• 29 اپریل, 2024

نمازجنازہ حاضرو غائب

نمازجنازہ حاضرو غائب
مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے
مؤرخہ یکم جنوری2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر آ کر درج ذیل نماز جنازہ پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

1.مکرم چوہدری عبد الحفیظ ریحان صاحب ابن مکرم عبد العزیز صاحب (برمنگھم)

28 دسمبر2021ء کو 92 سال کی عُمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت احمددین صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ 1962 میں یوکے آئے۔ آپ برمنگھم جماعت کے ابتدائی ممبران میں سے تھے۔ آپ نے بطور صدر جماعت برمنگھم خدمت کی توفیق پائی ۔برمنگھم میں پہلا مشن ہاؤ س بھی آپ کے دورصدارت میں ہی خریدا گیا۔ مرحوم کو تبلیغ کا بہت شوق تھا ۔چندہ جات میں باقاعدہ تھے۔ قُرآن کریم کی تلاوت باقاعدگی سے کیا کرتے تھے۔ بہت دیندار، صوم وصلوۃ کے پابند، سب سے انتہائی پیار و محبت سے پیش آنے والے، خوش گفتار اور خلافت کیساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص بزرگ تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحوم مکرم عطاء المجیب راشد صاحب (امام مسجد فضل لندن) کے رشتہ میں ماموں لگتے تھے۔

2. مکرمہ ارشاد بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم رانا محمد انور صاحب مرحوم (آلڈرشارٹ۔یوکے)

28 دسمبر 2021ء کو 75 سال کی عُمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند اور باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کیا کرتی تھیں۔ جماعتی خدمات کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی تھیں اور چندہ جات اور دیگر مالی قربانی میں بھی فراخدلی سے حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں 2بیٹے اور 3بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحومہ مکرم محمد عیسیٰ صاحب مرحوم مربی سلسلہ (دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے) کی نسبتی بہن، مکرمہ فرزانہ لقمان صاحبہ اہلیہ مکرم محمد لقمان چوہدری صاحب (زعیم انصار اللہ آلڈرشارٹ) کی والدہ اور مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب (مربی سلسلہ تنزانیہ)کی بہن تھیں۔

نماز جنازہ غائب

1.مکرم چوہدری نسیم احمد صاحب

14 نومبر 2021 کو 74 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پیشے کے لحاظ سے ایک بزنس مین اور زمیندار تھے۔ ریڈیو پاکستان پر لمبا عرصہ تک زمینداروں کے بارہ میں پنجابی زراعتی پروگراموں کی میزبانی کرتے رہے۔ جماعتی کاموں میں ہمیشہ صف اول میں رہتے تھے ۔لاہور کی جماعت محمد نگرمیں صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مالی قربانی میں دل کھول کر حصہ لیتے تھے۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کاتعلق رکھنے والے ایک نیک فطرت انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ مکرم رفیق احمد حیات صاحب (امیر جماعت یوکے) کے سمدھی اورمکرم مظفر اللہ چوہدری صاحب (ممبر امور خارجہ ٹیم ۔ یوکے) کے بڑے بھائی تھے۔

2. مكرم لئیق احمد صاحب ابن مکرم رفیق احمد صاحب امروہی (امروہہ، صوبہ یوپی۔انڈیا)

گزشتہ دنوں 35 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم تہجد گزار، پنجگانہ نمازوں کے پابند، غریب پرور، رشتہ داروں اور ہمسایوں کا خیال رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ چندوں میں بڑے باقاعدہ تھے۔ جماعت امروہہ میں کافی عرصہ مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا۔ دہلی میں قیام کے دوران غیر احمدیوں میں رہ کر کھلے عام تبلیغ کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں بوڑھے والدین کے علاوہ اہلیہ، دوسال کا بیٹا، چار بھائی اورایک بہن شامل ہیں۔

3. مكرم اللہ بخش صاحب

16 دسمبر 2021ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے دارالضیافت ربوہ اور نظارت بیت المال آمد میں خدمت کی توفیق پائی ۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند اور خلافت سے وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک انسان تھے ۔مرحوم موصی تھے۔

4. مكرم ندیم احمد ملک صاحب ابن مکرم شریف احمد ملک صاحب(ہمبرگ ۔جرمنی)

26 اکتوبر 2021ء کو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نمازوں کے پابند، چندوں میں باقاعدہ ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن کی طرف سے تعزیت قبول فرمائیں۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 جنوری 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ