• 26 اپریل, 2024

برکینا فاسو کے ریجن کدگو میں تقریب آمین کا بابرکت انعقاد

ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد ﷺ نے قرآن مجید سیکھنے اور دوسرے کو سکھانے والوں کو بہترین افراد قرار دیا ہے ۔ قرآن مجید سے دلی لگاؤ اور اس کے احکام پرعمل کرنا ہر احمدی مسلمان اپنا فرض سمجھتا ہے۔ دنیا کے کونے کونے میں جماعت احمدیہ کے تحت ہزاروں قرآن کلاسز جاری ہیں ۔

برکینا فاسو کے مختلف ریجنز میں بھی ایک مسلسل پروگرام کے تحت قرآن مجید کلاسز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ احباب جماعت کی دلچسپی اور قرآن مجید پڑھنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے آمین کی دعائیہ تقریب کا انعقاد کرنا جماعتی روایات کا حصہ ہے ۔

برکینا فاسو میں بھی قرآن مجید کا دور مکمل کرنے والوں کے لئے دعائیہ تقریب آمین منعقد کی جاتی ہے۔

مورخہ 28 فروری 2021ء کدگو Koudgou ریجن کے ہیڈ کواٹرز میں ایک تقریب آمین کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں شرکت کے لئے مکرم محمود ناصرثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو بطور خاص نیشنل ہیڈکواٹرز سے تشریف لائے۔

تقریب کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ ا س کے بعد مکرم امیر صاحب نے قرآن مجید ناظرہ مکمل کرنے والے خوش نصیبوں سے قرآن مجید سنا ۔

اس تقریب میں ہر عمر کے افراد شامل تھے ۔ کل 6اطفال، 13خدام، 5انصار اور 2لجنہ کی آمین ہوئی۔ اس طرح مجموعی حاضری 26 رہی ۔ آمین میں شامل تمام احباب کو ایک سند اور قرآن مجید کا تحفہ دیا گیا ۔

تقریب میں شمولیت کے لئے دیگر احباب جماعت بھی تقریب میں تشریف لائے تھے۔ جن کی تعداد 119 تھی ۔ اس بابرکت موقع پر غیر از جماعت مہمانوں کو بھی شرکت کی دعوت کی دی گئی تھی ۔ ان مہمانوں کی تعداد پندرہ رہی ۔

مکرم امیر صا حب نے اپنے مختصر خطاب میں احباب جماعت کو قرآن مجید پڑھنے اور پڑھانے اور اس پر عمل کرنے کی توجہ دلائی ۔ دعا کے ساتھ ا س تقریب کا اختتام ہوا۔۔

تما م احباب کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا ۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جماعت احمد یہ برکینا فاسو کو مزید ترقیات سے نوازے ۔ ہم سب کوقرآن مجید پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(رپورٹ: چوہدری نعیم احمد باجوہ نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 اپریل 2021