• 25 اپریل, 2024

پہلا اردوکیمپ، سال 2021ء

خدا تعالی ٰکے فضل و احسان سے جامعۃ المبشرین گھانا میں نئے چار سالہ کورس کا آغاز ہو چکا ہے۔ نئے چار سالہ کورس کے ابتدائی دو سالوں کی نصابی سر گرمیوں میں طلباء پرانگریزی، اردو اور عربی زبانوں میں مہارت حاصل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دی جا رہی ہے اسی سلسلہ میں رواں سال پہلی مرتبہ تین ہفتوں کے لیے 25جولائی تا 14 اگست درجہ اولیٰ کے لیے اردوکیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا مقصد طلباء کو اردو زبان سے متعارف کروانا تھا تا کہ وہ دوران تعلیم اور میدان عمل میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام و خلفائے کرام کی کتب اور دیگر جماعتی اردو لٹریچر سے بھر پور استفادہ کر سکیں۔

اردوکیمپ کے مطلوب نتائج کے حصول کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے شا ملین میں مکرم مولوی مبشر حسین شاہد صاحب، مکرم مولوی طاہر احمد ظفر صاحب، مکرم مولوی مبشر احمداقبال صاحب اور مکرم مولوی رضوان احمد کوثر صاحب تھے۔

کیمپ کے انعقاد کے لیے مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے جن کی نگرانی کمیٹی ممبرز کے سپرد کی گئی۔ ان شعبہ جات میں نظامت علیا، خوراک،سمعی و بصری، دروس و تقاریر، کھیل، مہمان نوازی، علمی و ورزشی مقابلہ جات،معاون خصوصی،افتتاحی و اختتامی تقاریب اور انعامات کا شعبہ شامل ہیں۔

اردو کیمپ کی نمایاں سرگرمیوں میں صبح ساڑھے سات بجے سے ڈیڑھ بجے تک تدریس تھی جس دوران طلباء کو اردو زبان میں گفتگو کے آداب اور قواعد سے آگاہی دلائی گئی۔ تدریسی اوقات کے دوران ایک پیریڈ اردو گرائمر کی تعلیم کے لیے مختص رہا اور روز مرہ مستعمل اردو زبان سے واقفیت کے لیے طلباء کو اردو زبان میں ویڈیوزبھی دکھائی گئیں۔

روزانہ کی بنیاد پر بعد نماز عصر طلباء کھیل میں شامل ہوتے اور اختتامی دنوں میں طلباء کو دو گروپس رحمٰن اور رحیم میں تقسیم کر کے ورزشی مقابلہ جات بھی کروائےگئے۔ ان میں فٹبال اور والی بال کے میچز بھی ہوئے۔

اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر رات کے کھانے پر مدعو مہمان کے ساتھ طلباء کااردو زبان میں مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا جاتا رہا۔ جس سے طلباء کو روانی سے اردو بول چال کا موقع میسر آیا۔

طلباء روزانہ اسمبلی کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالی کےخطبہ جمعہ کا خلاصہ بزبان اردو پڑھ کر سناتے رہے۔ اور نمازمغرب کے بعد اردو زبان میں درس کا سلسلہ بھی جاری کیا گیا۔اس عرصہ میں آنے والے خطبات جمعہ بھی اردو میں دئے گئے۔

مؤرخہ 12اگست بروز جمعرات اردو کیمپ کی اختتامی تقریب عمل میں لائی گئی جس کی صدارت مکرم پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین نے کی۔ اس تقریب کے دوران کیمپ کی سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کی گئی اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اس تقریب میں جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ اور طلباء شامل ہوئے۔تقریب کے اختتامی کلمات میں مکرم پرنسپل صاحب نے جو خود بھی دوران کیمپ تدریس کے فرائض سرانجام دیتے رہے، خوشنودی کا اظہار کیا اور دعا کروائی۔ اس موقعہ پر خصوصی عشائیہ کا بھی انتظام کی گیا تھا۔

خدا تعالی اپنے فضل سے تمام اساتذہ کو بہترین جزاء دے اور انہیں طلباء کی بہترین ذہنی، روحانی اور جسمانی نشوو نما کی توفیق دے اور طلباء کونورِدین سے منور کرے۔ آمین

(رپورٹ : فہیم احمد خادم نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ