• 19 مئی, 2024

سانحہ ارتحال و ذکر خیر

•مکرم صفوان احمد ملک نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن۔ جرمنی سے یہ افسوس ناک اطلاع بھجواتے ہیں۔
جماعت احمدیہ کے دیرینہ خادم مکرم طاہر اشفاق ابن اشفاق احمد صاحب مورخہ31مئی 2022ء جرمنی کے شہر Iserlohn میں 58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔

پیدائش وقبول احمدیت

مکرم طاہر اشفاق کے والد مکرم اشفاق احمد نے تحقیق ومطالعہ کے بعد 1970ء میں احمدیت قبول کی اور پھر اللہ کے فضل سے ساری زندگی ایک فعّال داعی الی اللہ کے طور پر زندگی بسر کی۔ بیعت کے وقت طاہر اشفاق صاحب کی عمر 6 سال تھی۔ بچپن سے ہی موصوف کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ چنانچہ گاہے گاہے ہمسایوں کی مخالفت کی وجہ سے گھر تبدیل کرنا پڑتے۔ ایک مرتبہ تو مخالفین نے گھر کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔

تعلیم و نوکری

میٹرک کے بعد طاہر اشفاق صاحب نے اپنے والد محترم کی خواہش پر انجینئرنگ کالج میں داخلہ لیا اور کمپیوٹر ہارڈویئر میں ماسٹرز کی تعلیم مکمل کرنے کے بعدایک معروف کمپنی میں ملازمت اختیارکی اور 2018ء تک وہاں کام کیا۔ علاوہ ازیں اپنے ذاتی شوق سے ہومیوپیتھی میں ڈپلومہ کیا اور تادمِ آخر عوام الناس اس نافع الناس وجود سے فائدہ اُٹھاتے رہے۔ اور اسی غرض سےلمبا عرصہ ہفتہ میں ایک دِن فری میڈیکل کیمپ لگاتے رہے۔

شادی و اولااد

طاہر اشفاق صاحب کی شادی 2001ء میں فائزہ تبسم صاحبہ بنت حمید الدین صاحب خوش نویس کے ساتھ ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں تین بیٹوں عزیزم طلحہ احمد، عزیزم حمزہ احمد اور عزیزم انس احمد سے نوازا۔ موصوف کی خواہش تھی کہ اُن کے بچے قرآنِ کریم حفظ کریں۔ چنانچہ اسی کے تحت انہوں نے اپنے بڑے بیٹے عزیزم طلحہ احمد کو مدرسۃ الحفظ میں داخل کرایا جہاں سے انہوں نے اپنا حفظ مکمل کیا۔ اِس وقت موصوف کے چھوٹے بیٹے عزیزم انس احمد بھی قرآن حفظ کررہے ہیں۔

جرمنی آمد

جماعت احمدیہ کی بڑھتی ہوئی مخالفت کے پیش نظر طاہر اشفاق صاحب اپنی فیملی کے ساتھ دسمبر 2018ء میں جرمنی پہنچے۔ جہاں بھی رہے وہاں باقاعدگی سے ساری نمازیں باجماعت پڑھنے کا اہتمام کیا۔ مارچ 2019ء میں اُن کی فیملی جماعت Iserlohn میں منتقل ہوگئی۔ اُن کی ہمیشہ سے ہی خواہش تھی کہ اُن کا گھر مسجد کے قریب ہو اور اللہ تعالیٰ نے اُن کی اِس خواہش کو پورا فرمایا۔ باقاعدگی سے نمازوں کے لئے اپنے تینوں بیٹوں کے ساتھ مسجد تشریف لاتے۔

جماعتی خدمات

وطن عزیز میں انہیں مجلس خدام الاحمدیہ، مجلس انصاراللہ اور لوکل جماعت میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کرنےکی توفیق ملی ۔ جرمنی آنے کے بعد موصوف ایک طرح سے مکمل طور پر جماعتی خدمات کے لئے وقف ہوگئے۔ لوکل سطح پر سیکریٹری تربیت کی ذمہ داری کو نہایت احسن رنگ میں اَدا کیا۔ کورونا کے حالات میں بھی تقریباً ہر فیملی کے ساتھ رابطہ رکھا۔ مسجد کو آباد کرنے اور جماعتی اجلاسات میں حاضری کے لئے بھرپور کوشش کرتے تھے۔ علاوہ ازیں مجلس انصاراللہ کی زونل مجلس عاملہ میں بطور نائب ناظم اعلیٰ خدمت کرنے اور دورہ جات کرنے کی توفیق ملتی رہی ۔ تبلیغ پروجیکٹ 2023ء میں بھی موصوف کو نہایت نمایاں خدمات پیش کرنے کی توفیق ملی۔ چنانچہ اُنہیں نائب اِنچارج ریجن ویسٹ فالن کی خدمات کے ساتھ دیگر ریجنز کے نگران کے طور پر نمایاں مساعی بجالانے کی توفیق ملی۔ نیز جماعت جرمنی کے ویب ریڈیو Stimme des Islam کے testing phase میں ایک سال تک تکنیکی خدمات باقاعدگی سے پیش کیں۔ علاوہ انتظامی اُمور کے موصوف تبلیغی ٹیموں کے ساتھ بیسیوں بار لیف لیٹس کی تقسیم میں شامل ہوئے۔

وفات و نماز جنازہ

طاہر اشفاق صاحب کو پتہ میں پتھری تھی اس کی وجہ سے بعد میں Necrotizing pancreatitis کی شکایت ظاہر ہوئی۔ جس نے جسم کے مختلف اعضاء پر حملہ کرکے انہیں مفلوج کر دیا اور شاید یہی وجہ آپ کی وفات کی بنی۔ مورخہ 3جون بروز جمعۃ المبارک موصوف کی نماز جنازہ مقامی قبرستان میں مکرم شاہد احمد بٹ مربی سلسلہ نے پڑھائی ۔ موصوف اللہ کے فضل سے موصی تھے امانتاً تدفین عمل میں آئی۔ قبر تیار ہونے پر مکرم شاہداحمد بٹ نے دعا کروائی۔موصوف کے جنازے میں مقامی احباب جماعت کے علاوہ مرکزی نیشنل سیکریٹریان وکارکنان بیت السبوح نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اُن کے درجات بلند فرمائے، نیز اُن کی اہلیہ اور بچوں کو اپنے فضلوں اور رحمتوں سے نوازے۔ اللہ تعالیٰ اُن کے تینوں بیٹوں کو اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلنے اور اُن کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

•مکرم حکیم محمد قدرت اللہ محمود چیمہ۔ یہ اطلاع بھجواتے ہیں۔
قارئین الفضل کو نہایت افسوس سے یہ اطلاع دی جا تی ہے کہ ہمارے محلے کے سیکرٹری ضیافت محترم چوہدری علیم الدین پروپرائیٹر رشید ٹینٹ سروس و الرفیع بینکئویٹ ہال کی والدہ محترمہ صغریٰ بی بی زوجہ چوہدری رفیع الدین مرحوم مورخہ 25 مئی 2022ء بروز بدھ بعد دوپہر بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آ پ کچھ عرصہ سے جگر کےکینسر کے باعث بیمار تھیں اور فضل عمر ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

مرحومہ منکسر المزاج، خوش اخلاق، غریب پرور نیز مالی قربانیوں میں حصہ لینے والی خاتون تھیں۔

مرحومہ کی اولاد میں آ ٹھ بیٹے مکرم حاجی کریم الدین جاوید ،مکرم نعیم الدین پرویز جرمنی، مکرم رشیدالدین، مکرم فاتح الدین بابر ہالینڈ، مکرم ناصر الدین کینیڈا، مکرم تقی الدین جرمنی، مکرم چوہدری علیم الدین، مکرم سلیم الدین اور ایک بیٹی محترمہ رفیعہ نسیم اہلیہ مکرم مبارک حمید صاحب جرمنی یادگار چھوڑے ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ سے مغفرت اور پیار کا سلوک فرماتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کواپنی مرحومہ والدہ کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یا ارحم الرٰحمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ