• 19 مئی, 2024

قرآن:مومنوں کا رہنما

اِس میں رب کا ہر کوئی فرمان ہے
یہ ہی ہادی ہے یہی فُرقان ہے
ہر مسلماں کا یہی ایمان ہے
مومنوں کا رہنما قرآن ہے

اہلِ دُنیا سے نہ رستہ پوچھئے
خود بھٹکتے ہیں وہ سِکّوں کے لئے
سورہء الحمد پڑھ کر دیکھئے
راہ پانا کِس قدر آسان ہے
مومنوں کا رہنما قرآن ہے

دولتوں کے کارخانے ہیں بہت
سونے چاندی کے ٹھکانے ہیں بہت
یوں تو دُنیا میں خزانے ہیں بہت
بس ہدایت کی یہی اِک کان ہے
مومنوں کا رہنما قرآن ہے

وہ بشر ہی کفر سے مامون ہے
یاد قرآں کا جِسے مضمون ہے
اہلِ ایماں کا یہی قانون ہے
حق و باطل کی یہی پہچان ہے
مومنوں کا رہنما قرآن ہے

روشنی دیتا ہے اس کا ہر ورق
یہ ہی دیتا ہے زمانے کو سبق
ہاں یہی ہے دہر میں پیغامِ حق
دینِ احمدؐ کی یہی تو جان ہے
مومنوں کا رہنما قرآن ہے

(منورؔ احمد کنڈے۔یوکے)

پچھلا پڑھیں

Covid-19 افریقہ ڈائری نمبر28 ، 14 ۔مئی 2020ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 مئی 2020