• 9 مئی, 2025

مسلم بندہ پابندی سے انہیں کرتا رہے گا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا

حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دو خصلتیں یا دو عادتیں ایسی ہیں جو کوئی مسلم بندہ پابندی سے انہیں کرتا رہے گا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا، یہ دونوں آسان ہیں لیکن ان پر عمل کرنے والے لوگ تھوڑے ہیں (۱) ہر نماز کے بعد دس بار ’’سبحان اللّٰه‘‘ اور دس بار ’’الحمد للّٰه‘‘ اور دس بار ’’اللّٰه اكبر‘‘ کہنا، اس طرح یہ زبان سے دن اور رات میں ایک سو پچاس بار ہوئے، اور قیامت میں میزان میں ایک ہزار پانچ سو بار ہوں گے، اور سونے کے وقت چونتیس بار ’’اللّٰه اكبر‘‘، تینتیس بار ’’الحمد للّٰه‘‘، تینتیس بار ’’سبحان اللّٰه‘‘ کہنا، اس طرح یہ زبان سے کہنے میں سو بار ہوئے اور میزان میں یہ ہزار بار ہوں گے۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہاتھ (کی انگلیوں) میں اسے شمار کرتے ہوئے دیکھا ہے، لوگوں نے کہا: اللہ کے رسول! یہ دونوں کام تو آسان ہیں، پھر ان پر عمل کرنے والے تھوڑے کیسے ہوں گے؟ تو آپ نے فرمایا: (اس طرح کہ) تم میں ہر ایک کے پاس شیطان اس کی نیند میں آئے گا، اور ان کلمات کے کہنے سے پہلے ہی اسے سلا دے گا، ایسے ہی شیطان تمہارے نماز پڑھنے والے کے پاس نماز کی حالت میں آئے گا، اور ان کلمات کے ادا کرنے سے پہلے اسے اس کا کوئی کام یاد دلا دے گا، (اور وہ ان تسبیحات کو ادا کئے بغیر اٹھ کر چل دے گا)۔

(سنن ابوداؤد ابواب النوم باب فی التسبیح عند النوم حدیث نمبر 5065)

پچھلا پڑھیں

جماعت احمدیہ لگزمبرگ کا پہلا جلسہ سیرۃ النبی ؐ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 اپریل 2022