• 24 اپریل, 2024

ریجنل جلسہ سالانہ ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ

بفضل تعالیٰ امسال آئیوری کوسٹ کے تمام ریجنز میں ریجنل جلسہ جات کا سلسلہ شروع کیا گیا پروگراموں کا یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس ضمن میں مؤرخہ 08مئی 2022ء کوساں پیدرو (San-Pédro) کو اپنا سالانہ ریجنل جلسہ، ساں پیدرو شہر میں واقع جماعتی جگہ میں تعمیر کردہ مسجد بیت الرحیم میں بعنوان ’’خلافت ایک عظیم روحانی نعمت‘‘ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس جلسہ کے لئے مہمانان کرام کی آمد کا سلسلہ بروز ہفتہ ہی شروع ہو گیا جس سلسلہ میں ریجنل عاملہ نیز احباب جماعت سے مختلف مواقع پر میٹنگز کے بعدتیاریوں کا آغاز کر دیا گیا تھا نیز جلسہ کے انتظامات کے لئے مکرم تراؤرے اسماعیل صاحب (Traoure Islamil) ناظم جلسہ کی نگرانی میں کمیٹی تیار کی گئی۔ خاکسار (ریجنل مبلغ ساں پیدرو) نیز معلم سلسلہ سومارو قاسم صاحب (Soumarou Kassoum) نے ریجن کی تمام جماعتوں کا دورہ کرکے احباب جماعت کو جلسہ میں آنے کی دعوت دی نیز جلسہ میں شمولیت کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ساں پیدرو ریجن کے علاوہ ریجن سساندرا (Sassandra) کے احباب جماعت بھی ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم زالے محمد صاحب (Zalle Mouhammad) کی قیادت میں اس جلسہ میں شریک ہوئے۔بروز ہفتہ مرکزی وفد امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی قیادت میں مقام جلسہ پہنچ گیا۔ نماز مغرب و عشاء باجماعت ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کو طعام پیش کیا گیا جس کے معاً بعد سوال وجواب کی نشست رکھی گئی جس میں شاملین جلسہ نے مکرم عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ آبوویل، مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ سساندرا، مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ سینفرا شہر، نیز عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ آبی جان سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے اور ان کے جواب انھیں دیئے گئے۔

جلسہ کے دن کا باقاعدہ آغاز بروز اتوارنماز تہجد کے ساتھ کیا گیا مکرم عبدالرزاق صاحب نے نماز تہجد پڑھائی جس کے معاً بعد مکرم وترا عبدالرحمان صاحب معلم سلسلہ نےدرس دیا۔ بعد ازاں نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد نیشنل صدران برائے انصار اللہ، لجنہ اماء اللہ نیز نمائندہ صدر خدام الاحمدیہ نے اپنی اپنی ذیلی تنظیموں کے افراد کےساتھ میٹنگ کی جس میں انھیں انکے مفوضہ امورو ذمہ داریوں کے متعلق رہنمائی کی۔ جلسہ کے باقاعدہ پروگرام کے لئے مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ 9:30 منٹ پرجماعتی جگہ پر واقع ہیومینیٹی فرسٹ (Humanity First) کے پرائمری سکول میں واقع گراؤنڈ میں تشریف لائے جہاں باقاعدہ تقریب پرچم کشائی کے ساتھ جلسہ کا آغاز کیا گیا۔ مکرم کونے محمد صاحب (Kone Mamadou) ممبر جماعت جمبو نے تلاوت قرآن کریم کی نیز فرینچ زبان میں ترجمہ پیش کیا جس کے بعد ساں پیدرو شہر کے طفل عزیزم تراؤرے الحسن (Traore Alassane) نے قصیدہ پڑھا اور فرینچ ترجمہ پیش کیا۔جس کے بعد خاکسار (عبدالنور) نے مقامی روایات کے مطابق مہمانان کرام کو خوش آمدید کہا۔ جلسہ کی سب سے پہلی تقریر مکرم زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ سساندرا نے بعنوان ’’خلافت، ایک روحانی نعمت‘‘ کی۔ جس کے بعد مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ سینفرا نے تقریر بعنوان ’’عالمی بحران اور امن کا راستہ اسلام‘‘ کی۔اس تقریر کے بعد مکرم سوماروقاسم صاحب معلم سلسلہ ساں پیدرو نے تقریر بعنوان ’’پانچ ارکان اسلام نیز تعارفِ احمدیت‘‘ کی۔ ان تقاریر کے بعد ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدران و نمائندگان نے حاضرین جلسہ سے خطاب کیا اور انھیں ذیلی تنظیموں کا مختصر خاکہ پیش کیا۔جس کے بعد ہیومینیٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے چیئرمین یحیی وترا صاحب (Ouattara yaya) نے خطاب کیا اور آئیوری کوسٹ میں ہیومینیٹی فرسٹ کی خدمت انسانیت کے کاموں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں کوفکرا سے آئے عیسائی پاسٹر صاحب نے بھی اظہار خیال کیا۔ ان مختصر تقاریر کے بعد جلسہ کی اختتامی تقریر مکر م عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے جلسہ کے تھیم کے مدنظر بعنوان ’’نظام خلافت اور اسلام میں مصلحین کی آمد‘‘ کی اور دعا کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئی جس کے بعد حاضرین جلسہ کی تواضع کھانے سے کی گئی اور ریجنل جلسہ ساں پیدرو کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

دوران سال اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ساں پیدرو ریجن کو اپنا دوسرا سالانہ جلسہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ جلسہ کے ڈیوٹیز کی انجام دہی کے لئے تمام مجالس سے آئے خدام میں سے چنیدہ خدام بھی مقرر کئے گئے۔ جلسہ کی کل حاضری 320 رہی جس میں ریجن کی 10 جماعتوں نے شرکت کی۔ مرکزی وفد میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ کل 18 افراد نے شرکت کی جبکہ ریجن سینفرا و ایسیا کے ریجنل مبلغین سلسلہ بھی جلسہ میں شامل ہوئے۔ سساندرا ریجن کا جلسہ امسال چونکہ نہ ہو سکا اس لئے ریجن سساندرا کے احباب جماعت نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جلسہ کے دوررس اثرات مرتب کرے نیز شاملین جلسہ کو حقیقی رنگ میں جلسہ کی برکات سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا کرے۔ نیز کارکنان جلسہ کو بھی احسن رنگ میں اجرعظیم عطا کرے۔ آمین۔

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن آئیوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ