• 10 جولائی, 2025

مبشر خواب

مکرم مولانا محمد صدیق امرتسری سابق مربی سیرالیون مغربی افریقہ لکھتے ہیں کہ سیرالیون کے ایک پیراماؤنٹ چیف وانڈی کالون کی ہدایت اور رہنمائی کا باعث ان کے دو مبشر خواب تھے۔ وہ اپنے ایک خط میں اپنے ایک خواب کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں:۔

’’احمدیت پر غوروفکر کرنے کے دوران جبکہ میں اللہ تعالیٰ سے ہدایت اور رہنمائی حاصل کرنے کیلئے ایک لمبا عرصہ اس کے حضور خاص توجہ سے دعائیں اور استخارہ کر رہاتھا تو ایک مرتبہ میں نے رویا دیکھا کہ گویا بوقت شب میں ایک بہت سے مختلف درختوں والے وسیع وعریض میدان میں کھڑا ہوں میرے بالکل سامنے ایک بہت بڑا درخت ہے جس کی ہر شاخ چودھویں کے چاند کی چاندنی سے منور ہے جبکہ مکمل چاند کی ٹکیہ درخت کے عین پیچھے افق سے ابھرتی ہوئی مجھے نظر آرہی ہے اس کی نورانی روشنی اور کرنیں درخت کے پتوں کے درمیان سے چھن چھن کر مجھ تک پہنچ رہی ہیں۔

اسی دوران مجھے یہ تفہیم ہوئی کہ جیسے چاند کی وہ کرنیں بڑے رازدارانہ انداز میں مجھے اشارے کر رہی ہیں کہ میں صرف اس سامنے والے درخت کے سایہ تلے جا کرپناہ لوں کیونکہ دوسرے سب درخت پائیدار نہیں ہیں اور عنقریب سوکھ کر ہَبَآءً مَّنۡثُوۡرًا ہو جائیں گے۔ اس پر رؤیا میں ہی میں جلدی سے اس درخت کی طرف چل پڑا اور اس کے نیچے جا کر پناہ لے لی۔ عالم رویا میں یہ نظارہ مجھے اس قدر حسین مسرت آمیز اور بابرکت لگا کہ میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

اس کے بعد جب میری آنکھ کھلی تو میری یہ کیفیت تھی کہ مجھے کامل یقین ہو گیا کہ احمدیت کے سب دعاوی اور نظریات خالص دینی ہیں اور سچائی اور حقیقت پر مبنی ہیں اس لئے مجھے بلاتاخیر فورا ً اس الٰہی جماعت میں شامل ہو جانا چاہئے۔ چنانچہ اس بشارت کی بناء پر پھر میں نے نہایت جلد بیعت کرکے جماعت میں شامل ہونے کا شرف حاصل کرلیا۔‘‘

(الفضل23۔اپریل 1978ء)

پچھلا پڑھیں

درخواست دعا

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 اپریل 2020