• 10 اکتوبر, 2024

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام احباب جماعت کے نام

لندن مورخہ 15؍ مئی 2020ء بروز جمعۃ المبارک حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ ارشاد نہیں فرمایا۔ تاہم اس موقعے پر احباب جماعت احمدیہ عالمگیر کے نام ایک پیغام ارشاد فرمایا جسے مکرم  منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس نے ایم ٹی اے کے توسّط سے احبابِ جماعت کے سامنے پیش کیا۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز نے فرمایا:

مجھےافسوس ہے کہ آج میں جمعہ نہیں پڑھا سکوں گا کیونکہ گذشتہ دنوں گھر کے صحن میں چلتے ہوئے میٹ (MAT) سے پاؤں کو ٹھوکر لگنے کی وجہ سے پاؤں پھسلا جس کی وجہ سے پکی جگہ پر گرنے سے ماتھے اور ناک پر کافی چوٹ آئی ہے اس لیے جمعہ پڑھانا مشکل ہے۔ ڈاکٹر کا بھی یہی مشورہ ہے کہ آرام کیا جائے۔ دعا کریں اللہ تعالیٰ شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور اگلے جمعہ کو ان شاء اللہ حاضر ہو سکوں۔

نیز اب رمضان کا آخری عشرہ ہے اس میں جماعت کے لیے بھی بہت دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ جماعت کو ہر شر سے بچائے اور اپنی حفاظت میں رکھے۔ پاکستان میں تو آج کل سیاستدان بھی اورمیڈیا بھی جماعت کی مخالفت میں بہت تیز ہوئے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضرت خاتم الانبیاء محمد رسول اللہﷺ کے نام پر سیاست کھیل رہے ہیں۔ اور احمدیوں کو بہت زیادہ اس بنیاد پر نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ احمدیوں کو اور پوری قوم کو ان کے اس کھیل کے بد اثرات سے محفوظ رکھے۔ بہر حال ان کے ہر حملے کے جواب میں ہمارا کام دعا کرنا اور اللہ تعالیٰ کے آگے جھکنا ہے۔ رمضان کے اس آخری عشرہ میں پہلے سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کے آگے جھکیں اور عاجزانہ دعائیں کریں اور اللہ تعالیٰ سے اس کا رحم اور فضل مانگیں۔ اللہ تعالیٰ ہر احمدی کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اس کے بعد محترم ڈاکٹر شبیر بھٹی صاحب نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی میڈیکل رپورٹ سے احباب جماعت کو مطلع کیا۔

مکرم ڈاکٹر شبیر بھٹی نے فرمایا:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ حضورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو گرنے سے ماتھے اور گھٹنے پر چوٹیں آئی ہیں۔ خدا تعالیٰ کے خاص فضل سے یہ تمام سطحی رہی ہیں۔ اور ماتھے اور باقی اعضاء میں کوئی گہری چوٹ نہیں آئی۔ کچھ سوجن یعنی کہ ورم باقی ہے لیکن وہ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے۔ ان شاء اللہ کامل شفا ہو جائے گی۔ حضور بنا تکلیف کے چل پھر رہے ہیں اور عمومی حالت بہت بہتر ہے۔ الحمد للہ۔ حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ سے عاجزانہ درخواست تھی کہ کچھ دن آرام فرمائیں اور جمعہ بھی نہ پڑھائیں جو حضور نے ازراہِ شفقت منظور فرما لی۔ جزاکم اللہ

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 افریقہ ڈائری نمبر29 ، 15 مئی 2020