• 4 مئی, 2025

نماز جنازہ حاضر و غائب (27؍اکتوبر 2022ء)

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 27؍اکتوبر 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ غائب اور ایک نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم چوہدری ناصر احمد کاہلوں صاحب (لندن)

21؍اکتوبر 2022ء کو 87 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت حضرت چوہدری غلام احمد کاہلوں صاحب صحابی حضرت مسیح موعود ؑ کے ذریعہ آئی۔ جوکہ مکرم چوہدری انور احمد کاہلوں صاحب (سابق امیر جماعت انگلستان) کے دادا تھے۔ مرحوم کو جرمنی میں 22سال تک بطور صدر جماعت خدمت کی توفیق ملی۔ گزشتہ 14 سال سے یوکے میں مقیم تھے اور یہاں مقامی سطح پر سیکرٹری مال اور سیکرٹری وصایا کے طورپر خدمت کا موقعہ ملا۔ بڑے دیندار، نماز و روزہ کے پابند، بہت نیک اور فدائی احمدی تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور بہت سے نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحوم مکرم چوہدری مبشر احمد کاہلوں صاحب اور مکرم چوہدری داؤد احمد کاہلوں صاحب (سابق صدر انصار اللہ جرمنی) کے بھائی تھے۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرمہ سیدہ پروین ناہید داؤد صاحبہ اہلیہ مکرم سید محمد داؤد صاحب (کینیڈا)

19؍اکتوبر 2022ء کو 79سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ مکرم سید محی الدین صاحب مرحوم کی بیٹی تھیں جوکہ رانچی (انڈیا) کے ایک مشہور وکیل تھے اور جماعت کے کئی کیسز میں بطور وکیل پیش ہو تے رہے۔ انہوں نے مشہور کشمیر کیس میں شیخ عبد اللہ کی طرف سے نمائندگی بھی کی۔ مرحومہ صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند،بے شمار خوبیوں کی مالک ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ قبولیت دعا پر بے حد یقین تھا۔ آپ کو حج اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ مرحومہ نے نارتھ ناظم آباد کراچی اور سکاربرو کینیڈا میں صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ شعبہ رشہ ناطہ کینیڈا میں بھی رضاکارانہ خدمت بجا لا تی رہیں اور بے شمار بچے، بچیوں کے رشتے کروانے کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ مکرم ڈاکٹر اسلم داؤد صاحب (چیئر مین ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا) کی والدہ تھیں۔

-2 عزیزم اذلان احمد ابن مکرم خالد احمد صاحب (ہالینڈ)

عزیز جھیل میں ڈوبنے کی وجہ سے دوماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد 5؍اکتوبر 2022ء کو 11سال کی عمر میں وفات پاگیا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ بہت پیارا بچہ تھا اور بطور طفل جماعتی اور تنظیمی پروگراموں میں ہمیشہ شامل ہوتا تھا۔

اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

ادارہ الفضل آن لائن تمام مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

دنیا سے بے رغبت اور بےنیاز ہو جاؤ