• 26 اپریل, 2024

روزنامہ الفضل آن لائن لندن ایک طائرانہ نظر میں

اخبار الفضل دنیائے اردو صحافت میں مسلسل شائع ہونے والا برصغیر کا قدیم ترین اخبار کہلاتا ہے۔ جو خداتعالیٰ کے فضل سے اب اپنے 106سال پورے کر رہا ہے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی ولولہ انگیز قیادت اور رہنمائی میں روزنامہ الفضل کا لندن سے آن لائن ایڈیشن شروع کیا جا رہا ہے۔

اس تاریخی اخبار کی بنیاد 2مقدس خلفاء کے ہاتھوں سے رکھی گئی۔اور آنے والے خلفاء نے ازراہ شفقت اس کو اپنے خون جگر سے سینچا اور پروان چڑھایا اور اس کی ایک صدی سے زیادہ کی عمر محض ان خلفاء کی دعاؤں اور برکتوں سے عبارت ہے۔ الفضل ایک فضل ہے جو سیدنامحمود کے ذریعہ 18جون 1913ء کو عالم احمدیت پر نور الدین کی دعاؤں کے جلو میں ظاہر ہوا۔ اور خلافت احمدیہ کی روشنی اور اس کی برکات کو دنیا بھر میں ظاہر کرتا رہا۔ یہ خلافت احمدیہ کا پروانہ، اس کے ہاتھ کا پروردہ اور مُہرہ اور اس کا بِگل ہے۔

الفضل خلافت احمدیہ کی 100سالہ تجلیات اور جماعت کی والہانہ عقیدت کا آئینہ دار ہے، اس کا ہر صفحہ اس دوطرفہ محبت کے عطر سے پُر ہے۔

الفضل قادیان سے شروع ہوا اور لاہور سے ہوتا ہوا ربوہ پہنچا اور اب 106سال کے بعد خلافت خامسہ کےبابرکت دور میں روزنامہ الفضل کے آن لائن ایڈیشن کا لندن سے اجراء ہو رہا ہے۔ اس مبارک اور تاریخی موقع پر ادارہ الفضل اپنے جان سے پیارے آقا و امامنا سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اور احباب جماعت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتاہے۔

روزنامہ الفضل لندن کے آن لائن ایڈیشن کے اجراء پر حضور انور ایدہ ا للہ تعالیٰ نے محبت بھرا خصوصی پیغام عطا فرمایا (یہ بصیرت افروز خطاب گزشتہ شمارہ میں شامل کیا گیا ہے)حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ اس کے آخر پر فرماتے ہیں۔
’’میری دعا ہے کہ الفضل ہمیشہ ترقی کی نئی سے نئی منازل طے کرتا چلا جائے اور یہ بھی خلیفہ وقت کے لئے ایک حقیقی سلطانِ نصیر کا کردار ادا کرنے والا بنے۔ آمین‘‘

اللہ تعالیٰ خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی توقعات اور خواہشات پر ادارہ اور قارئین کو پورا اُترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(تحریر: ابوسدید)

پچھلا پڑھیں

اگر خدا کی رؤیت چاہتے ہو تو صبح اور عصر کی نماز کی خوب پابندی کرو

اگلا پڑھیں

’’دیکھو میرے دوستو! اخبار شائع ہوگیا‘‘