• 4 مئی, 2025

نماز جنازہ حاضر و غائب (مؤرخہ 26؍اکتوبر 2022ء)

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 26؍اکتوبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم حنیف الرحمان سنوری صاحب ابن مکرم حکیم حفیظ الرحمان سنوری صاحب (لندن)

21؍اکتوبر 2022ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ حضرت مولوی قدرت اللہ سنوری صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے تھے۔ مرحوم 1962ء میں یوکے آئے۔ ریٹائر منٹ کے بعد محترم ڈاکٹر ولی شاہ صاحب کے ساتھ شعبہ ضیافت میں خدمت کی توفیق پائی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کیلئے ہر وقت تیارر ہتے۔ مرحوم انتہائی نیک، دین دار، تہجد گزار، نماز روزہ کے پابند، لوگوں کے ساتھ انتہائی پیار اور محبت سے ملنے والے، خوش گفتار اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے بزرگ تھے۔ نہایت خوش الحانی کے ساتھ بلند آواز میں قرآن کریم کی تلاوت کیا کرتے تھے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے دو بیٹے اور ایک بیٹی اور کثیر تعداد میں پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ آپ مکرم صفی الرحمٰن خورشید صاحب (سابق مینجر نصرت آرٹ پریس ربوہ) اور مکرم ولی الرحمٰن سنوری صاحب (سابق کارکن وکالت دیوان ربوہ۔ حال کینیڈا) کے بھائی اور مکرم شجر احمد فاروقی صاحب (یوکے) کے خالہ زاد اور تایا زاد بھائی تھے۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم پی اے سلیم صاحب (معلم سلسلہ۔ کوڈونگا لّور۔ انڈیا)

29؍ستمبر 2022ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کو مباہلہ کے چیلنج کا اشتہار پڑھ کر جماعت کی طرف دلچسپی پیدا ہوئی اور جماعت کے بارہ میں مزید معلومات حاصل کرنے اور اسلامی اصول کی فلاسفی کا مطالعہ کرنے کے بعد آپ نے بلاتاخیر احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے مباہلہ کیرالہ کے نتیجہ میں بیعت کرنے والے جن تین خوش نصیبوں کا ذکر اپنے خطبہ جمعہ 27؍نومبر 1989ء میں فرمایا تھا ان میں آپ بھی شامل تھے۔ بیعت کے شروع کے چند سال آپ صوبائی امیر صاحب کے ساتھ خدمت بجالاتے رہے۔ 1993ء میں فیملی سمیت قادیان آکر جامعۃ المبشرین میں داخل ہوگئے جہاں سے معلم کورس کرنے کے بعدآپ کی پہلی تقرری1995ء میں صوبہ آندھرا پردیش کے علاقے جنگلہ پالم میں ہوئی۔ وہاں آپ کو سخت مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مرحوم نے صوبہ آندھرا پردیش میں 15 سال اور پھر ریٹائرمنٹ تک صوبہ کیرالہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ ان کا کل عرصہ خدمت 27 سال بنتا ہے۔ آپ نے متعدد بیعتیں کروانے کی بھی توفیق پائی۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، تہجد گزار، ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والے، بہت دعا گو، متوکل علی اللہ، صابر وشاکر، ملنسار، مہمان نواز، ایک نیک اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدہ اور اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم محمد صالح صاحب مربی سلسلہ آجکل کوڈونگالّورکیرالہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-2 مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبدالمجید ناصر صاحب (ربوہ)

6؍ستمبر 2022ء کو 76سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ دعا گو، نمازوں کی پابند، چندوں میں باقاعدہ تھیں۔ بہت سے بچوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عبد القیوم ناصر صاحب (مربی سلسلہ) دفتر وقف جدید ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے چارپوتے بھی مربی سلسلہ ہیں جو مختلف جگہوں پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-3 مکرم محمد رفیق اکمل صاحب ابن مکرم چوہدری حفیظ احمد صاحب (شیخوپورہ)

26؍اکتوبر 2021ء کو 63سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے ساری عمر مختلف عہدوں پر کام کیاجن میں معتمد ضلع، قائد ضلع اور زعیم اعلیٰ انصاراللہ خاص طورپر قابل ذکر ہیں۔ وفات سے قبل صدر حلقہ بیت النور اور جنرل سیکرٹری ضلع شیخوپورہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ بڑے مخلص اور محنتی خادم سلسلہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

-4 مکرم محمد عارف چغتائی صاحب ابن مکرم حکیم محمد عیسیٰ چغتائی صاحب (لاہور)

3؍مارچ 2022ء کو67سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مرحوم تقریباً پانچ سال حلقہ رحمان پورہ لاہور میں بطور نائب امین خدمت سرانجام دیتے رہے۔ خلافت سے انتہائی عقیدت اور محبت کا تعلق تھا۔ اپنے بچوں کو بھی خلافت احمدیہ سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے تھے۔ صوم وصلوۃ کے پابند، مہمان نواز،ہمدرد اور اپنے خاندان کی اعلیٰ روایات پر قائم ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔

-5 عزیزم مبارز احمد ابن مکرم ناصر احمد صاحب (نارووال شہر)

6؍ستمبر 2022ء کوسیالکوٹ سے لاہور جانے والی ٹرین کے حادثہ میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ عینی شاہدین کے مطابق پھاٹک کراس کرتے ہوئے ان کا پاؤں ٹرین کی پٹری میں پھنس گیا اور ٹرین کی زد میں آنے کی وجہ سے موقع پر ہی وفات پاگئے۔ مرحوم کے دادا ماسٹر اختر حسین صاحب مرحوم نے لمبا عرصہ امیر حلقہ ظفر وال اور صدر جماعت مالوکے کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کے والد سرکاری سکول میں ٹیچر ہیں۔ مرحوم FSC کے طالب علم تھے۔ سلجھے ہوئے، کم گو اور ہونہار نوجوان تھے۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور دوبہنیں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

دنیا سے بے رغبت اور بےنیاز ہو جاؤ