• 28 اپریل, 2024

’’دیکھو میرے دوستو! اخبار شائع ہوگیا‘‘

سیدنا حضرت مسیح موعودؑ کا الہام ’’دیکھو میرے دوستو! اخبار شائع ہوگیا‘‘ ایک بار پھر بڑی شان و شوکت کے ساتھ پورا ہوگیا

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے دستِ مبارک سےروزنامہ الفضل لندن کے آن لائن ایڈیشن کا اجراء فرما دیا

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ میں الفضل کے آن لائن ایڈیشن کے اجراء کا اعلان فرمایا

ضروری امور کے ساتھ پوری دنیا کے احمدی احباب کو اس کی ویب سائیٹ کا تعارف بھی کرایا

سیدنا و امامنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےآج مؤرخہ 13دسمبر 2019ءبروز جمعۃ المبارک خطبہ جمعہ ،نماز جمعہ و عصر کی نماز کی امامت فرمانے کے بعد اپنے دستِ مبارک سےمسجد مبارک اسلام آباد ٹلفورڈ برطانیہ میں روزنامہ الفضل لندن کے آن لائن ایڈیشن کا اجراء فرمادیا ۔ اس طرح حضر ت مسیح موعود علیہ الصلٰوۃ والسلام کا الہام ’’دیکھو میرے دوستو! اخبار شائع ہو گیا ‘‘ایک مرتبہ پھر شان و شوکت کے ساتھ پورا ہوا۔ الحمد للٰہ علی ذلک
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ میں اس تاریخی اخبار کے اجراء کا اعلان کرتےہوئے فرمایا:
’’اس وقت میں ایک تو یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ روزنامہ الفضل کی ویب سائٹ ہم نے شروع کی ہے اور اس کے بارے میں اعلان کروں گا…الفضل کے 106سال پورے ہونے پر لندن سے الفضل کے آن لائن ایڈیشن کا آغاز ہورہا ہے اور یہ اخبار الفضل آج سے 106 سال پہلے حضرت مصلح موعودؓ نے حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کی اجازت اور دعاؤں کے ساتھ 18جون1913ء کو شروع فرمایا تھا۔قیام پاکستان کے بعد کچھ عرصہ لاہور سے شائع ہوتا رہا پھر حضرت مصلح موعودؓ کی قیادت میں یہ ربوہ سے نکلنا شروع ہوا۔اس قدیم اردو روزنامہ اخبار کا لندن سے آن لائن ایڈیشن کا اجراء13دسمبر2019ءسے ہورہا ہے،آج سے انشاء اللہ آغاز ہو جائے گا۔جو انٹرنیٹ کے ذریعہ ساری دنیا میں بڑی آسانی کے ساتھ دستیاب ہوگا۔اس کی ویب سائٹalfazlonline.orgتیار ہوچکی ہے اور پہلا شمارہ بھی اس میں دستیاب ہے۔
یہاں ہماری مرکزی ٹیم جو ہے آئی ٹی کی انہوں نے بڑا کام کیا ہے اس کے اوپر۔اس میں الفضل کی اہمیت و افادیت کے حوالہ سے بہت کچھ موجود ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ کے عنوان کے تحت قرآن کریم کی آیات بھی اور فرمان رسولؐ کے تحت احادیث نبویؐ بھی ہوں گی۔حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کے اقتباسات بھی ہوں گے اسی طرح بعض احمدی مضمون نگاروں کے مضمون اور کچھ جو عام مضامین ہیں وہ بھی ہوں گے نظمیں بھی احمدی شعراء کی ہوں گی۔
یہ اخبار ویب سائٹ کے علاوہ ٹویٹر(Twitter) پر بھی موجود ہے اور Android کا ایپ بھی بن گیا ہے۔اردو پڑھنے والے احباب کو اس سے استفادہ کرنا چاہئے اور اسی طرح مضمون نگار اور شعراء حضرات اپنی قلمی معاونت بھی کریں اس کے لئے۔تاکہ اچھے اور تحقیقی مضامین بھی اس میں شائع ہوں ۔اس ویب سائٹ میں روزانہ کے شمارے کی پی ڈی ایف کی شکل میں image فائل بھی موجود ہوگی جس کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ downloadبھی کیا جاسکے گا جو پرنٹ کی شکل میں چاہیں نکال کر پڑھ سکتے ہیں بہر حال آج اس کا انشاءاللہ آغاز ہوجائے گا۔اسی طرح پیر کے روز اس میں خطبہ جمعہ کا مکمل متن جو ہے شائع کیا جائے گا اورتازہ خطبہ کا خلاصہ بیان ہوجائے گاتو انشاء اللہ جمعہ کے بعد اس کا افتتاح ہوجائےگا۔‘‘
اخبار الفضل کا آغازآج سے 106 سال پہلے حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ نے دعاؤں کے ساتھ قادیان سے 18جون 1913ء کو فرمایا تھا اور اب خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں برصغیر کے اس قدیم اردو اخبار روزنامہ الفضل کا لندن سے آن لائن آغاز ہوا ہے ۔اخبار کی ویب سائٹ درج ذیل ہے۔

www.alfazlonline.org

ایک لمبے عرصہ سے مکرم عبد الودود انچارج مرکزی شعبہ آئی ٹی لندن نےحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات اور رہنمائی کی روشنی میں اپنی پوری ٹیم کے ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق ویب سائیٹ بنائی ہے ۔اس ویب سائیٹ پر روزانہ کے شمارہ جات pdfکی شکل میں موجود ہوں گے ۔اس خوبصورت ویب سائٹ میں فرمان رسول ﷺ کے تحت احادیث نبویہؐ ،حضرت سلطان القلمؑ کے رشحات قلم کے تحت ملفوظات حضرت مسیح موعود ؑ، فرمان خلیفہ وقت میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تازہ بتازہ قیمتی اور پُر معارف ارشادات اور اس کے علاوہ خلفاء سلسلہ کے پُر اثر اور علمی ارشادات بھی اس ویب سائٹ کا حصہ ہوں گے۔ ایڈیٹر کے قلم سے نکلا ہوا اچھوتے عنوان پر مشتمل اداریہ ہر جمعۃ المبارک کو آن لائن ہوگا۔اخلاقی ، تربیتی، علمی ، ادبی اور تحقیقی موضوعات والے مضامین اور خبریں بھی قارئین کی علمی سطح میں اضافہ کا موجب ہوں گے ۔ پسندیدہ اور مقبول مضامین کے لئے بھی اس میں خاص جگہ مقرر کی گئی ہے۔ سب سے بڑھ کر سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا روزنامہ الفضل لندن کے آن لائن ایڈیشن کے اجراء کے موقع پر محبت بھرا بصیرت افروز پیغام بھی موجود ہے جو پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ قارئین اس سے استفادہ فرمائیں۔ ویب سائیٹ کا اصل تعارف تو احباب اس کو ملاحظہ کرکے ہی حاصل کر سکیں گے مگر تعارف کے طور پر صرف اتنا لکھنا ضروری ہے کہ پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد پر عمل کرتے ہوئے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اس کو تیار کیا گیا ہے تاکہ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود مرد و زن اور ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اور بڑے احمدی اس سے بھر پور استفادہ کرسکیں ۔
سیدنا حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے الفضل کے پہلے پرچہ میں دعائیں کرتے ہوئے تحریر فرمایا :
’’ اے میرے مولا ! لوگوں کے دلوں میں الہام کر کہ وہ الفضل سے فائدہ اٹھائیں اور اس کے فیض کو لاکھوں نہیں کروڑوں تک وسیع کراور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے بھی اسے مفید بنا۔

(الفضل 18جون1913ء)

ہم امید رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ روزنامہ الفضل لندن کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے بانی الفضل حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی یہ دعا قبول فرمائے گا اور الفضل کا فیض کروڑوں لوگوں تک وسیع فرمادے گا۔
ایڈیٹر صاحب روزنامہ الفضل لندن آن لائن نے اس تاریخی اور خوشی کے موقع پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ’’دنیا بھر میں بسنے والے احمدی احباب کے لئے یہ ایک پُرسعادت وقت ہے ۔ادارہ الفضل لندن آن لائن کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ اکناف عالم کے احمدیوں کو بہت بہت مبارک باد۔احباب کرام اس تاریخی جریدہ کو روزانہ کی بنیاد پر آن لائن پڑھیں اور دیگر احمدی احباب کو بھی پڑھنے کی تلقین کریں۔نیز قلمکار اور شعراء اپنے مضامین، آرٹیکلز اور نظمیں اور قارئین اپنی آراء درج ذیل ای میل ایڈریس پر بھجوائیں۔

info@alfazlonline.org

انہوں نے مزید کہا: میں یہ بات بھی بتانا چاہتا ہوں جس طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے الفضل آن لائن کے تعارف میں فرمایا کہ اس کا androidایپ بھی بن گیا ہے احباب اس کے ایپ کو اپنے موبائلز میں ڈاؤن لوڈ کر کے استفادہ کریں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ روزنامہ الفضل لندن کا یہ آن لائن ایڈیشن پوری دنیا میں بسنے والے احمدیوں کے لئے ہر لحاظ سے خیر و برکت کا موجب بنائے۔ حضرت مصلح موعودؓ اور خلفاء کرام کی الفضل کے لئے دعاؤں کو قبول فرماتے ہوئےالفضل کو ترقیات کی نئی سے نئی منازل عطا فرماتا چلا جائے اور یہ بھی خلیفہ وقت کے لئے حقیقی سلطانِ نصیر کا کردار ادا کرنے والا بنے۔ آمین

(لندن ۔مانیٹرنگ ڈیسک۔راجہ برہان احمد نامہ نگار ۔13دسمبر2019ء)

پچھلا پڑھیں

روزنامہ الفضل آن لائن لندن ایک طائرانہ نظر میں

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14دسمبر 2019