• 19 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

  • مکرمہ مبارکہ شاہین ۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:

ماشاءاللہ الفضل کے توسط سے نئے نئے لکھنے والوں سے رابطہ ہوتا رہتا ہے۔ انکے خیالات و افکار کو جاننے کا موقعہ ملتا ہے۔ چند دن پہلے ایک بہن نے اپنے ترکی کے سفر کے ایمان افروز واقعات لکھے اور اس سے کچھ عرصہ پہلے مکرم ڈاکٹر محمد جلال شمس نے تفصیلاً ترکی جماعت اور وہاں تبلیغ کے بارہ میں اپنی مساعی کا ذکر کیا تھا۔ یہ سب بہت ایمان افروز تھا۔ خاکسارکو اپنے میاں کے ہمراہ 2018ء میں دو دن کےلئے ترکی کی سیر کا موقع ملا۔ ایک ہوٹل میں باسفورس کے ساحل کے بالکل سامنے آرام دہ کمرہ ملا ۔جہاں کچھ دیر سستانے کے بعد ہم شہر کی سیر کونکلے۔ ٹیکسی والے کو اشاروں کنایوں میں سمجھایا کہ حاجیہ صوفیہ مسجد لے جائے۔ بہت ہی خوبصورت منظر تھا، خوشگوار ہوائیں چل رہی تھیں۔ رش بےحد تھا۔ حاجیہ صوفیہ کے بالمقابل ایک اور مسجد بھی تھی۔ وہاں بھی کافی رش تھا۔ اسکی مرمت ہو رہی تھی، اس لئے اندر سے تھوڑی بہت دیکھ سکے ۔ایک ڈبل ڈیکربس شہر کا ٹؤر کروا رہی تھی، ٹکٹ لے کر اس میں سوار ہوئے اور اطراف کی سیر کی ۔ اگلے دن استنبول شہر کی خوب پیدل سیر کی ۔جگہ جگہ بڑی بڑی کشادہ مساجد دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی تھی۔ ایک بڑی جامع مسجد میں نماز ادا کی۔ باجماعت نماز کا وقت نہیں تھا۔ مسجد خالی تھی۔ خاکسار نے عورتوں والے حصہ میں نماز پڑھی۔ مسجدمیں بہت دعائیں کرنے کا بھی موقع ملا۔ اللہ تعالیٰ ہم ناتوانوں، گناہگاروں، بےکسوں کی تضرعات قبول فرمالے، آمین ۔مسجد سے ملحقہ ایک حجرہ تھا۔ وہاں ایک خاتون اپنے دو چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ بیٹھی تھی۔ خاکسار نے اسے ترکی زبان میں جماعتی لٹریچر پیش کیا جو میں اپنے ہمراہ جرمنی سےلے کر آئی تھی ۔ میاں نے بھی مسجد کے دروازہ پر چند نوجوانوں کو کچھ کتابچے دیئے۔ یوں سیر کے ساتھ تبلیغ کا موقع بھی میسر آگی، الحمدللہ۔ ایک مناسب قیمت کے ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا۔ جب کہ ایک دن پہلے ہم ایک مین بازار کے ریسٹورنٹ سے بہت مہنگا کھانا خرید چکے تھے ۔کہنے کا مقصد یہ ہے کہ مین جگہ سے ہٹ کر ذرا اندر جائیں تو کھانا اور رہائش دونوں بہت مناسب قیمت میں مل جاتی ہیں۔ خیر کھانے کے بعد وہاں بھی میاں صاحب کی ایک آدمی سے سلام دعا ہوئی۔ اسے بھی جماعت کا تھوڑا بہت تعارف کروایا اور ترکی زبان میں لٹریچر دیا۔ ترکی میں جماعت کے بہتر مستقبل کے لئے دعائیں مانگتے ہوئے واپسی کے لئے عازم سفر ہوئے۔ کچھ عرصہ بعد علم ہوا کہ مربی صادق صاحب کی ترکی تقرری ہوئ ہے۔ ترکی بہت خوبصورت ملک ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے تبلیغ اسلام کے نئے نئے رستے کھولے، جماعت کے لئے آسانیاں ہوں،ترک قوم کے سینے اللہ تعالیٰ احمدیت کےلئے کھول دے اور ابنائے باسفورس کے پانیوں پر پھر سے حقیقی اسلام کا غلبہ ہو، آمین۔

پچھلا پڑھیں

This Week with Huzoor مؤرخہ 18 فروری 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ