زبان میں کتب فروخت کے لئے رکھی گئیں۔مزید برآں تمام حاضرین میں کتابچہ(Leaflets) تقسیم کئےگئے اور اس پروگرام میں تشریف لانے والے تمام آٹھ آئمہ حضرات کوایک ایک عربی زبان کی کتاب ’’القول الصریح‘‘تحفۃً دی گئی۔پروگرام کے اختتام پر جملہ شامین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اس تبلیغی کانفرنس میں اللہ کے فضل سے آٹھ غیر از جماعت آئمہ حضرات کے علاوہ مسلم طلباء تنظیم(Muslim Student Organisation) کے کئی ممبران اور یوتھ پارلیمنٹ میں ابنگرو شہر کے سینیٹر مکرم کونے موسی صاحب صاحب(Mr Kone Moussa) اور میڈیا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔بعد از اں لوکل ریڈیو اور میڈیا کے دیگر نمائندگان نے (جن کی کل تعداد تین تھی ) تمام مقررین کے انٹرویوز لئے۔کانفرنس کے دوران کی جانے والے تمام چار تقاریر کو لوکل ریڈیو پر نشر بھی کیا گیا اور جماعت کا بہت عمدہ الفاظ میں تعارف بھی کروایا گیا۔ علاوہ ازیں AIP جو ایک الیکٹرانک اخبار ہے نے بھی اس پروگرام کے حوالہ سے ایک تفصیلی خبرموٴرخہ 29؍ جنوری 2023ء کو شائع کی۔ الحمد للّٰہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے مثبت نتائج مرتب فرمائے اور سعید روحوں کو امام الزمان کو قبول کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ تمام واقفین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں مقبول خدمتِ دین کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:صادق احمد لطیف۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ